بھنڈی

نرگس ارشد رضا

سبزیوں او رپھلوں کے استعمال اور صحت پر ان کے مفید اثرات کے بعد طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ لوگ غذا کا خیال رکھیں اور سادہ طرزِ زندگی اپنائیں تو کئی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ دواؤں خصوصاً اینٹی بائیوٹکس کے استعمال کے بجائے زمین پر موجود قدرت کے انمول خزانے اور صحت بخش سبزیوں اور پھلوں سے بیماریوں کو شکست دیں یا ان کے خطرات کم سے کم کریں۔ بھنڈی ایک ایسی سبزی ہے جسے اکثر لوگ لیس دار ہونے کی وجہ سے کھانا پسند نہیں کرتے ہیں، لیکن یہ ہماری صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔ طبی محققین کے مطابق اس سبزی میں وٹامنز، معدنیات اور دیگر غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں، جس کے استعمال سے کئی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ذیابیطس کے علاج اور گردے کے مرض میں بھی فائدہ مند ہے۔ اس میں کیلوریز، فائبر، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، چربی ، وٹامن سی اور میگنیشیم جیسے اہم قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ کولیسٹرول کو کم کرنے، دمہ سے بچاؤ کے علاوہ شوگر کے مریضوں کو بھی فائدہ پہنچاتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ بھنڈی ابتدائی عمر میں دمہ کی علامات مثلاً خرخراہٹ کے خلاف اثر دکھاتی ہے۔ یہ کولیسٹرول کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق بھنڈی نہ صرف نظام انہضام کے لیے بہتر ہے بلکہ فائبر کے ساتھ صحت مند کولیسٹرول کا ذریعہ بنتی ہے۔ بھنڈی میں موجود فائبر حل پذیر ہوتا ہے اور پانی میں تحلیل کیا جاسکتا ہے، جس کا ایک مطلب یہ ہے کہ کہ فائبر غذا کی نالی میں گویا پھیل جاتا ہے اور کھانے کی دوسری چیزوں میں کولیسٹرول کے ساتھ چپک کر جسم سے فضلے کے ساتھ خارج ہو جاتا ہے۔ اس عمل سے مجموعی طور پر کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے۔ اگر ذیابیطس جیسے خطرناک مرض کی بات کی جائے تو بھنڈی اس کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ سائنسی ریسرچز کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ حل پذیر ریشے کی وجہ سے بھنڈی شوگر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے اور یہ ایسی سبزی ہے، جس میں گلو کاز کی سطح جسم میں برقرار رکھنے کی صلاحیت ہے۔ دوسری طرف بھنڈی وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ اجزا سے بھرپور سبزی ہے جس سے مدافعتی نظام کو فائدہ پہنچتا ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی مدافعتی نظام کو خون کے سفید خلیات پیدا کرنے کے لیے متحرک کرتا ہے اور یہ جراثیم اور بیماریوں کے حملے کے خلاف لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں