رنگ برنگے پکوان

دہی بڑے

اشیاء:- ماش اور مونگ دال ایک ایک پاؤ پسی ہوئی(آپ ثابت دال خرید کر گھر میں بھی پیس سکتی ہیں) کھانے کا سوڈا چٹکی بھر، نمک حسب ذائقہ، دہی ایک کلو، شکر حسب منشا، چاٹ مسالہ حسب ذائقہ، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:- پسی ہوئی دال لیں تو اس میں پانی ڈال کر آہستہ آہستہ اتنا پھینٹیں کہ دال اچھی طرح پھول جائے۔ دال جتنی زیادہ پھولے گی دہی بڑے اتنے ہی اچھے بنیں گے۔ لیکن دال کا آمیزہ نہ زیادہ پتلا ہو اور نہ ہی گاڑھا۔ دال اچھی طرح پھینٹ کر اس میں کھانے کا سوڈا اور نمک ڈال کر تقریباً آدھا گھنٹہ ڈھانپ کر رکھ دیں۔ دہی، بڑے پیالے میں پھینٹ کر اس میں تھوڑا سا نمک اور چینی ڈال کر مزید پھینٹیں حسب خواہش دہی جتنی پتلی رکھنا چاہیں پانی ڈال دیں۔ مگر زیادہ پتلی نہ کریں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں۔ حسب پسند دال کا آمیزہ ہتھیلی پر رکھ کر ہاتھ سے ہلکا سا پھیلا کر گرم تیل میں ڈال دیں آنچ درمیانی رکھیں۔ ہلکے سنہری ہوجائیں تو انہیں ایک پیالے میں نمک ملے پانی میں ڈالتی جائیں۔ جب تمام بڑے تل جائیں تو دہی بڑوں کا پانی ہاتھ سے نچوڑ کر نکالیں اور انہیں دہی میں ڈال دیں۔ چاٹ مسالہ چھڑک کر کھائیں۔ چاہیں تو املی اور کھجور کی چٹنی بھی اوپر سے ڈال سکتی ہیں۔

فروٹ ڈیلائٹ

اشیاء:- کیلے چار عدد، سیب چار عدد، انگور ایک پاؤ پپیتا ایک عدد(چھوٹا سائز) شکر ایک پاؤ، کریم آٹھ اونس۔

ترکیب:- سیب چھیل کر انتہائی باریک کاٹ لیں انگور دھوکر دانے علیحدہ کرلیں۔ ایک کھلے منھ کی دیگچی میں شکر ڈال کر تین پیالی پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔ جب پانی میںمیل آنے لگے تو اسے چمچے سے اتارلیں اور اس میں کٹے ہوئے سیب ڈال کر پکائیں۔ یہ نیم گل جائیں اور پانی بھی نصف رہ جائے تو اس میں انگور ڈال دیں۔ ایک دوا بال آنے کے بعد چولہا بند کر دیں۔ ایک پیالے میں سیب، انگور کا آمیزہ نکال کر فریج میں رکھ دیں۔ پپیتا چھیل کر ان کی قاشیں کرلیں۔ کیلے چھیل کر گول گول کاٹ لیں پھر ان گول ٹکڑوں کو درمیان سے کاٹ لیں کریم پھینٹ لیں۔ افطار سے چند منٹ قبل انگور سیب کا ٹھنڈا آمیزہ فریج سے نکال لیں اور پپیتا، کیلے شامل کرکے پھینٹی ہوئی کریم ڈالیں بہت مزیدار سوئٹ ڈش ہے۔ آپ اڑو خوبانی بھی ڈال سکتی ہیں۔

پنیر کے سموسے

اشیاء:- پنیر ایک پیالی، ہرا مصالحہ پونا کپ، پیاز(چوکور کٹی ہوئی) ایک عدد۔ بادام اور بھنے کا جو، دس عدد۔ کالی مرچ(موٹی کٹی ہوئی) چائے کا چمچہ۔ نمک حسب ذائقہ، سموسہ پٹر20عدد

ترکیب:- بادام، کاجو، کالی مرچ پیس کر پنیر میں ملا دیں اور ہرا مصالحہ اور پیاز بھی ملادیں۔ سموسہ پٹی پر تھوڑا مصالحہ رکھ کے تکونا شیپ دیں۔ میدہ کی لٹی سے سموسہ بند کردیں اور ہلکی آنچ پر تل لیں۔ کاغذ پر رکھے جائیں، کیچپ یا چٹنی کے ساتھ مزہ دیں گے۔

سوجی کے سموسے

اشیاء:- میدہ250گرام چینی 150گرام بادام کی گری12عدد، پستہ چھ عدد، ناریل25گرام، سوجی سوگرام گھی150گرام یا حسب ضرورت دودھ گوندھنے کے لیے سبز الائچی8عدد۔

ترکیب:- میدہ کو چھان کر اس میں 25گرام گھی ملاکر اچھی طرح دودھ سے گوندھ لیجئے۔ ملائم ہوجائے تو چھوٹے چھوٹے پیڑے بناکر رکھ لیجئے۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر گرم کیجئے الائچی ڈالنے کے بعد سوجی ڈال کر اچھی طرح بھونیں جب سوجی کا رنگ بادامی ہوجائے تو چینی ڈال کر تھوڑا اور بھونیں بادام، پستہ، ناریل ڈال کر اتارلیں۔ اب میدے کے پیڑوں کو روٹی کی طرح بیل لیجئے۔ آدھے حصے میں تیار شدہ سوجی بھرکر اور دوسرے حصے کو موڑ کر اوپر رکھتے ہوئے تکونی شکل کا سموسہ بنا لیجئے اور کناروں کو اچھی طرح بند کر لیجئے تاکہ تلتے وقت سموسہ کھل نہ جائے۔ کڑاہی میں گھی یا تیل ڈال کر گرم کیجئے اور ان سموسوں کو اس میں تل لیجئے۔

چکن پکوڑے

اشیاء:- چکن بغیر ہڈی(چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں) آدھا کلو۔ دہی پھینٹی ہوئی چوتھائی پیالی، لہسن اور ادرک کا پیسٹ ڈیڑھ چائے کا چمچ، انڈے پھینٹے ہوئے2عدد، مکھن دوکھانے کے چمچ، میدہ چار کھانے کے چمچ، نمک اور کالی مرچ حسب پسند چاٹ مصالحہ اور تیل حسب ضرورت۔

ترکیب:- چکن، دہی، ادرک لہسن کی پیسٹ اور مصالحہ آپس میں مکس کریں اور1گھنٹہ کے لیے رکھ دیں۔ تیل گرم کرکے چکن کو پکاکر گلالیں۔ انڈے مکھن میدہ ملاکر گرائنڈ کرلیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں اور چکن کی بوٹیاں ایک ایک کرکے تل لیں۔ تلے ہوئے چکن کے پکوڑے پلیٹ میں نکالیں اور ان پر چاٹ مصالحہ چھڑک کر گرم گرم پیش کریں۔

اسپیشل حلیم

اشیاء:- بڑے کا گوشت (بغیر ہڈی) ایک کلو گیہوں250گرام، جو125گرام، تیل2کھانے کے چمچے، چنے کی دال ایک کپ، مسور کی دال ایک چوتھائی کپ، ارہر کی دال ایک چوتھائی کپ، مونگ کی دال ایک چوتھائی کپ، تیل ایک کپ، ادرک لہسن پیسٹ دو چائے کے چمچے، لال مرچ پاؤڈر تین چائے کے چمچے، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر دو چائے کا چمچے، دہی ایک کپ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچہ۔

کارنشنگ کے لیے:- تلی ہوئی پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیا، پودینہ، لیموں کی قاشیں، باریک کٹی ہوئی ادرک حسب ضرورت۔

ترکیب:- گیہوں اور جو کو رات بھر کے لیے دو چمچے تیل ملاکر پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ صبح بلینڈر کرلیں۔ پھر چنے، مونگ، مسور اور ارہر کی دال کے ساتھ چار سے پانچ گلاس پانی میں پکائیں جب دالیں گل جائیں تو اتارلیں اور ٹھنڈا ہونے پر بلینڈ کرلیں۔ اب ایک کپ تیل گرم کرکے اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک لال مرچ پاؤڈر، ہلدی دھنیا پاؤڈر اور دہی ڈال کر بھونیں۔ پھر اس میں گوشت شامل کرکے ذرا دیر بھونیں اور تقریباً دس گلاس پانی ڈال دیں۔ ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ گوشت اچھی طرح گل جائے۔ پھر گوشت میں دالوں کو مکس کر دیں۔ ہلکی آنچ پر پکنے دیں اور چمچہ برابر چلاتی رہیں آخر میں پسا ہوا گرم مسالہ شامل کرکے چلائیں۔ اور تلی ہوئی پیاز کے ساتھ دیگر لوازمات کے ساتھ سرو کریں۔

گوشت کا حلوہ

روکھا قیمہ ایک سیر، کھووا آدھ سیر، شکر ایک سیر، گھی ایک پاؤ، کشمش ، بادام، پستہ اور کیوڑا حسب ضرورت اور بقدر گنجائش۔ دودھ چار سیر، زعفران چھ ماشہ۔

ترکیب:

قیمہ کو خوف دھوئیے اتنا کہ خون باقی نہ رہے اور سفید پانی نکلنے لگے۔ اب اسے دودھ میں ابلنے کے لیے رکھ دیجیے جب دودھ بالکل خشک ہوجائے تو اتارلیجیے اور سل پر باریک پیس لیجیے پھر دیگچی میں ایک پاؤ گھی چھوٹی الائچی کے دانے ڈال کر گرم کرلیجیے اس کے بعد قیمہ، کھوا ،شکراور میوا سب اس میں ڈال دیجیے پھر دیگچی کو دم پر لگادیجیے اور تھوڑی دیر کے بعد اسے بھون کر اتار لیجیے۔ خوشبو کے لیے زعفران کیوڑے میں حل کرکے ڈال دیجیے اب سینی میں لوٹ کر جمالیجیے اور ٹھنڈا ہونے پر لوزیں کاٹ لیجیے۔

مچھلی کا پلاؤ

اشیاء: مچھلی ایک سیر، گھی ڈیڑھ پاؤ، پیاز ڈیڑھ پاؤ، باریک چاول ایک سیر، ادرک دس گرام، لہسن کی دو آنڈیاں، دھنیا خشک ۵ گرام، لونگ ۲۶ عدد، الائچی خورد ۲۶ عدد، دارچینی ایک تولہ، زعفران ایک ماشہ ، کیوڑا دو تولہ۔

ترکیب :

پہلے گرم مسالہ پیس کر اس کا سفوف بنالیا جائے، ادرک، دھنیا، لہسن سل پر باریک پیس لیں پھر مچھلی کے بڑے بڑے ٹکڑے کاٹ کر دھو ڈالیں۔ تھوڑا پسا ہوا مسالہ اور انداز سے نمک ملاکر آدھے دہی کو الگ کرلیں اور ایک گھنٹے تک چھوڑے رکھیں۔ اس کے بعد مچھلی کو تھوڑے گھی میں ہلکا ہلکا تل ڈالیں اور ایک دیگچی میں گھی میں پیاز کے لچھے لال کرکے نکالیں لیں اور اسے ہاتھ سے مل ڈالیں۔ دیگچی میں پسا ہوا مسالہ چھوڑ کر قدرے بھون لیں اور اب تلی ہوئی مچھلی اس میں بچھا دیں۔ اوپر سے گرم مسالہ کا آدھا سفوف چھڑک دیں اور تلی ہوئی مچھلی میں دہی ڈال کر کیوڑے میں بھیگا ہوا آدھا زعفران چھڑک دیں پھر دھیمی آنچ پر چھوڑ دیں۔ جب سرخی آ جائے اور پانی خشک ہوجائے تو دیگچی اتارلیں۔ اس کے بعد چاولوں کے لیے پانی چڑھا کر اس میں آٹھ آٹھ عدد لونگ الائچی اور تھوڑا سا نمک ڈال دیں۔ جب پانی جوش کھانے لگے تو چاول دھوکرڈال دیں۔ ایک کنی باقی رہنے پر چاولوں کو پسا لیں پھر ایک علیحدہ دیگچی میں چاول اور قورمہ تہ در تہ بچھا دیں اور اوپر سے گرم مسالہ اور زعفران ڈال کر دم کرلیں۔

مچھلی کے کباب:

اجزاء: مچھلی ایک کلو گرام، تیل ایک پیالی، پیاز ایک عدد بڑی، دہی آدھی پیالی، تل ایک چمچہ کھانے کا، خشخاش ایک چمچہ کھانے کا، کھوپرا ایک چمچہ کھانے کا، سرخ مرچ ایک چمچہ کھانے کا، لہسن دو چمچے چائے کے، ادرک دو چمچے چائے کے، نمک دو چمچے چائے کے، ہری مرچ پانچ عدد، پودینہ کٹا ہوا دو چمچے کھانے کے۔

ترکیب: مچھلی دھوکر کر اس میں لہسن اور ادرک اور نمک ملا لیں اور دو پیالی پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ مچھلی گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو اس میں سے کانٹے نکال دیں اور سل پر باقی مسالوں کے ساتھ پیس لیں۔ اب اس میں دہی ملانے کے بعد کباب بنا کر تل لیں۔lll

شیئر کیجیے
Default image
عائشہ بنت امان اللہ

Leave a Reply