الارم

ابن فلاح( رانچی)

دکان پر کافی بھیڑ ہے پان کھانے والے اور چل رہے ٹی وی پر فلم دیکھنے والے حضرات آپس میں گھسے بیٹھے ہیں ۔اور دیکھنے میں محو ہیں کہ نداآتی ہے اللہ اکبر، اللہ اکبر۔۔۔ آوازیں اٹھتی ہیں۔ سائونڈ میوٹ کرو!! والیوم کم کرو!!اور ٹی وی چلانے والا اس کی تعمیل کرتاہے ۔کچھ دیر بعد ایک آواز پھر سنائی دیتی ہے ’’اذان ختم ہو گئی ہے !!‘‘اور سائونڈ لائوڈ کر کے سب پھر مشغول ہو جاتے ہیں۔۔۔یہ کیسی بے حسی ہے ۔غور فرمائیں۔

٭٭٭

دن بھر کی نمازیں قضا ہوگئیں ……رات کو ادا کرنا ……اوہ ……بھاری کام ،نیند آرہی ہے ……آخر سو گئے ۔دن بھر کی تھکان……نیند کا خمار……اور DVDپر الف لیلہ کا مزا ……آخر کار سونہ سکے اور آدھی رات تک مشغول رہے ۔۔۔ ہم کس قدر اللہ کی محبت میں گرفتار ہیں ۔سوچیں؟

٭٭٭

ایک ضعیفہ راستے پر گری ہوئی تھی ۔اسے اٹھانے کیلئے ٹائم نہیں تھا کیونکہ آفس ٹائم پر پہنچنا تھا، اس لیے جلدی جلدی قدم بڑھا رہا تھا کہ سڑک پر ایک نوخیز لڑکی کو گرتے دیکھا ۔مجھ سے رہا نہ گیا ۔میں نے اسے سہارا دیا اور منزل تک اسے چھوڑ آیا ۔آفس کی چھٹی کرنی پڑی کیونکہ وقت کراس کر چکا تھا۔ آج میںنے قربانی دی ۔اسلام پر عمل کیا ۔صفدر نے اپنے دوست ندرت سے کہا۔ کیا واقعی اس نے اسلام پر عمل کیا ؟

٭٭٭

راستے پر دس روپئے کا ایک بوسیدہ نوٹ پڑا ملا میںنے اسکے مالک کی تلاش شروع کردی ۔تھوڑی تلاش کے بعد اسے مالک کے حوالے کر دیا ۔مجھے بہت زیادہ خوشی ہوئی کہ خدمت خلق بھی ایمان کی ایک شاخ ہے ……یہ بتاتے ہوئے وہ اپنے دوست کے ہمراہ شاہراہ کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک اس کی نظر دوست کے گرتے ہوئے پرس پر پڑی ۔بڑی ہوشیاری سے اس نے پرس پر قبضہ کرلیا ۔گھر آکر دیکھا تو پانچ سو کے تین نوٹ اس سے برآمد ہوئے۔

یمان داری! اسی کا نام ہے ؟

٭٭٭

خواتین اور طالبات و نوجوان لڑکیوں کا ایک بڑا اجتماع اسلام پور میں رکھا گیا ہے ۔لہذا ان سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اجتماع گاہ میں تشریف لے آئیں …….یہ اعلان مسجد کے منارے سے بلند ہو رہا تھا اور میں سوچ رہی تھی کہ کیسے میں اس اہم اور بڑے اجتماع میں شریک ہو پائونگی جبکہ میرے پاس’ حجاب‘ ہی نہیں ہے ۔تبھی میری سہیلی نے میری مشکل آسان کر دی بولی ۔میرے پاس دو حجاب ہیں ایک تو استعمال کرلینا اور ایک میں۔

۔۔۔۔حجاب کی ضرورت اجتماع میں جانے کیلئے ہوتی ہے ۔گھر سے باہر نکلنے اور تفریحی مقامات پر آنے جانے کیلئے قطعاًاس کی ضرورت نہیں؟

٭٭٭

بہن جی !جب سے میںنے حج کیا ہے بس اللہ اللہ کے سوا میرا تو کسی کام میں جی نہیں لگتا۔۔۔ ارے؟ زم زم ابھی تک سلیمہ نے نہیں دیا ہے۔۔۔سلیمہ !!!او سلیمہ بہن جی کیلئے گلاس میں زمزم لانا، گلاس پچھلے سال کا نہیں اس سال کے ۔۔۔پلنگ کے نیچے بکس میں رکھا ہے۔۔۔جلدی سے لے آ۔۔۔یہ سلیمہ بھی سبھی کو پچھلے سال کے حج والے گلاس میں زمزم دیتی ہے۔ اس لئے میں نے اسے متنبہ کیا ہے۔۔۔گویا ارکان اسلام کی بجا آوری اب فخر کیلئے کی جانے لگی ہے ۔

٭٭٭

دن بڑی تیزی کے ساتھ گزر رہے تھے اور پروگرام کا دن نزدیک آرہا تھا ۔پورے ایک ماہ سے ایک بار بھی قرآن کھول کر دیکھنے کی نوبت نہیں آئی تھی ۔یوں تو کبھی کبھار کھول کر پڑھ لیا کرتاہوں مگر ’درس‘دینے کیلئے تو ضرور ی ہوتاہے کہ پوائنٹ بنا لیا جائے ۔مگر واہ رے مصروفیت۔۔۔آخر کار پروگرام کے ایک دن قبل تمام کام کاج ترک کر کے قرآن مجید لیا اور لِمَا َتقُولُونَ مَالَاتَفْعَلُون کی تیاری کر لی ۔۔۔ خدا کا شکر ہے پروگرام میں سُبکی اٹھانے سے بچ گیا۔ پروگرام خوب جان دار دیا۔۔۔کیا قرآن درس دینے کیلئے ہی آیا ہے، درس لینے کیلئے نہیں؟

٭٭٭

وہ نوجوان بڑی دیر سے اسلام کی حقانیت و وحدانیت پر گفتگو کر رہا تھا ۔مجمع پر خاموشی طاری تھی کہ اچانک موبائیل فون بج اٹھا….چکنی چمیلی …. (فلمی گانا)….لوگوں کی نگاہوںنے موبائیل والے کو تلاش کر ہی لیا۔ وہ کوئی اور نہیںبلکہ بڑی دیر سے اسلام پر گفتگو کرنے والا نوجوان تھا۔

…..کیا اسلام صرف گفتگو اور تقریرکیلئے آیا ہے ؟lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں