فراز سلطان پوری کا مجموعۂ کلام

نام کتاب : لمعات
ناشر : ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس
F-155، شاہین باغ، جامعہ نگر،
نئی دہلی-25
صفحات : 544
قیمت : 600 روپئے
رابطہ نمبر : 9891051676

مولانا محمد فاروق خاں صاحب جو شعری دنیا میں فراز سلطان پوری کے نام سے جانے جاتے ہیں، تعمیری ادب کے حلقے میں خوب معروف ہیں جن کا تازہ ترین مجموعۂ کلام ’’لمعات‘‘ کے نام سے شائع ہوا ہے۔

مولانا محمد فاروق خاں صاحب کو علمی دنیا میں ایک متبحر عالم قرآن و حدیث کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ انھوں نے قرآن مجید کا ہندی ترجمہ ’’دوّے قرآن‘‘ کے نام سے کیا جو کافی معروف ہوا۔ علم حدیث کے میدان میں ان کا کئی جلدوں پر مشتمل احادیث کا مجموعہ ’’کلامِ نبوت‘‘ قبول عام حاصل کررہا ہے اور تقابل ادیان کے میدان میں ان کی چھوٹی، بڑی بہت سی کتابیں علمی حلقوں میں پڑھی جاتی ہیں۔

مولانا محمد فاروق خان صاحب جہاں علم و فکر کی دنیا میں معروف اسکالر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، وہیں ان کے بلند پایہ شعری ذوق اور تغزل و تصوف سے بھرپور، باریک مشاہدات، پاکیزہ جذبہ محبت پر مبنی اور سوزِ دل اور حسنِ تخیل سے بھرپور کلام نے ایک نفیس طبیعت رکھنے والے شاعر کی حیثیت سے بھی شناخت حاصل کی ہے اور اس میدان میں وہ فراز سلطان پوری کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

ان کے کلام پر تنقید و تبصرہ کے عمل کو اہل علم و فن پر چھوڑتے ہوئے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ فراز سلطان پوری کا کلام زندگی کے گہرے تجربات اور علم و فکر کے قیمتی موتیوں سے پروئی گئی مالا کے مانند ہے جس میں قاری جگہ جگہ اپنے احساس و شعور کو بھی پرویا ہوا محسوس کرتا ہے۔ مثال کے لیے چند اشعار دیکھئے:

سب اہل دل مری جرأت پہ ہوگئے حیراں

جو زخم خار سے، پھولوں سے خامشی مانگی

جراحتوں میں ہیں یکتائے روزگار سبھی

مجھے تو کوئی بھی اس فن میں بے ہنر نہ ملا

جنھیں زندگی میں سمجھ ہم نہ پائے

مسائل وہ دراصل کردار کے تھے

اس سے قبل ان کا مجموعہ ’’حرف و صدا‘‘ کے نام سے شائع ہوکر کافی مقبول ہوچکا ہے لیکن لمعات میں اس سے کئی گنا زیادہ شعری تخلیقات شامل ہیں۔

فراز سلطان پوری کے اس مجموعے کو ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس نے کچھ اس اہتمام سے شائع کیا ہے کہ جیسے وہ خود اس کلام کی روح کا حصہ ہوں اور اس سے شاعر کے کلام کی رونق اور دل کشی کچھ سوا ہوتی محسوس ہوتی ہے۔ ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ ان کے اس مجموعے سے ادب کا اچھا ذوق اور شعر و سخن سے دلچسپی رکھنے والے نہ صرف ان کے مداح محظوظ ہوں گے بلکہ شعر و ادب کی دنیا میں فراز سلطان پوری کو قابلِ قدر شناخت بھی ملے گی۔

ہم فراز سلطان پوری کو ان کے مجموعے کی اشاعت پر اور پبلشر کو معیاری طباعت و پیشکش کے لیے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس مضمون میں اس مجموعے سے دو غزلیں پیش کی جارہی ہیں۔ ایک خود ان کی آواز میں ہے جسے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کرکے سنا جاسکتا ہے۔

غزل بہ زبان شاعر: فراز سلطان پوری

شیئر کیجیے
Default image
شمشاد حسین فلاحی

One comment

Leave a Reply