3

اسلامیات کا سیٹ

نام کتاب : اسلامیات (اول تا پنجم) سیٹ
تصنیف : مولانا عبدالبر اثری فلاحی
ادارت : عبدالغنی سرگروہ
صفحات : اول تا پنجم (سیٹ) ۵۳۲
قیمت : مکمل سیٹ -/۱۴۵ روپے
ناشر : کوکن پبلی کیشنز
ملنے کا پتہ : کوکن پبلی کیشنز، بی ۱۸/۳۰۴، الرضوان، ملت نگر
اندھیری (ویسٹ) ممبئی-۴۰۰۰۵۳
کوکن ایجوکیشن اینڈ ویلفیر ٹرسٹ ممبئی، مدارس اسلامیہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عصری تعلیمی اداروں میں دینی تعلیم و تربیت کا انتظام کرنے والا ایک اہم ادارہ ہے۔ ٹرسٹ کے زیر اہتمام کوکن کے بیشتر ہائی اسکولوں میں تقریباً چار سالوں سے دینی تعلیمی اسکیم کے تحت دینیات بہ حیثیت مضمون داخل نصاب ہے۔ اس تعلق سے ٹرسٹ کے سامنے مشکل امر ایک جامع دینی نصاب کی تیاری کا تھا کیونکہ اب تک دینیات کا کوئی ایسا جامع نصاب نہیں تھا جو جدید تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے عصری اداروں کی ضروریات کو پوری کرتا ہو نیز اس کے ذریعہ اسلامی تاریخ اور تہذیب وثقافت سے واقفیت بھی پیدا ہو۔
جناب عبدالغنی سرگروہ کی ادارت میں مولانا عبدالبر اثری صاحب نے ’’اسلامیات‘‘ کے نام سے ایک سیریز تیار کی ہے جو پانچ حصوں پر مشتمل ہے۔ یہ درجہ پنجم سے درجہ نہم تک کے لیے ہے۔ جس میں حفظ قرآن و حدیث مع ترجمہ، عقائد و ایمانیات، عبادات، اسلامی معاشرت، حقوق و فرائض، محاسن اخلاق، رذائل اخلاق، تاریخ اسلام، سیر رسل، سیرت النبیؐ، سیر اسلاف، تاریخ ہند، حفظ ادعیہ ماثورہ، عقائد و معاشرت سے متعلق جدید موضوعات شامل ہیں۔
دینیات کے اس جامع نصاب کی سب سے پہلی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے تمام مباحث اور اسباق قرآن و سنت کے اصل قالب میں پیش کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو آغاز ہی سے دین کے بنیادی ماخذ و مصدر کا علم ہو اور ہر چیز کو کتاب و سنت کی روشنی میں دیکھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں۔ دوسری اہم چیز یہ ہے کہ سیر رسل، قصص الانبیاء، سیرۃ النبیؐ اور صحابہ و تابعین کی زندگیوں سے متعلق انھیں واقعات و قصص کو جگہ دی گئی ہے جو معتبر و مستند ہیں اور ہر طرح کے رطب و یابس سے اجتناب کیا گیا ہے۔ اس سیٹ کی تیسری اہم خصوصیت یہ نظر آتی ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں اور ضرورتوں کو سامنے رکھتے ہوئے اسباق کو جدید اور عصری اسلوب میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نیز مسائل و مباحث کی تفہیم و تسہیل کے لیے حسب ضرورت عقلی و نقلی دلائل بھی دئے گئے ہیں۔ چوتھی اہم خوبی یہ ہے کہ بچوں کی نفسیات اور دلچسپیوں کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ پانچویں چیز جو اس سیٹ کی جامعیت کا حصہ ہے یہ کہ تمام مضامین و مباحث میں دین کا ایک جامع اور ہمہ گیر تصور پیش کیا گیا ہے۔
اسلامیات کی ان ممیزات و خصوصیات کے ساتھ چند باتیں ایسی بھی ہیں جن پر نظر ثانی کی ضرورت ہے بطور تجویز و مشورہ عرض ہے، عبادات کے اسباق میں امام ابوحنیفہ اور امام شافعی علیہما الرحمہ کے اختلاف مسالک کوجداگانہ بیان کیا گیا ہے اور اس پر مستزاد یہ کہ اسے متن سبق کا حصہ بنادیا گیاہے، جو بچوںکے ذہنِ سادہ میں کشمکش کا ذریعہ ہوسکتا ہے۔ ابتدائی و ثانوی کے نصاب میں اختلافی کو داخل کرنا تعلیمی نفسیات کے خلاف بھی ہے۔
اختلافی مسائل کو نصاب میں اسی وقت جگہ دی جائے جب انتہائی ضروری ہو اور یہاں اس کی چنداں ضرورت نہ تھی۔ بعض اسباق میں زبان کی ثقالت بڑھ گئی ہے اسے بھی سہل کیا جانا چاہیے۔ عملی مشقوں سے متعلق بھی کچھ تجاویز دی جاسکتی ہیں مگر وہ طویل مسئلہ ہے۔
بہرحال اسلامیات کا یہ سیٹ ایک جامع اسلامی نصاب ہے جو خوبصورت، دیدہ زیب گٹ اپ کے ساتھ منظر عام پر آیا ہے۔ قیمت حد درجہ مناسب ہے اور انگلش میں اس کا ترجمہ بھی ہوچکا ہے۔

شیئر کیجیے
Default image
مبصر: ابوالقاسم اصلاحی