رات کو سوتے وقت بالوں میں ضرور کنگھی کرنی چاہیے اور صبح اٹھ کر بالوں کو سب سے پہلے برش یا کنگھی سے سلجھا لینا چاہیے، اس طرح آپ کے بال مضبوط رہیں گے۔
ایسی کنگھی لیں جس کے دانت چھدرے اور آگے سے نوکیلے نہ ہوں۔ لکڑی کی کنگھی ایسی مل جائے تو بہتر رہتی ہے، کیوں کہ اس سے بال الجھتے نہیں اور جلدی سیدھے ہوجاتے ہیں۔
کنگھی کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ کنگھی کے دانت جلد پر رگڑ نہ کھائیں۔ بالوں کے سلجھانے کے بعد سر میں نرمی کے ساتھ کنگھی پھیریں تاکہ جلد کی سطح کی ورزش ہوجائے۔ نرم و نازک بالوں میں کنگھی کے بجائے ہاف راؤنڈ برش کا استعمال بہتر رہتا ہے۔ بال زیادہ الجھے ہوئے ہوں تو پہلے آہستہ آہستہ نیچے سے سلجھائیں، اس کے بعد آپ اوپر سے بال سلجھانے شروع کریں، اس طرح وہ زیادہ ٹوٹیں گے نہیں۔
بالوں کی نوکیں نکل آتی ہوں تو آپ مہینے میں ایک بار خود کاٹ دیں یا کسی کی مدد لے کر کٹوالیں، اس طرح بال تیزی سے بڑھیں گے۔
اپنا برش اور اپنی کنگھی علیحدہ رکھیے۔ پندرہ روز بعد کنگھی کو تیز گرم پانی سے دھوئیں تاکہ میل نکل جائے، بعد میں ڈیٹول کے چند قطرے ایک دو کپ پانی میں ملا کر کنگھی دھوئیں اور سکھا کر رکھ لیں۔
بال دھونے کے دیسی طریقے
پہلے زمانے میں ملتانی مٹی سے سر دھویا جاتا تھا۔ پھر سرسوں کی کھل بھگوکر اس سے سر صاف کیا جاتا تھا، اس سے کھوپڑی کی جلد صحیح رہتی تھی، میل کچیل صاف ہونے لگا تھا۔ سرسوں کی کھل کا پانی موٹی ململ میں چھان لیا جاتا تھا اور اس پانی سے سر دھوتے تھے۔ دیہات میں تازہ گاڑھی چھاچھ سے سردھویا جاتا تھا۔ چھاچھ سے بال چمکیلے اور مضبوط ہوتے ہیں مگر اس کی بو ناخوشگوار محسوس ہوتی ہے، بعد میں شیمپو کر لینا چاہیے۔
آملہ اور سیکا کائی خرید لیں۔ ایک پاؤ آملہ اور ایک چھٹانک سیکا کائی کی پھلیاں کوٹ کر رکھ لیں۔ دو بڑے چمچے سفوف کے پانی میں رات کو بھگو دیں، صبح اس پانی سے سردھوئیں۔ بادام کی کھلی بازار سے لا کر رکھ لیں۔ تھوڑی سی پانی میں بھگوئیں اس سے سردھونے سے بال نرم ہوجاتے ہیں۔
ماش (اُرد) کی دال آدھا کپ لیکر بھگودیں، اسے باریک پیس کر سر دھوئیں بال لمبے اور گھنے ہوجائیں گے۔
چنے کی دال کا بیسن خود بنائیں۔ سر دھونے اور نہانے کے لیے بہتر رہتا ہے بشرطے کہ چکنے بال اور چکنی جلد ہو۔
خشک بالوں کے لیے ایک کپ دہی میں دو بڑے چمچے سرسوں کا تیل ملا کر پھینٹ لیں۔ سر میں لگانے کے دس منٹ بعد شیمپو کرلیں، شیمپو نہ کریں تو سر میں بو ہو جاتی ہے۔ انڈا توڑ کر اس میں زیتون کا تیل ایک چمچہ ملا کر سر میں لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد سر دھولیں۔ بال خوب صورت گھنے ہوں گے۔
سر میں خشکی ہو تو پرانا آم کا اچار تلاش کریں، اس کا تیل نتھار کر دہی میں ملا کر سر میں لگائیں پھر سر دھولیں۔
سیکا کائی سوپ سے سر دھونے سے بال سیاہ رہتے ہیں۔طریقہ:
سیکا کائی ایک چھٹانک
آملہ ایک پاؤ
ریٹھے 1/2 چھٹانک
میتھی دانہ 1/4 چھٹانک
کلونجی 1/4 چھٹانک
ہڑ 1/2 چھٹانک
بہیڑہ 1/2 چھٹانک
ان سب چیزوں کو باریک پیس کر رکھ لیں۔ دو چمچے ایک کپ گرم پانی میں رات کو بھگو دیا کریں اور صبح اس سے سردھو لیا کریں۔ اس سے بال لمبے اور گھنے ہوتے ہیں۔ مٹی کے برتن میں گرمی کے موسم میں بھگوئیں تو تمام دن ٹھنڈک کا احساس رہتا ہے اور بال بھی بڑھتے ہیں۔
ضروری احتیاط، علاج اور ٹوٹکے
۱- سر دھونے کے لیے ٹھنڈا پانی استعمال کریں البتہ سردی کے موسم میں ہلکے گرم پانی سے سر دھوئیں۔ تیز گرم پانی سے کبھی سر نہ دھوئیں، اس سے سر میں خشکی پیدا ہوتی ہے اور بالوں کی جڑیں کمزور ہونے کی وجہ سے بال گرنے لگتے ہیں۔
۲- نہانے سے پہلے بالوں میں تیل لگائیں اس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوجاتی ہیں۔
۳- بازاری خوشبودار تیلوں کے بجائے ناریل یا سرسوں کا تیل استعمال کریں۔
۴- کبھی کبھی نیم گرم پانی میں تھوڑا سا سرکہ اور لیموں کا عرق ملا کر اس سے سر دھو لیا کریں۔
۵- خوش رہنے کی کوشش کریں کیوں کہ خوش رہنے اور بالوں کی تندرستی میں بہت گہرا تعلق ہے۔ چڑچڑے پن، فکر اور خوف سے سر کی شریانوں تک خون کی روانی میں باقاعدگی نہ ہونے سے بالوں پر اثر پڑتا ہے۔ کیوں کہ ہیجانی کیفیت میں شریانیں سکڑ جاتی ہیں اور بالوں کی جڑوں کو تقویت پہنچانے کے لیے خون کا پہنچنا بند ہوجاتا ہے۔ دماغی پریشانیوں کے وقت آپ دس بارہ منٹ بالوں میں کنگھی کریں، یہ آپ کے دماغ اور بالوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
۶- دہی میں شکر ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگانے سے خشکی میں افاقہ ہوتا ہے۔
۷- اس کے عالوہ ایک آزمودہ ٹوٹکا: ایک بڑا چمچہ مہندی، ایک چمچہ سرسوں کا تیل، ایک انڈا دیسی مرغی کا اور آدھے لیموں کا رس۔ ان کو ملا کر چند گھنٹے کے لیے سر پر لگائیں اور پھر بال دھولیں۔ تین چار ماہ بعد یہ ٹوٹکا کرلیا کریں تو کبھی خشکی نہیں ہوگی۔ll