اولاد نافرمان کیوں…؟

بہت سے لوگ ایک بہت بڑا شکوہ لیے ہوئے پریشان ہیں، اپنی اولاد کا شکوہ کہ نافرمان ہیں، ہمارا کہنا نہیں مانتے۔ مہربانی فرما کر اس کا علاج تجویز کیا جائے، کوئی ذکر بتا دیں۔

کیا ایسا ممکن ہے کہ ذکر بتا دینے سے اولاد فرماں بردار ہو جائے…؟

کیا یہ ممکن ہے…؟

کیا یہ اللہ کے سسٹم کا حصہ ہے…؟

ہرگز نہیں ہے۔ دھوکا دیا جا سکتا ہے اس طرح، علاج نہیں ہو سکتا۔ کیوںکہ اس کا علاج اس بندے کے اپنے پاس ہوتا ہے جو یہ ڈیمانڈ لے کر آتا ہے۔

پہلے نمبر پر وہ یہ دیکھے کہ میں نے اولاد کو پالا کس طرح ہے؟

تربیت کیسی دی ہے؟

موسیقی کی اجازت تو نہیں دی؟

فلمیں اور گانے سننے دیکھنے کی اولاد کو چھوٹ دی یا قرآن سیکھنے سمجھنے پر بھی مجبور کیا؟

نماز نہ پڑھنے پر ڈانٹا یا نرمی کرتے رہے؟

اس کے دوستوں اور اس کی تنہائی پر نظر رکھی؟

کس دولت پر اس کو پروان چڑھایا ہے؟

کیا اس میں استیصال کا پیسہ ہے؟

کیا اس میں حرام کا پیسہ ہے؟ لوٹ مار کا پیسہ ہے؟ رشوت کا پیسہ ہے؟ دو نمبر کاروبار کا پیسہ ہے۔۔۔؟

پہلے اِس کو کھوجے گا، وہ اپنی آمدنی کو تلاش کرے گا۔ اگر وہ واقعی چاہتا ہے کہ اس کی اولاد فرماں بردار ہو۔

دوسری بات وہ یہ سوچے کہ اس کا اپنا رویہ والدین سے کیا رہا ہے…؟

اس نے والدین سے کیسا سلوک اختیار کیا؟

کیا ان کی فرماں برداری کرتا رہا، یا بے ادبی کرتا رہا؟

میں ان سے یہ کہتا ہوں کہ اگر آپ کے والدین زندہ ہیں توآج سے ان کی فرماں برداری شروع کردیں۔ اور اگر آپ کے والدین گزر گئے ہیں تو ان کے لیے مغفرت کی دعائیں کریں، کثرت کے ساتھ…

آپ کا ان (والدین) کے پیچھے رہ جانے والوں سے اچھا سلوک ان کی مغفرت کا باعث بنتا ہے۔ جو یہ چاہے کے میری اولاد فرماں بردار ہو جائے تو اگر والدین زندہ ہیں تو ان کی فرماں برداری ٹوٹ کر کرے، اور اگر وہ دنیا سے گزر گئے ہیں تو ان کے لیے اللہ سے بخشش اور مغفرت طلب کرے…

اور جو تیسری سب سے اہم بات ہے، جو میں لوگوں کو بطورِ فارمولا کہتا ہوں کہ جس خالق نے آپ کو پیدا کیا ہے، آپ اس کے کتنے فرمان بردار ہیں؟ اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ آپ کے بطن سے نکلے ہوئے بچے، جن کے آپ خالق نہیں ہیں، بلکہ ایک ذریعہ ہیں، ایک Source ہیں، وہ آپ کے فرماں بردار ہوں جائیں، تو جس نے آپ کو پیدا کیا ہے وہ بھی چاہتا ہے کہ آپ اس کے فرمانبردار ہو جائیں۔ آپ اپنی فرماں برداری پروردگار کے لیے بڑھا دیں تاکہ آپ کی اولاد آپ کی فرماں بردار ہو جائے اور زندگی کا صحیح سکون اور راحت آپ کو نصیب ہو۔

یہ بہت بڑا المیہ ہے ہمارا… اس کے ہاتھوں بڑے بڑے صاحبِ حیثیت لوگ بھی پریشان ہیں، لیکن اس کا فارمولا وہی ہے جو اوپر بتا دیا گیا ہے۔ کیوںکہ آپ کی اولاد کو صرف اللہ ہی فرماں بردار بنا سکتا ہے، کوئی اور کوئی نہیں بنا سکتا۔lll

شیئر کیجیے
Default image
عبد الکریم شیخ

Leave a Reply