4

حجاب کا تبصرہ

نام کتاب : قانونی رہنمائی سیریز

اجزاء : ۴

مصنف : پی۔ڈی۔میتھیو

ناشر : گلوبل میڈیا پبلی کیشنز، جے/۵۱(اے) ابوالفضل انکلیو

جامعہ نگر، نئی دہلی -۱۱۰۰۲۵

زیر نظر کتاب چار اجزاء پر مشتمل ہے جو درج ذیل ناموں سے شائع کی گئی ہے۔

۱- مسلم اداروں کے لیے قانونی رہنمائی

۲- ایف آئی آر اورمتعلقہ قوانین

۳- پولیس- اختیارات اور حدود

۴- گرفتار کیے جانے پر آپ کے حقوق۔

پہلی کتاب کے مرتب سید عبیدالرحمن ہیں۔ اس کتاب میں اقلیتی اداروں کو ضروری قانونی رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ اور رجسٹریشن، آڈٹنگ، قانونی شناخت اور FCRAوغیرہ جیسے ان اہم مسائل پر رہنمائی کی گئی ہے جس کو عام طور پر لوگ نہیں جانتے اور پریشانیوں سے دوچار ہوتے ہیں۔ جبکہ بعد کی تینوں کتابوں میں پولیس کے حدود و اختیار اور عام شہری سے متعلق ضروری قانونی رہنمائی کی گئی ہے۔

ایسے حالات میں جبکہ ہندوستانی پولیس شترِ بے مہار بنتی جارہی ہے، اس سریز کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے۔ مذکورہ قانونی رہنمائی سیریز اس حیثیت سے بھی منفرد ہے کہ اس طرح کی کوئی رہنمائی اب تک اردو زبان میں موجود نہیں تھی جس سے عام اردو داں طبقہ فائدہ اٹھاتا۔ گلوبل میڈیا نے اس سیریز کو شائع کرکے اردو داں طبقہ کی اہم ضرورت کو پورا کردیا ہے۔

مذکورہ سیریز میں سے آخر کی تین کتابوں کے مصنف بی ڈی میتھیو ہیں جو عیسائیوں کے معروف تحقیقی ادارے انڈین سوشل انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی سے وابستہ ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ نے ہی دراصل ان کتابوں کو سب سے پہلے انگریزی زبان میں شائع کیا تھا۔ مذکورہ ادارہ نے گلوبل میڈیا پبلی کیشنز اردو میں شائع کرنے کی اجازت دے دی اور پھر اس نے ترجمہ کراکر اسے اردو میں شائع کردیا۔

قانونی رہنمائی سیریز کے ہر کتابچے کی قیمت ۴۰ روپے ہے۔ اور صفحات کی اوسط تعاد ۴۰-۵۰ ہے۔ کتابوں کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ قیمت کافی زیادہ ہے۔ مگر اہمیت اور ضرورت کو دیکھتے ہوئے اس پوری سیریز کا ہر اردو داں گھر میں ہونا ضروری معلوم ہوتا ہے۔

٭٭٭

نام کتاب : قرآن اور منافقین کا کردار

مصنف : فاطمۃ الزہراء فلاحی

ناشر : اسلامک بک سینٹر، ۱۷۹۰، کلاں محل، دریا گنج، دہلی-۲

صفحات : ۱۰۴

قیمت : ۵۰ روپے

مذکورہ کتاب نو عمر طالبہ فاطمۃ الزہراء کا وہ مقالہ ہے جسے انھوں نے جامعۃ الفلاح میں فضیلت کی سند حاصل کرنے کے لیے مولانا افتخار الحسن ندوی صاحب کی نگرانی میں پیش کیا تھا۔ یہ مقالہ اب کتابی شکل میں ڈاکٹر فریدہ خانم ریڈر شعبۂ اسلامک اسٹڈیز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مقدمے اور ڈاکٹر فرحانہ طیب صدیقی ریڈر شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تعارف نامے کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔

کتاب کے ٹائٹل اور گیٹ اپ کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اسے بڑے اہتمام کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اور حقیقت میں یہ مقالہ جو اب کتاب کی شکل میں قارئین کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے اس حیثیت سے اہم ہے کہ اس میں منافقین کے اس کردار کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے جو دور اول میں انھوں نے اسلام کے خلاف ادا کیا۔ ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اس کی بنیادیں قرآنی آیات سے ماخوذ ہیں۔ اس کتاب میں منافقین کے اخلاقی معائب اور ان نقصانات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے جو اس وقت کے معاشرہ پر اس مرض نفاق کی وجہ سے مرتب ہوسکتے تھے اور منافقین ان کو پھیلانا چاہتے تھے۔

مختصر وقت میں نفاق کی حقیقت اور ذاتی، معاشرتی اور سماجی زندگی پر اس کے اثرات کو جاننے کے لیے اس کتاب کا مطالعہ مفید رہے گا۔

مبصر: خالد وحید

(تبصرہ کے لیے ہر کتاب کے دو نسخے بھیجنا ضروری ہیں۔ ادارہ)

شیئر کیجیے
Default image
ماخوذ

تبصرہ کیجیے