برسات کے موسم میں مناسب صحت و صفائی کی سہولتیں میسر نہ ہونے کی وجہ سے مختلف امراض پھوٹ پڑتے ہیں۔ جن میں اسہال کی بیماری سر فہرست ہے۔ صفائی ستھرائی کے ناقص نظام کی وجہ سے اسہال کی بیماری ہر عمر کے افراد کو ہوسکتی ہے لیکن شیر خوار اور کم عمر بچے اس بیماری سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
اسہال کی بیماری میں پیٹ میں مروڑ رہتا ہے، معدہ کمزور ہو جاتا ہے اور کوئی چیز بھی ہضم نہیں ہوتی۔ اس کے لیے سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے۔ ذیل میں اس حوالے چند ٹپس دی جا رہی ہیں:
کیلا
دست اور پیچش کے لیے اکسیر ہے، ایک کیلا دہی میں ملا کر کھائیں۔ ایک کچا کیلا دھوپ میں خشک کرنے کے بعد اسے چھیل لیں اور اس کے گودے کو پھینٹ لیں۔ اس کی گولیاں بنا کر دہی کے ساتھ کھائیں۔ ایک پیالی دہی میں ایک چٹکی زعفران حل کرلیں، پھر اس میں ایک کیلا کچل کر ملا کر کھلائیں، اسہال کی بیماری کے لیے بے حد مفید ہے۔
میتھی
ایک چائے کا چمچ میتھی پیس کرپانی کے ساتھ کھائیں، پیٹ کی خرابی کے لیے بہترین نسخہ ہے۔
دھنیا
کھانا کھانے کے بعد گیارہ دانے دھنیا چبا کر کھائیں، اس سے معدے کو تقویت ملتی ہے اور دست بند ہوجاتے ہیں۔ آدھا چمچہ چائے کا نصف گلاس پانی کے ساتھ صبح شام کھانے سے دست اور پیچش میں افاقہ ہوتا ہے۔
پیاز
دست، بدہضمی اور الٹیاں روکنے کے لیے تیس گرام پیاز، پودینہ کے چند پتے اور سات عدد کالی مرچ اچھی طرح پیس کر کھائیں۔
پودینہ
ایک گڈی پودینے کی پتیاں الگ کر کے قہودہ بنائیں۔ اس میں نصف لیموں کا رس ملا کر پئیں۔ اسہال میں بے حد مفید ہے۔
لیموں
ایک لیموں کے دو ٹکڑے کر کے ان میں چینی لگا کر ایک کپ ابلے ہوئے پانی میں ڈال دیں۔ کچھ دیر بعد جب پانی ٹھنڈا ہوجائے تو ہر آدھے گھنٹے کے وقفے سے ایک چائے کا چمچہ پئیں، بے حد مجرب نسخہ ہے۔
کڑی پتہ
۲۵ گرام تازہ کڑی پتوں کا رس نکالیں، اس میں آدھے لیموں کا رس نچوڑ لیں بعد میں حسب ذائقہ شکر ملا کر پی لیں۔ اس سے بیماری میں افاقہ ہوتا ہے۔ دس گرام کڑی پتے باریک پیس کر خالی پیٹ دہی کی لسی کے ساتھ کھائیں۔ معدے کی کمزوری اور اسہال کی بیماری کے لیے بے حد مفید ہے۔
املی
پچاس گرام املی کے بیج بھونیں، جب اچھی طرح بھن جائیں تو ان کے اوپر کا چھلکا اتار کر پیس لیں۔ ایک چائے کا چمچ اس کے ہم وزن شہد میں ملا کر گائے کے دودھ کے ساتھ کھائیں۔ پیچش اور دستوں کی بیماری اور ان کی وجہ سے ہونے والی کمزوری کے لیے بے حد مفید ہے۔
آم
آدھا کپ آم کے رس میں پچیس گرام دہی اور ایک چائے کا چمچہ پسی ہوئی ادرک اچھی طرح حل کر کے پئیں۔ دستوں اور معدے کی کمزوری کے علاج کے لیے تیر بہ ہدف نسخہ ہے۔ آم کی گٹھلی دھوپ میں سکھا کر اس کا مغز نکال کر پیس لیں، تین گرام سفوف کو پانی کے ساتھ کھائیں، دستوں میں فوری افاقہ ہوتا ہے۔ آم کی گٹھلی کا ایک چائے کے چمچے کے برابر سفوف ایک پیالی دہی میں ملا کر کھائیں، پرانی سے پرانی پیچش کا بہترین علاج ہے۔
ناریل
ناریل کا پانی دستوں کی بیماری کا قدرتی علاج ہے۔ ایک گلاس پانی روزانہ پینے سے پیٹ میں پیچش کے وائرس اور بیکٹیریا کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔
تربوز
معدے کی کمزوری کی وجہ سے نظام انہضام پر اثر پڑتا ہے۔ قے اور دستوں کی بیماری لاحق ہوتی ہے۔ نصف پیالی تربوز کے پانی میں تھوڑی سی مصری ملا کر پئیں، چند مرتبہ کے استعمال سے اس بیماری میں افاقہ ہوتا ہے۔
اسٹرابری
اسٹرابری کے تھوڑے سے پتے ابال کر اس کا پانی پئیں، اسہال میں بے حد مفید ہے۔ کمزور معدے اور دستوں کی بیماری کے مریض افراد زیادہ سے زیادہ اسٹرابری کھائیں۔
سیب
معدے کی کمزوری اور دستوں کے خاتمے کے لیے روزانہ ایک ترش سیب کھائیں۔ ایک سیب کا رس نکال کر پئیں۔ پیچش کی بیماری کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔ چند سیب کے چھلکے اتار کر دھوپ میں سکھالیں۔ جب اچھی طرح سوکھ جائیں تو ڈیڑھ پیالی پانی میں ڈال کر ابالیں، اس میں لیموں کا رس اور شہد ملا کر پئیں، پیچش کے لیے بہترین نسخہ ہے۔