اداریہ۔گوشۂ نوبہار

پیاری بہنو!

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

آپ تمام کو نیا اسلامی سال ۱۴۲۹ ہجری مبارک ہو۔ عام طور پر لوگ ۱؍جنوری کو نئے سال کی مبارک باد ایک دوسرے کو دیتے نظر آتے ہیں۔ ان میں مسلم غیر مسلم سبھی شامل ہوتے ہیں۔ لیکن اگر مسلمان لوگوں سے کبھی پوچھ لیا جائے کہ سن ہجری کب شروع ہوتا ہے تو شاید انہیں معلوم نہ ہو۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ ہم لوگ اسلامی کلچر اور تہذیب کو دھیرے دھیرے بھول رہے ہیں۔ ہے نا افسوس کی بات۔ ہم سب مسلمان ہیں اور مسلمانوں کا کلنڈر سن ہجری ہے جو ۱؍محرم الحرام سے شروع ہوتا ہے۔ محرم کا مہینہ تعزیوں اور شہادت حسین کے لیے جانا جاتا ہے مگر یہ کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ اسلامی سال کا یہ پہلا مہینہ ہے جو حج کے مہینہ ذی الحجہ کے بعد آتا ہے۔ آئندہ آپ یاد رکھیں کہ اسلامی سال کب شروع ہوتا ہے۔ اور اپنے ساتھیوں کو اسی طرح نئے سال کی مبارک باد دیں جس طرح ۱؍جنوری کو دیتے ہیں۔ اس طرح شاید انہیں بھی یہ بات معلوم ہوجائے۔

پیاری بہنو! یہ شمارہ آپ کے ہاتھوں میں آتے آتے جنوری کا مہینہ ختم ہوجائے گا اور اب فروری شروع ہوگا۔ جبکہ مارچ کے اخیر میں آپ کے امتحانات شروع ہوجائیں گے۔ اس چیز کو دیکھتے ہوئے فروری کا مہینہ اور مارچ کے باقی دن آپ کی تعلیم اور امتحان کی تیاری کے لحاظ سے بڑے اہم ہیں۔ ان دنوں میں کلاس میں کورس ختم کرنے کا بوجھ بھی ہوتا ہے اور پچھلے اسباق کو دوہرانے اور تیاری کرنے کا بھی یہی وقت ہوتا ہے، اس لیے آپ کو چاہیے کہ اپنی پڑھائی پر یکسوئی کے ساتھ توجہ دیں اور ایک ٹائم ٹیبل ضرور بنالیں۔ تاکہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرسکیں۔ اس بات کی کوشش کریں کہ ان دنوں میں جو کچھ پڑھایا جائے اسے گھر آکر ایک مرتبہ ضرور دوہرا لیں اس طرح آپ کو الگ سے تیاری کی ضرورت نہیں ہوگی اور آپ کا وقت بچ جائے گا۔

اگر ممکن ہو تو پچھلے سالوں کے امتحانی پرچے (ماڈل پیپرس) حاصل کرلیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں اس طرح ایک طرف تو آپ کی اچھی تیاری ہوجائے گی دوسری طرف لکھنے کی مشق بھی ہوجائے گی۔ آپ یہ سوچ رہی ہوں گی کہ شاید ہم دن رات پڑھائی پڑھائی اور پڑھائی کی بات کررہے ہیں۔ نہیں ہم تو بس آپ کو اس طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کا جو وقت فضول اور بے کار کاموں میں گزر جاتا ہے اسے بچائی ںاور پڑھنے میں لگائیں۔ اگر اب بھی اسی طرح فضول اور بے کار کے کاموںمیں وقت صرف ہوتا رہا تو آپ پاس تو ہوسکتے ہیں مگر اچھے نمبرات حاصل کرنا دشوار ہوگا۔ ہماری خواہش ہے کہ آپ اچھے نمبروں سے کامیاب ہوں اور لوگ آپ کی کامیابی پر رشک کریں۔ اس لیے آگے بڑھئے اور خود کو کامیاب بنانے کی جدوجہد کیجیے۔ اللہ آپ کی مدد کرے۔ آمین!

آپ کی بہن

مریم جمال

شیئر کیجیے
Default image
مریم جمال

Leave a Reply