مشورہ حاضر ہے!

ہماری قاریہ کہتی ہیں۔ ’’میرے بچے کو ملیریا بخار ہے۔ اس کی وجہ سے پریشان ہوں۔ اتر جاتا ہے پھر چڑھ جاتا ہے۔ علاج ہو رہا ہے۔ آپ اس بارے میں ضرور لکھیے تاکہ بہت سارے لوگوں کا بھلا ہوجائے۔ اس کی علامات اور بہتری کے لیے بتائیے کیا کریں؟

ڈاکٹر کی دی ہوئی دوا پابندی سے کھلائیے۔ ملیریا میں چکوترہ بہت مفید ہے، روزانہ کھلانا چاہیے۔ اسی طرح تلسی کی چائے مفید ہے۔ دارچینی کی چائے فائدہ دیتی ہے۔ موٹی کٹی ہوئی دارچینی ایک چائے کا چمچ لے کر ایک گلاس پانی میں اْبالتے ہیں۔ پھر اس میں ایک چٹکی پسی ہوئی کالی مرچ اور ایک چمچہ شہد ملا کر پیتے ہیں۔ اسی طرح تلسی کے ۷ پتے پانی میں چائے کی طرح پکا کر چھان کر چٹکی بھر کالی مرچ چھڑک کر پیتے ہیں۔ ملیریا میں تازہ پھل اور سبزیاں مفید ہیں۔ نیم کے پتے پانی میں اْبال کر رکھیں۔ یہ پانی آپ گھر میں رکھے پودوں کو دے سکتے ہیں۔ نیم کے پانی سے مچھر نہیں آتے۔ پوری آستین کی قمیص اور لمبا پاجامہ پہنیے۔

بازار میں بہت سارے لوشن دستیاب ہیں وہ آپ جسم کے کھلے حصوں پر لگا کر سو سکتے ہیں۔ نیم کے سوکھے پتے، کلونجی، حرمل ملا کر کمرے میں دْھونی دیں۔ گھر سے باہر پانی نہ کھڑا ہونے دیں۔ مچھر گندے اور ٹھہرے پانی میں انڈے دیتے ہیں۔ ملیریا کی علامت معلوم ہوتے ہی ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوائوں کا استعمال کرنا ضروری ہے۔ مچھر مارنے کے لیے گھروں میں جلیبی یا میٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ استعمال شدہ میٹ سنبھال کر رکھیے۔ نیم کے پتے ڈیڑھ گلاس پانی میں خوب اْبال کر پانی چھان کر اس میں میٹ ملا دیں۔ جب میٹ اچھی طرح نرم ہو جائیں تو پانی چھان کر اسپرے کی بوتل میں بھر کر کمرے میں خوب اسپرے کریں۔ اس سے مچھر بھاگ جائیں گے۔ نیم کے پتوں کی دھونی اچھی طرح ہفتہ میں ایک بار دی جائے تو مچھر ہلاک ہوجاتے ہیں۔ تھوڑی سی احتیاط گھر والوں کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔

شوہر کا مسئلہ

میری شادی کو ۲ سال ہوگئے۔ اللہ نے ایک بیٹی بھی عنایت فرمائی ہے۔ میرے گھر کا مشترکہ نظام ہے۔ ساس، سسر، دیور ساتھ رہتے ہیں۔ دو تین ماہ سے میں یہ بات محسوس کر رہی ہوںکہ شوہر مجھ پر توجہ نہیں دے رہے۔ اتوار کے دن وہ بازار جاتے ہیں۔ پہلے میں ساتھ چلی جاتی تھی اب بچی کی وجہ سے نہیں جا سکتی۔ گھر کے کاموں میں الجھی رہتی ہوں۔ رات گئے تھک کر لیٹ جاتی ہوں۔ نیند بھی پوری نہیں ہوتی۔ صبح اٹھ کر کام کرنا پڑتا ہے۔ آپ ہی بتائیے میں کیا کروں اور کیسے اپنے شوہر کی توجہ حاصل کروں۔

بی بی! سارا قصور آپ کا ہے۔ مجھے لگتا ہے بچہ ہونے کے بعد آپ نے اپنے آپ پر توجہ دینی چھوڑ دی ہے۔ بچے بھی ہوتے ہیں۔ گھر بار کا مسئلہ ہوتا ہے مگر آپ کو سب سے پہلی ترجیح اپنے شوہر کو دینی چاہیے۔ آپ صبح ناشتا بنا کر ان کے پاس بیٹھ کر ساتھ دیجیے۔ شام کو ان کے آنے سے پہلے اپنے پر توجہ دیں۔ کپڑے بدلیں، بال ٹھیک کریں اور پھر شوہر کو اچھی سی چائے بنا کردیں۔ ان کے ساتھ ہنسیں بولیں۔ بچی کو بھی تیار کرکے اپنے ساتھ گود میں رکھیں۔ وہ بازار جائیں تو سب کام چھوڑ کر ان کے ساتھ جائیے۔ بچی کو آپ اپنی ساس کے پاس چھوڑ کر جا سکتی ہیں۔

اسی طرح صبح ناشتا کے وقت بھی آپ بچی کو ساس کے حوالے کر سکتی ہیں اور ۵۱/۲۰ منٹ شوہر کے ساتھ بیٹھ سکتی ہیں۔ بچہ ہونے کے بعدمعمولات میں تھوڑی بہت تبدیلی آتی ہے مگر عقل مند بچیاں سارے کام سنبھال لیتی اور اپنے شوہر کے ساتھ خوش رہتی ہیں۔

اپنے گھر کو ٹوٹنے سے بچائیے۔ شوہر پر بھرپور توجہ دیجیے۔ آپ کے سارے مسئلے خودبخود ٹھیک ہوجائیں گے اور آپ کے شوہر بھی خوش رہیں گے۔ چند ماہ کی بات ہے، بچی ذرا بڑی ہوگی تو آپ کو بھی سہولت ہو جائے گی۔ عورت پر بہت ساری ذمہ داریاں ہوتی ہیں اور ان ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے تھوڑی سی قربانی دینی پڑتی ہے۔

لکنت

ہمارے قاری رحمت اللہ لکھتے ہیں۔ میرا بچہ ۷ سال کا ہے۔ پہلے وہ ہم سے تتلا کر بات کرتا تھا۔ اب اسے لکنت کی بیماری ہو گئی ہے۔ چند الفاظ پر اٹک جاتا ہے۔ بظاہر صحت مند ہے۔ میں اس کی وجہ سے بہت زیادہ پریشان ہوں۔ کوئی دعا ہو یا دوا ہو تو ضرور بتائیے۔

جو بچے لکنت کا شکار ہوتے ہیں ان پر خاص توجہ دینی چاہیے۔ احساسِ کمتری کی وجہ سے وہ اور زیادہ پریشان ہو جاتے ہیں۔ بچے کو پیار سے سمجھائیے کہ وہ ٹھیک ہو سکتا ہے۔ اکیلے کمرے میں جا کر جن حروف پر اٹک جاتا ہے، ان حروف کو زور زور سے دہرانے کی مشق کریں۔ کچھ بچے اکیلے میں بالکل صاف لفظ ادا کرتے لیکن سب کے سامنے اٹک جاتے ہیں۔ ان کو خوف ہوتا ہے کہ وہ لفظ بول نہیں پائیں گے۔ ان کا یہ خوف آپ پیار سے ختم کر سکتے ہیں۔ ہمارے ہاں ہومیو پیتھک ادویہ بھی اس معاملے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ اسی طرح قرآنِ پاک کی سورہ طٰہٰ کی آیت ۵۲ سے لے کر ۸۲ ویں تک بچے کو زبانی یا دکرائیں اور بچے کو دن میں کئی بار پڑھنے کی ہدایت کریں۔ آیات کی برکت سے زبان صاف ہوجائے گی۔

پنساری سے تھوڑا عقرقرحا خریدیں۔ اسے پیس کر رکھ لیں۔ چٹکی بھر عقرقرحا تھوڑے سے شہد میں ملا کر بچے کی زبان پر اور منہ کے اندر اچھی طرح لگائیں۔ اس سے منہ کے اندر سے پانی اور رال بہے گی۔ دن میں ۲ بار لگانا ہے۔ یہی نسخے صدیوں سے آزمائے جاتے ہیں، آپ بھی اللہ کا نام لے کر آزمائیے۔ عقرقرحا اور تیزپات کے پتے ۲۱۔ ۲۱ گرام، کالی مرچ ۶ گرام ملا کر پیس کر دن میں ۲ بار منہ میں لگانے سے لکنت ٹھیک ہوجاتی ہے۔

سینے کی جلن

میرا پہلا بچہ ہونے والا ہے۔ باوجود کوشش کے میں کھا نہیں سکتی۔ سینہ میں اتنی جلن ہوتی ہے کہ برداشت سے باہر۔ کچھ کھانے کو دل نہیں چاہتا۔ ڈاکٹر نے دوائی دی ہے مگر جلن میں کمی نہیں ہو رہی۔ اس بارے میں بتائیں۔

مجھے ایسا لگتا ہے آپ مرغن کھانا لیتی ہیں۔ حمل کے دوران سادہ غذا لینی چاہیے۔ مسالے دار، چٹ پٹی، تلی ہوئی چیزیں کھانے سے یہ مسئلہ ہوجاتا ہے۔ آپ تھوڑا تھوڑا کرکے چار پانچ بار کھانا لیں۔ رات کو سونے سے پہلے ایک پیالی دودھ پینے سے جلن میں کمی ہوتی ہے۔ اپنے کھانے میں پھل ضرور شامل کریں۔ کبھی کیلا کھالیا، موسم کے پھل لے لیے۔ دہی، دالیں، مغزیات، دودھ، دلیہ لیں۔ ناشپاتی مل جائے تو ضرور کھائیں۔ آپ کی غذا سادہ اور متوازن ہونی چاہیے۔ اپنی ڈاکٹر سے ضرور معائنہ کراتی رہیں اور جو دوائیں دیں، وہ ضرور کھائیں۔

خون کی کمی

میرے بچے میں خون کی کمی ہے۔ ڈاکٹر نے دوائیاں دی ہیں۔ علاج ہو رہا ہے۔ کالج میں پڑھتا ہے۔ آپ اس کے لیے کوئی غذائی ٹوٹکا بتائیں تاکہ وہ جلدی ٹھیک ہوکر پڑھائی مکمل کرسکے۔

بی بی! ہمارے ہاں حکیم لوگ تو خون کی کمی کی دوا ’’فولاد‘‘ سمجھتے اور اس کے لیے دوا دیتے ہیں۔ آپ کھانا کھلانے کے بعد ۲ کینو یا مالٹے موسمی ضرور کھلائیے۔ بکری کا قیمہ لا کر ہلکا سا نمک اور کالی مرچ ڈال کر کباب بنائیے۔ ایک کباب صبح ناشتے میں اور ایک شام کی چائے کے ساتھ ایک ماہ تک ضرور کھلائیے۔ اسی طرح آپ بکری کے قیمہ میں لہسن، پیاز، نمک وغیرہ ڈال کر بھون کر کھلا سکتی ہیں۔ صحت بہتر ہوجائے گی۔ کینو کے موسم میں بچوں والے گھر میں آپ اس کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ آپ کی اور بچوں کی صحت بہتر رہے۔

ہاضمہ ٹھیک نہیں

چندماہ سے مجھے عجیب سا محسوس ہو رہا ہے۔ پراٹھا کھالوں یا دوپہر کو سالن وغیرہ تو کھانا ہضم نہیں ہوتا۔ ڈکاریں آتی ہیں۔ کچھ کھانے پینے کو دل نہیں چاہتا۔ بالکل سادہ کھانا لوں تو طبیعت بوجھل رہتی ہے۔ کیا کرنا چاہیے۔

پپیتا عام دستیاب ہے۔ کہنے کو تو یہ سستا پھل ہے مگر اس کے فائدے بے شمار ہیں۔ سخت سے سخت گوشت پر آپ کچا پپیتا لگادیں تو وہ گل جاتا ہے۔ معدہ کے مریضوں کے لیے یہ تحفہ ہے۔ اس کے کھانے سے قبض دور ہوجاتا ہے۔ مرغن کھانا ہضم ہوتا ہے۔ آپ پکا ہوا پپیتا لا کر گھر میں رکھیں۔ کھانا کھانے کے بعد ۲/۳ قاشیں کھا لیجیے۔ کھانا معدہ پر بوجھ نہیں بنے گا۔ آپ کے معدہ، جگر، آنتوں کا عمل ٹھیک رہے گا۔ اس سے آپ کے دل کو بھی تقویت ملے گی۔ ۱۰/۱۵دن کھا کر دیکھیے۔ پھلوں کی چاٹ یا سلاد میں پپیتا شامل کیا جائے تو صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ دوا کی دوا ہے اور غذائیت سے بھرپور پھل بھی۔

نیند کی کمی

میری نیند آج کل پوری نہیں ہو رہی۔ دفتر میں کام کی زیادتی ہے اور گھر میں بچہ بیمار ہے۔ رات کوسوتا ہوں تو نیند اچٹ جاتی ہے۔ میں نیند لانے والی گولی نہیں کھانا چاہتا۔ نیند کی کمی سے کام متاثر ہو رہا ہے۔ نیند کی کمی کیسے ٹھیک ہوگی اور میں گہری نیند کیسے لے سکوں گا۔

نیند کی گولیاں کھانے سے اعصاب اور پٹھوں پر بْرا اثر پڑتا ہے پھر ان کی عادت ہوجاتی ہے۔ آپ ہمدردمطب کی سومینا خریدیں۔ رات کو گرم دودھ میں ملا کر لیجیے۔ چند دنوں میں آپ کو خود محسوس ہوگا، نیند اچھی آ رہی ہے۔ بادام، چاروں مغز اور دوسری چیزیں دماغ اور اعصاب کو سکون دیتی ہیں اور ان کے مابعد اثرات بھی نہیں ہوتے۔ آپ بھی کھائیے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ آپ کو اچھی نیند آجائے گی۔lll

شیئر کیجیے
Default image
صغیرہ بانو شیریں

Leave a Reply