4

چہرے اور بالوں کی حفاظت

بالوں کو گرنے سے روکنے کے لیے چند احتیاطی تدبیرو نسخے حاضر ہیں:

٭ آ پ کو چاہیے کہ بلیچنگ اور پرمنگ ترک کردیں ، لیموں کے عرق کی سر پر مالش کرنے سے بال گرنا رک جاتے ہیں۔

٭ ارنڈی کا تیل اور آئیوڈین چار دن کے وقفے سے ترتیب بدل کر لگاتی رہیں، یہ بھی بالوں کے گرنے کو روکتا ہے۔

اس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے اور تیسرے روز توآپ سفید آئیوڈین لگائیں اور دوسرے اور چوتھے روز ارنڈی کا تیل استعمال کریں۔ تیل کی مالش کرنے کے بعد سر کو خوب گرم تولیے میں لپیٹ لیں اور پندرہ منٹ تک تولیہ بدلتی رہیں۔ اس علاج کا آپ کی جلد پر فوری اثر ہوگا اور گرتے ہوئے بال رک جائیں گے۔

بالوں کو صحت مند رکھئے

٭ دودھ اس سلسلے میں بے ضرر سٹینگ لوشن ہے آپ بال دھونے کے بعد گیلے بالوں پر تھوڑا سا چھڑک لیجیے اور پھر آپ اپنی مرضی سے بال سنوار لیجیے۔

٭ خشک بالوں کے لیے بالائی دار دودھ بہتر ہے جبکہ چکنے بالوں کے لیے بغیر بالائی کا دودھ۔

٭ لیموں کا عرق ہلکے سے بلیچنگ ایجنٹ کا کام کرتا ہے۔ بالوں کی کچھ چکنائی دور کرتا ہے۔

٭ بالوں میں انڈا لگانے سے ان میں چمک پیدا ہوتی ہے۔ انڈا بالوں کو جسامت بھی بخشتا ہے۔ انڈے کی زردی میں گندھک ملا کر لگانا بالوں کی صحت کے لیے مفید ہے۔

٭ بالوں کے لیے ناریل یا زیتون کا تیل بہترین کنڈیشنر ہے۔ اس سے سر کے بال نرم، ملائم اور چمک دار ہوجاتے ہیں۔ اور انہیں سنوارنے کے لیے قابو میں لانا آسان ہوجاتا ہے۔

ماسک

چہرے کی چمک دمک اور اسے تازگی بخشنے کے لیے چہرے پر ماسک بہترین عمل ہے۔ ماسک کئی قسم کا ہوتا ہے۔ اس سے آپ کے چہرے کی جلد میں تازگی لچک اور چمک پیدا ہوگی۔ ذیل میں کچھ ماسک بنانے کی ترکیب درج کرتے ہیں جو آپ خود بناسکتی ہیں۔

مولی کا ماسک: مولی کا بیج پاریک پیس کر کھٹے دہی میں ملا کر چہرے پر لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو ڈالیں۔

بیسن کا ماسک: بیسن میں مولی کا رس ملا کر چہرے پر لیپ کریں۔ سوکھنے پر نیم گرم پانی سے چہرہ صاف کرلیں۔

کھیرے کا ماسک: ایک عدد کھیرا پیس کر باریک کرلیں اور اپنے چہرے پر اس کا ماسک کریں۔ کھیرا پیس کر نچوڑ لیں اور اس کا رس نکال لیں۔

کھیرا جلد خراب ہوجاتا ہے اس لیے اس سے تیار کردہ ہر نسخہ فریج میں رکھیں۔ جب آنکھیں تھکاوٹ محسوس کریں تو کھیرے کو گول گول کاٹ کر آنکھوں پر لگائیں۔ پندرہ منٹ کے استعمال سے آپ تازگی اور سکون محسوس کریں گی۔

انڈے کا ماسک: انڈے کی سفیدی اچھی طرح پھنیٹ کر چہرے پر ماسک کے طور پر لگائیں۔ چکنی جلد کے لیے یہ بہترین ماسک ہے۔ یہ چہرے کے مسام ٹھیک کرکے جلد کو ملائم ، نرم اور اس کی قدرتی چمک کو بحال رکھتا ہے۔ اسے مزید بہتر بنانے کے لیے آدھے لیموں کا عرق انڈے میں ملا لیں۔

انڈے کی زردی میں ایک چمچہ کسی سبزی کا تیل ملا لیں۔ اچھی طرح پھینٹ کر اس کا چہرے پر ماسک لگائیں۔ آپ جلد کو بہتر اور نرم و ملائم محسوس کریں گی۔ اسے بہتر بنانے کے لیے شہد کا ایک چمچہ شامل کرلیں۔

شہد کا ماسک: خشک جلد کے لیے بہترین ماسک ہے۔ اسے کسی پیالی میں دو چمچے چائے کا لے کر اچھی طرح پھینٹ کر چہرے پر لگائیں۔ چکنی جلد کے لیے اس میں چکی کا آٹا ملالیں۔

چکی کا آٹا حسبِ ضرورت لے کر اسے پانی دودھ یا شہد میں ملا کر چہرے پر ماسک کریں۔ اس سے چہرے کی جلد صاف شفاف اور ملائم ہوجائے گی۔

آلو کا ماسک: آلو کا ماسک چکنی جلد کے لیے بہترین ہے۔ آلو ابال کر اسے باریک پیس کر دودھ میں حل کرلیں اور چہرے پر لگائیں۔ آلو کاٹ کر آنکھوں پر لگانے سے اس کی سوجن جاتی رہتی ہے۔

گریپ فروٹ ماسک: گریپ فروٹ کے چھلکے کے زرد حصوں کو باریک پیس کر جو کے آٹے اور دہی میں ملا کر چہرے پر لیپ کریں۔ بیس منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو ڈالیے۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ضرور لگائیں۔ اس ماسک کو ہفتے میں دو مرتبہ استعمال کریں۔

شیئر کیجیے
Default image
ماخوذ

تبصرہ کیجیے