تم مجھے بھول جاؤگے

آنند نرائن ملاَّؔ

رہ نہ سکے گا عمر بھر آج کا جوشِ اضطراب
آرزوؤں میں آئے گا کوئی ضرور انقلاب
پھر کوئی دوست ڈھونڈ ہی لے گی نگاہِ انتخاب
زیست ہے زیست، دل ہے دل، اور شباب پھر شباب
عہدِ وفا ہے ایک خواب
تم مجھے بھول جاؤ گے
٭
تم مجھے بھول جاؤگے
جس کی تجلیوں سے تھی بزمِ امید حشر خیز
جس کے تبسموں سے تھا سازِ حیات نغمہ ریز
جس کے نفس نفس سے تھی محفلِ دوش مشک بیز
رکھ کے کہو جگر پہ ہاتھ آج بھی ہے وہی عزیز؟
وقت ہے کچھ عجیب چیز
تم مجھے بھول جاؤ گے
٭
تم مجھے بھول جاؤگے
رسمِ جہاں ہے انقلاب، دور کا نام کائنات
دم کوئی لے سکے کہیں اتنا سکوں بھی دے حیات
آرزوؤں کی دل میں ہے ایک سجی ہوئی برات
ایک نگاہ ایک امنگ، ایک امنگ ایک رات
ہستیٔ عشق بے ثبات
تم مجھے بھول جاؤ گے
٭
تم مجھے بھول جاؤگے
کوئی کسی کی یاد میں حشر تلک جیا نہیں
تیرِ نظر کی چوٹ سے کوئی کبھی مرا نہیں
بن کے کھرنڈ سا داغِ جگر اڑا نہیں
سنگِ لحد کو توڑ کر سبزہ کہاں اُگا نہیں
تم کوئی لا دوا نہیں
تم مجھے بھول جاؤ گے
٭
تم مجھے بھول جاؤگے
پھر سے نگار خانۂ شوق کو تم سجاؤ گے
پھر کسی بت کے واسطے فرشِ نظر بچھاؤگے
آج کی بات کو کبھی خواب میں بھی نہ لاؤ گے
نام مرا اگر کوئی لے گا تو مسکراؤ گے
تم مجھے بھول جاؤگے
تم مجھے بھول جاؤ گے
٭

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146