غصہ

غصہ:اسباب، نقصانات، بچنے کی تدبیریں

غصہ ایک ایسی نفسیاتی کیفیت ہے جو انسان میں اس کے مزاج کے خلاف بات یا کام سے طاری ہوتی ہے۔ یہ ایک ہذیانی کیفیت ہے جو اس قدر تیزی سے پیدا ہوتی ہے کہ بدنِ انسانی کا تمام نظام درہم برہم ہوجاتا ہے، خاص طور پر نظامِ اعصاب اور نظامِ ہضم زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بدن میں ایسے کیمیائی اجزا کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو کسی شدید حملے کی صورت میں بدن اپنے بچائو کے لیے پیدا کرتا ہے، جس کے نتیجے میں دیگر علامات پیدا ہوجاتی ہیں۔

اسباب

غصے کے چند اہم اسباب درج ذیل ہیں:

1۔نیند کا پورا نہ ہونا

2۔کسی کام میں ناکامی

3۔معاشی تنگی

4۔تنائو بھری زندگی

5۔لگاتار طویل بیماری

6۔ مایوسی یا ناامیدی،

7۔ شور زدہ ماحول۔

بعض اوقات انسان چھوٹی چھوٹی باتوں کو اپنی انا کا مسئلہ بنا لیتا ہے اور ذرا ذرا سی بات پر لڑنے مرنے اور گالی گلوچ پر اتر آتا ہے۔ غصے کی کیفیت سے باہر آنے پر تھکاوٹ ہوجاتی ہے اور بدن ٹوٹتا یا جوڑوں میں درد محسوس ہوتا ہے۔

غصہ ایک فطری، نفسیاتی کیفیت ہے، لیکن جب یہ بار بار ہوتی ہے تو اس سلسلے میں پیدا ہونے والے کیمیائی اجزا کی مقدار بدن میں بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں قلب کی حرکت اور بلڈ پریشر بڑھ جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ دوسرے امراض بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔

غصے سے ہضم و جذب کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے اور ذیابیطس بھی ہوسکتی ہے۔ غصے پر تحقیقات کرنے والوں کے مطابق غصہ مندرجہ ذیل امراض کا باعث بن سکتا ہے۔

٭معدے کے زخم کی شکایت ہوجاتی ہے۔

٭خون میں کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

٭صفراوی مزاج والوں میں غصہ یرقان پیدا کرسکتا ہے۔

٭خون کی نالیوں میں رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے اور وہ سکڑ کر کئی دیگر امراض بھی پیدا کرسکتی ہیں۔

٭دل کے امراض پیدا ہوسکتے ہیں۔

٭غصے سے آنتوں پر بھی برا اثر پڑتا ہے۔

٭قوتِ مدافعت کم ہوجاتی ہے۔

٭غصہ جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔

٭غصہ حملہ قلب کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

٭اس سے سر کا درد بڑھ جاتا ہے۔

٭غصہ نظام اعصاب کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

٭غصہ زیادہ کرنے سے انسان یادداشت کھو سکتا ہے۔

٭غصے سے فالج کا خطرہ بھی رہتا ہے۔

٭غصہ غور و فکر کی صلاحیت کو کم کردیتا ہے۔

بچنے کی تدبیریں

غصے کو دورکرنے کے لیے درج ذیل طریقے اختیار کرنے چاہئیں:

۱- ماحول میں تبدیلی پیدا کریں، یعنی اشتعال پیدا کرنے والے ایسے حالات سے مریض کو دور رکھنے کی کوشش کریں جو اس کی طبیعت کے خلاف ہوں۔ گھریلو کشیدگی اگر اس کا باعث ہو تو گھر والوں کو سمجھائیں اور مریض کو دوستانہ ماحول فراہم کریں۔

۲- مریض کی سوچ اور عادات میں تبدیلی پیدا کریں۔ غصے کے مریض کو سمجھایا جائے کہ وہ اکیلے بیٹھ کر اپنی منفی سوچوں کو مثبت سوچوں میں تبدیل کرنے کی کوشش کرے۔ اگر وہ احساسِ برتری کا شکار ہے تو اسے دوسرے لوگوں کو کمتر سمجھنے سے احتراز برتنا ہوگا۔ عموماً اعلیٰ عہدوں پر فائز بعض ایسے افراد دفتر کے علاوہ گھر اور روزمرہ معاملات میں احساسِ برتری کا شکار ہوتے ہیں اور طبیعت کے خلاف عمل یا قول پر فوراً غصے میں آ جاتے ہیں۔

۳-مریض کے جسم کو تسکین اور ٹھنڈک پہنچانے والی ادویہ کھلائیں۔

۴-مریض کے نظام ہضم، خصوصاً جگر کے کام کرنے کی صلاحیت پر توجہ دیں۔

غصے کا علاج

امریکہ میں ایک حالیہ تحقیق سے یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ غصے کی حالت میں ایک گلاس لیموں کے شربت میں ایک چمچہ چینی ملا کر پینے سے انتہائی کم وقت میں طبیعت کی اشتعال انگیزی دور ہوجاتی ہے۔ تحقیق کاروں کے مطابق چینی ملا شربت خون میں فوراً شامل ہوکر دماغ کو توانائی پہنچاتا ہے، کیوں کہ غصے کی حالت، مزاج کی برہمی یا اشتعال کی صورت میں خون میں شامل گلوکوز میں کمی ہوجاتی ہے، جس سے دماغ کو توانائی نہیں ملتی۔

تحقیق کے معاون سربراہ اور اوہائیو اسٹیٹ یونی ورسٹی میں شعبہ ابلاغیات و نفسیات کے پروفیسر بریڈ بشمین کا کہنا ہے کہ غصے یا اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہیے اور ہر فرد کو اپنے مزاج پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ گلوکوز آپ کے دماغ کو زیادہ توانائی فراہم کرسکے۔

ایک حدیثِ پاک کا مفہوم ہے کہ غصہ آجائے تو بیٹھ جائیے۔ اگر زیادہ غصہ آجائے تو لیٹ جائیے۔

ماہرینِ طب کا کہنا ہے کہ غصے میں خاص قسم کے ہارمون پیدا ہوتے ہیں، جو انسانی افعال میں تبدیلی لاتے ہیں اور ان پر قابو پانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور دماغ کے اہم حصے کا کام سرانجام دیتے ہیں۔

غصے کی حالت میں بیٹھ جانے یا لیٹ جانے سے دل کی دھڑکن میں کمی آجاتی ہے۔ بلڈ پریشر نارمل ہوجاتا ہے۔ بلاشبہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان سچے ہیں، جن کی تائید آج جدید طبی سائنس بھی کررہی ہے۔

٭ پانی پی لیں، غصہ آگ ہے اورآگ کو بجھانے کے لیے پانی کافی ہے۔ ٭ وضو کرلیں، وضو اندرونی آگ کو خودبخود بجھا دے گا۔

٭ تعوذ پڑھیں، جب شیطان سے اللہ کی پناہ مانگیں تو غصہ خودبخود ختم ہوجائے گا۔

شیئر کیجیے
Default image
حکیم قاضی ایم، اے خالد

Leave a Reply