آنکھوں کے سیاہ حلقے

ڈاکٹر سویرا خان

چہرے کی دلکشی اور خوب صورتی بڑھانے میں جہاں بال، ناک اور ہونٹوں کی اہمیت ہے وہیں آنکھیں اس کو سب سے زیادہ دلکش بناتی ہے۔ یقینا یہ خدا تعالیٰ کا ہمارے لے ایک انمول تحفہ ہے۔اس انمول تحفے کا بھرپور خیال رکھنا ہمارا فرض ہے۔ جس طرح ہم اپنے جسم کے باقی حصوں کا خیال رکھتے ہیں اسی طرح ہمیں اپنی آنکھوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے تاکہ ہمارے چہرے کی خوب صورتی قائم رہے اور ہم تاحیات ان سے فیضیاب ہوتے رہیں۔ تاہم آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقے ان کا حسن گہنا دیتے ہیں۔ ذیل میں انہی حلقوں سے نجات دلانے والے مفید ٹوٹکے پیش خدمت ہیں۔

جس طرح ہمارے باقی اعضا تھکاوٹ کا شکار ہوتے ہیں اسی طرح ہماری آنکھیں بھی تھک جاتی ہیں اور ان کے گرد سیاہ حلقے پڑ جاتے ہیں۔ آج کے مصروف دور میں انسان کے پاس اپنے لیے بھی وقت نہیں ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ ہمیں اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ جب خواتین کی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے پڑ جائیں تو وہ انہیں دور کرنے کے لیے طرح طرح کی ٹپس آزماتی ہیں جو آخر کار بے سود ثابت ہوتی ہیں۔

آج ہم خواتین و حضرات کو ایسے کارآمد نسخوں کی بابت بتا رہے ہیں جن کی مدد سے آنکھوں کے گرد بنے سیاہ حلقوں کو دور کرنا ممکن ہوجائے گا۔ یہ حلقے ساری خوب صورتی زائل کردیتے ہیں۔ مگر اس سے پہلے ہم ان وجوہ کے بارے میں جانتے ہیں، جن کی وجہ سے یہ سیاہ حلقے پڑتے ہیں۔ اگر آپ بھی ان میں سے کسی ایک یا ایک سے زیادہ وجوہ کا شکار ہیں تو ان کو دور کرنے کی پوری کوشش کریں۔

حلقے پڑنے کی وجوہ

٭ لکھنے پڑھنے میں زیادتی ٭ نیند کا پورا نہ ہونا ٭ کم روشنی میں کمپیوٹر کا زیادہ استعمال ٭بیماری کے بعد کمزوری ٭ ناشتہ نہ کرنا ٭ ڈائٹنگ کرنا٭ نظر کی کمزوری میں عینک کا استعمال نہ کرنا ٭موروثی امراض ٭ چائے یا کافی کا زیادہ استعمال ٭ فولاد یا خون کی کمی ٭ پریشانی یا ذہنی دباؤ۔

اب ہم ایسے ٹوٹکے بتاتے ہیں جن کی مدد سے آپ گھر میں دستیاب اشیا کے ذریعے ہی اپنا علاج کرسکیں۔

٭ بادام کے تیل کو آنکھوں کے گرد لگا کر نرمی سے ایک منٹ تک مساج کریں۔ مساج کے بعد تیل پندرہ منٹ تک لگا رہنے دیں۔ پھر گیلی روئی سے تیل نرمی سے صاف کرلیں۔ خیال رکھیں کہ جلد کو رگڑنا نہیں۔ یہ عمل چند بار کرنے سے سیاہ حلقے ختم ہوجائیں گے۔

٭ کھیرے اور آلو کا رس یکساں مقدار میں لے کر آنکھوں کے گرد پندرہ منٹ تک لگائیں۔ یہ رس محض لگانا ہے مساج نہیں کرنا۔ اس نسخے کو اپنی سہولت کے مطابق دن میں کسی بھی وقت استعمال کیجیے۔

٭ آنکھوں میں عرق گلاب کا استعمال کریں۔

٭ امرود، پپیتا اور کیلے کا استعمال کریں۔ تینوں کی چاٹ بنا کر کھائیں تو مفید ہے۔

٭ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دیں۔

٭ گرمیوں میں باہر جانے سے پہلے سن بلاک کا استعمال کریں اور آنکھوں پر چشمہ لگائیں۔

٭ ٹماٹر اور لیموں کا جوس ملا کر دن میں تین سے چار بار آنکھوں کے گرد لگائیں۔

٭ آنکھوں پر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ماریں۔

٭ بادام کا استعمال کریں۔

صبح سویرے جب سوکر اٹھیں تو دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو آپس میں رگڑیں پھر گرم گرم پوروں کو متاثرہ جگہ پر لگائیں۔ اس طرح آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں سے انشاء اللہ نجات مل جائے گی۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں