2

گوشت کے مزیدار پکوان

گوشت سے طبیعت تو سیر ہوگئی ہوگی، لیکن اگر گوشت کے مزے دار پکوان دیکھ کر کھانے کا جی ضرور چاہے گا۔ ابھی تو قربانی کا گوشت بھی محفوظ کرنا ہے۔ آئیے اس ہفتے گوشت کے مزید پکوان بناتے ہیں۔ یہ پکانے میں آسان اور کھانے میں مزیدار ہیں۔

قورمہ

اشیا: گوشت آدھا کلو، گھی حسب منشاء، لہسن، ادرک پسا ہوا چائے کا ایک ایک چمچہ، پیاز ایک پاؤ، دھنیا خشک پسا ہوا کھانے کے آٹھ چمچے، نمک حسب ذائقہ، ہلدی ایک چٹکی، سرخ مرچ حسب منشاء، کالی مرچ چھ سات عدد، لونگ چار پانچ عدد، بڑی الائچی تین چار عدد دہی ایک پاؤ۔

ترکیب: دہی پھینٹ لیں۔ پیاز باریک لچھے دار کاٹ کر گرم گھی میں تل لیں۔ پیاز سنہری ہوجائے تو تمام مسالے ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔ اب اس میں گوشت ڈال کر درمیانی آنچ پر بھونیں۔ دہی ڈال کر مزید بھونیں، دہی کا پانی خشک ہوجائے اور قورمہ گھی چھوڑ دے تو اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت گل جائے۔ آخر میں کالی مرچ، لونگ اور الائچی ڈال کر چند منٹ دم پر رکھ دیں۔ قورمہ تیار ہوگیا، گرم گرم نان یا چپاتی سے کھائیں۔

کڑھائی گوشت

اشیا: گوشت آدھا کلو، پیاز ایک پاؤ، ٹماٹر ایک پاؤ، گھی حسب منشاء، دہی آدھا پاؤ، نمک، سرخ مرچ پسی ہوئی حسب ذائقہ، لہسن چھ جوے۔

ترکیب: گوشت دھو کر کڑھائی میں ڈال دیں۔ پیاز باریک کاٹ لیں۔ سب مسالے پیس لیں۔ گوشت میں پیاز پسے ہوئے مسالے اور ایک پیالی پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔ پانی خشک ہونے لگے تو ٹماٹر کاٹ کر اور دہی پھینٹ کر ڈال دیں۔ آنچ ہلکی کردیں۔ گوشت نیم گل جائے تو چند منٹ بھون کر چولہا بند کردیں۔ اگر آپ گوشت مکمل گلانا چاہیں تو معمولی پانی ڈال کر چند منٹ بھون لیں۔

مغلئی چانپ

اشیا: چانپ آدھا کلو، آلو دو عدد، ادرک دو انچ کا ٹکڑا، لہسن چھ جوئے، ہلدی چائے کا آدھا چمچہ، سرخ مرچ اور نمک حسب ذائقہ سرکہ چائے کے دو چمچے، پیاز دو عدد، گھی حسب منشاء۔

ترکیب: آلو ادھ کچا ابال لیں۔ سب مسالے پیس لیں۔ پیاز باریک کاٹ لیں، پسے ہوئے مسالے میں سرکہ ملا کر چانپوں پر اچھی طرح سے لگائیں۔ کانٹے سے گود لیں تاکہ مسالا رچ جائے۔ دو گھنٹے کے لیے مسالا لگے چانپ رکھ دیں۔ فرائی پین میں گھی گرم کریں، اس میں چانپیں ڈال کر بھونیں، جب سرخ ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔ آلو کے گول پتلے ٹکڑے کاٹ کر گھی میں سنہری تل لیں۔ کٹی ہوئی پیاز بھی تیز سنہری تل لیں۔ اب آلو اور پیاز چانپوں میں ڈال کر چند منٹ دم پر رکھ دیں۔ ٹماٹر ساس کے ساتھ کھائیں یا چٹنی کے ساتھ۔

پسندے

اشیا: گوشت بغیر ہڈی کا آدھا کلو، سرکہ چائے کے دو چمچے، دہی ایک پاؤ، پیاز ایک عدد، لہسن آٹھ جوے پسے ہوئے ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، لونگ چھ عدد، دار چینی ایک ٹکڑا ،بڑی الائچی دو عدد، نمک، سرخ مرچ پسی ہوئی حسب منشا، گھی حسب منشا۔

ترکیب: پیاز اور ادرک باریک کاٹ کر گرم گھی میں سرخ کرلیں۔ تلی ہوئی پیاز میں گوشت، لہسن اور ادرک ڈال کر درمیانی آنچ پر بھون لیں۔ گوشت سرخ ہوجائے تو تمام مسالے ڈال کر اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت گل جائے۔ دھیمی آنچ پر پکائیں۔ سرکہ ڈال کر چند منٹ دم پر رکھ دیں۔

ماش کی دال کی کڑھی

اشیا: ماش کی دال ایک پیالی (بھگوکر رکھیں)، دہی ۲۰۰ گرام، ہلدی ایک چمچہ، پسا ہوا لہسن ایک چمچہ، رائی اور زیرہ ایک چمچہ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) ایک چمچہ، کڑی پتہ پانچ عدد، تیل ایک چمچہ۔ نمک حسب ضرورت، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) سجانے کے لیے۔

ترکیب: ماش کی دال کو مکسر میں باریک پیس لیں۔ ایک برتن میں دہی اچھی طرح پھینٹ کر اس میں پسی ہوئی دال، ہلدی اور نمک ملا کر حسب ضرورت پانی ڈائیں اور چولہے پر رکھ دیں۔ ساتھ ہی چمچہ کی مدد سے ہلاتے رہیں۔ جوش میں آنے پر دیکھیں کہ کڑھی اگر زیادہ گاڑھی نہ ہو تو حسب ضرورت پانی ڈالیں۔ جب کڑھی کو دو یا تین جوش آجائے تو چولہا بند کردیں۔ اب فرائی پین میں تیل ڈال کر رائی، زیرہ، ہری مرچ اور کڑی پتہ کو گرم کرکے کڑھی پر ڈالیں۔ ہرا دھنیا باریک کاٹ کر کڑھی کو سجائیں۔ سردی کے موسم میں یہ کڑھی زیادہ صحت بخش ہوتی ہے۔

ناریل کی کڑھی

اشیا: دہی ۲۵۰ گرام، ناریل ایک درمیانی سائز کا، ہلدی ایک چمچہ، باریک کٹا ہوا لہسن ایک چمچہ، زیرہ اور رائی ایک چمچہ، ہری مرچ دو عدد باریک کٹی ہوئی، کڑی پتہ چار یا پانچ عدد، تیل یا گھی ایک چمچہ، (بگھارنے کے لیے)۔

پکوڑے تیار کرنے کے لیے: بیسن ۲۰۰ گرام، کٹی ہوئی پیاز دو عدد، ادرک اور لہسن کا پیسٹ ایک چمچہ، ہلدی ایک چمچہ، لال مرچ پاؤڈر ایک چمچہ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چمچہ، کھانے کا سوڈا چٹکی بھر۔ نمک حسب ذائقہ۔ باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا اور تلنے کے لیے حسب ضرورت تیل۔

ترکیب: ناریل کو پیس کر اس کا دودھ نکال لیں۔ ایک برتن میں دہی کو اچھی طرح پھینٹ کر اس میں ایک چمچہ بیسن، ہلدی اور ناریل کا دودھ ڈال کر چولہے پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب یہ اچھی طرح پک جائے تو چولہا بند کردیں۔ ایک دوسرے برتن میں تیل یا گھی ڈال کر باریک کما ہوا لہسن، رائی، زیرہ، کٹی ہوئی ہری مرچ اور کڑی پتہ لال کرکے کڑھی میں ڈال دیں۔

پکوڑوں کی تیاری کے لیے بقیہ بیسن میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، پیاز، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، گرم مسالہ، کھانے کا سوڈا وغیرہ اشیا ملا کر گھول کر تیار کریں۔ ایک کڑھائی میں تیل گرم کرکے پکوڑے تل لیں۔ اب تلے ہوئے پکوڑوں کو کڑھی میں ڈالیں۔ نہایت ہی لذیذ کڑھی تیار ہے نوش فرمائیں۔

مچھلی کڑھی

اشیا: مچھلی ایک سیر (ٹکڑے کرلیں)۔ پیاز دو عدد، گڑ دو چمچہ، سفید زیرہ ایک چمچہ، دھنیا دو چمچہ، ہلدی آدھا چمچہ، لہسن سترہ جوئے، ناریل نصف ٹکڑا، ہرا دھنیا دو گڈی، (لہسن ناریل اور دھنیا باریک پیس لیں)، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چمچہ، ہری مرچ حسب ذائقہ، املی تھوڑی سی ایک پیالی پانی میں بھگوکر رس نکال دیں۔

ترکیب: ایک دیگچی میں گھی ڈال کر پیاز تل لیجیے۔ پھر تمام پسے ہوئے مسالہ، ہری مرچ اور نمک ڈال دیں۔ پانی کا چھینٹا دے کر بھونیں۔ اس کے بعد مچھلی کے ٹکڑے بھی ڈال دیں اور چند منٹ تک تلیں۔ گرم مسالہ، املی کا رس اور گڑ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اگر کڑھی زیادہ مقدار میں تیار کرنی ہو تو ایک پیالی گرم پانی ڈال دیں۔ پک جانے پر اتار لیں۔

ہڈیوں اور سبزیوں کا سوپ

اشیا:مرغی یا بکری کی ہڈیاں حسب ضرورت، ٹماٹر دو عدد، ادرک دو انچ کا ٹکڑا، ہلدی ایک انچ کا ٹکڑا، تازہ سبزیاں حسب ضرورت، کالی مرچ چائے کا ایک چمچہ، لونگ چار عدد، کالانمک ایک چٹکی۔

ترکیب: ہڈیاں دو پیالی پانی میں ہلکی آنچ پر آدھا گھنٹہ پکائیں۔ اب دو پیالی پانی میں مزید ڈال کر سبزیاں اور تمام چیزیں شامل کرکے دھیمی آنچ پر پکائیں۔ ایک پیالی پانی رہ جائے تو چولہا بند کردیں۔ گرم گرم پئیں۔ سردیوں میں یہ سوپ گلے کے لیے بہت مفید ہے۔

مشروم سوپ

اشیا: مشروم دو پیالی، سبزی یا مرغی کی یخنی ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ، لہسن پسا ہوا چائے کا ایک چمچہ، پیاز ایک عدد باریک کٹی ہوئی، کالی مرچ حسب منشاء کریم اور مکھن چائے کے دو دو چمچے۔

ترکیب: تیل گرم کرکے پیاز اور لہسن سنہری تل لیں۔ اب اس میں مشروم اور یخنی نمک ڈال کر پکائیں۔ بعد ازاں اسے پیس کر دوبارہ دیگچی میں ڈالیں اور اس میں یخنی ڈال کر چند منٹ پکائیں۔ ابال آنے پر نمک اور کالی مرچ ڈال کر دھیمی آنچ پر پانچ منٹ پکائیں۔ چولہا بند کرکے مکھن اور کریم شامل کردیں۔ گرم گرم سوپ پئیں۔

دال اور سبزی کا سوپ

اشیا: بند گوبھی کٹی ہوئی آدھی پیالی، لوکی، شملہ مرچ، گاجر اور مٹر آدھی پیالی برابر کی تعداد، مسور کی دال اور مونگ کی دال کھانے کے دو چمچے، لیموں کا رس چائے کے تین چمچے، نمک حسب ذائقہ، کالی مرچ حسب منشا، پالک باریک کٹا ہوا معمولی سا پانچ پانچ سو گرام۔

ترکیب: پانی میں تمام چیزیں ڈال کر پکائیں۔ گل جائیں تو چھان لیں۔ اب لیموں کا رس، نمک، کالی مرچ اور پالک ڈال کر چند منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں۔ سوپ تیار ہے۔

چکن کارن سوپ

اشیا: مرغی کی یخنی بارہ پیالی،انڈے چار عدد، مرغی کے چھوٹے چھوٹے ریشے ابلے ہوئے آدھی پیالی، مکئی کے دانے ایک پیالی، کارن فلور آدھی پیالی، اجینو موتو ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، شکر چائے کا ایک چمچہ، انڈے دو عدد۔

ترکیب: مکئی کے دانے رات بھر بھگوئیں۔ انہیں ابال کر کوٹ لیں۔ یخنی میں مرغی اور مکئی کے دانے ڈال کر چند منٹ پکائیں۔ اس میں اجینو موتو اور شکر ملا دیں۔ کارن فلور گھول کر ڈال دیں۔ ابال آجائے تو انڈے پھینٹ کر آہستہ آہستہ ڈالیں۔ جب یہ آمیزہ گاڑھا ہونے لگے تو چولہا بند کردیں۔ سوپ تیار ہے۔ چلی ساس اور سر کے میں ہری مرچ کاٹ کر ڈالیں اور سوپ کے ساتھ پیش کریں۔

شیئر کیجیے
Default image
Jamil Sarwer

تبصرہ کیجیے