اچھی صحت اور حسن کے نکھار کے لیے

زینب غزالی

٭ دودھ بے شمار فوائد کا حامل ہے، دودھ سے آپ اپنی خوب صورتی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ نیم گرم دودھ میں روئی کے پھائے بھگوکر آنکھوں پر رکھیں، ہفتہ میں دو بار یہ عمل کرنے سے آنکھوں کے گرد جھریاں اور حلقے ختم ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح سے چہرے پر بھی روئی کے پیڈ لگائیں اس سے اچھا کلینزر اور کوئی نہیں ہے۔ اسی طرح آدھا کپ آٹے میں تھوڑی مقدار دودھ ملا کر پیسٹ بنالیں اور آدھ گھنٹے بعد چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں۔ خشک ہوجائے تو ہاتھوں سے مل کر اتار لیں۔ اس سے رنگت نکھرتی ہے۔ روزانہ ایک گلاس دودھ پینے سے نہ صرف رنگت نکھرتی ہے بلکہ ہڈیاں بھی مضبوط ہوتی ہیں۔

٭ دہی کو بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح ملیں اور پندرہ بیس منٹ تک لگا کر پانی سے اچھی طرح سے دھولیں۔ دہی کسی بھی اچھے شیمپو سے زیادہ کارگر ثابت ہوا ہے۔ دہی سے بال دھونے سے آپ کے بال ملائم چکنے اور چمکدار ہوجائیں گے۔ بالوں کی خوب صورتی کی دشمن خشکی دہی کے استعمال سے ختم ہوجاتی ہے۔ دانوں کے لیے دہی، بیسن میں شامل کر کے چہرے پر لگائیں اور پندرہ بیس منٹ بعد پانی سے دھولیں۔ اس کے استعمال سے دانے غائب ہوجائیں گی۔ جلد نکھر جائے گی۔

٭چہرے کے داغ دھبوں کے لیے مولی کے رس میں ہم وزن چھاچھ ملا کر چہرے پر لگائیں اور ایک گھنٹے کے بعد پانی سے چہرہ دھولیں۔

٭ چاول یا جو کے آٹے میں دہی شامل کر کے لیپ بنائیں، اسے چہرے اور ہاتھوں پر لگائیں۔ بیس منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں، جلد کی رنگت نکھارنے کے لیے بہترین ہے۔ (خشک جلد والے استعمال نہ کریں)

٭ دہی میں انڈے کی سفیدی، لیموں کا رس اور ایک چائے کا چمچہ شہد شامل کر کے چہرے پر لگائیں۔ یہ چکنی جلد کے لیے مفید ہے خشک جلد کی حامل خواتین اسے ہرگز نہ لگائیں۔

٭ زیتون کا تیل تھوڑی مقدار میں روئی کے پھائے پر لگا کر اپنی جلد پر ملیں یہ ایک بہترین موئسچرائز ہے جو جلد کو خشکی سے بچا کر اس کو نرم و ملائم اور شاداب بناتا ہے۔

٭ دہی او ردودھ کو کلینزر اور ٹونر کے طور پر استعمال کریں۔ یہ قدرتی طور پر جلد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے اس کی شادابی کو قائم رکھتے ہیں۔

٭ چکنی جلد کے لیے لیموں کا عرق بہترین ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کالی کہنیوں اور گھٹنوں کی صفائی کے لیے بھی بہت موثر ہوتا ہے۔

انڈے کی سفیدی کو ماسک کے طور پر استعمال کرنے سے جلد جوان اور خوب صورت رہتی ہے یہ ماسک چکنی جلد والوں کے لیے بہت مفید ہوتا ہے۔

٭اگر آپ کی جلد خشک ہے تو اس کے لیے گھر میں تیار کیا گیا مایونیز بہترین قدرتی موائسچرائز کے طور پر استعمال کریں۔ یہ جلد کو نرم و ملائم کر کے اس کے حسن کو بڑھاتا ہے۔

٭ پھلبری کے نشانات کی صفائی کے لیے تل کا تیل استعمال کریں۔

٭ جو کا آٹا اپنے روز مرہ کے استعمال کے موئسچرائز میں مکس کر کے جلد پر ہلکے ہلکے مساج کریں۔ یہ بہترین اسکرب ہے۔

٭کھیرے کو بہترین اسکن فریشنر کے طور پر مانا جاتا ہے اس کا پیسٹ جلد پر لگائیں اور جلد کو تر و تازہ کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں