تھکن او رجسمانی و ذہنی صحت

عائشہ جاوید

تھکن انسانی جسم کا لازمی حصہ ہے۔ ہم جب مسلسل حرکت میں رہتے ہیں تو جسم آرام کی ضرورت محسوس کرتا ہے۔ اسی ضرورت کے احساس کا نام تھکن ہے۔ کچھ لوگ سخت محنت یا زیادہ کام کے سبب تھکن کا شکار ہوتے ہیں اور کچھ لوگ یوں ہی ہر وقت خود کو تھکا تھکا محسوس کرتے ہیں۔ خواتین خصوصاً اس پریشانی کا شکار ہوتی ہیں۔ اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ انسان کی جسمانی یا ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔

بعض گھریلو خواتین اکثر جذباتی مسائل کا شکار رہتی ہیں۔ بظاہر انہیں جسمانی طور پر کوئی تکلیف نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود وہ اپنے آپ کو بہتر محسوس نہیں کرتیں۔ کبھی سرد درد، کمر درد، بیزاری یا پھر ہر وقت بلا وجہ کی تکان محسوس ہوتی ہے۔ اکثر خواتین اعصابی تناؤ بھی محسوس کرتی ہیں۔ یہ تمام علامات فکر اور پریشانی کے باعث ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ اپنی جسمانی استطاعت سے زیادہ کام کرنا بھی تھکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔ اپنے غموں، فکروں اور پریشانیوں کے بارے میں مسلسل سوچتے رہنے اور انہیں صرف خود تک محدود رکھنے کی وجہ سے سخت قسم کے اعصابی تناؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ماہر نفسیات جے اے ہیڈ فیلڈ کے مطابق ’’جس تکان سے ہمیں تکلیف پہنچتی ہے وہ زیادہ تر ذہنی ہوتی ہے جسمانی نہیں۔‘‘

اس لیے کوشش کریں کہ اپنی پریشانی، فکر اور کسی قسم کی الجھن کو اپنے شوہر سے ضرور شیئر کریں، کیوں کہ شوہر آپ کا بہترین دوست بھی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ اپنی ماں، بہن یا پھر کسی قابل اعتماد دوست سے ذکر کریں اور ان کے دیے گئے مناسب مشوروں پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ بہت سی ایسی باتیں ہیں کہ اگر گھریلو خواتین ان پر عمل کریں تو کسی حد تک تکان سے دور رہ سکتی ہیں۔

۱- اپنے کاموں کو سر انجام دینے کے لیے ان کی ایک فہرست بنا لیں۔ اس طرح سے سب کام وقت پر ہوجائیں گے اور آپ کو خود پر توجہ دینے کے لیے بھی کچھ وقت میسر ہوجائے گا۔

۲- ہر چیز کو اس کی جگہ پر رکھیں، کیوں کہ یہ سلیقہ شعار ہونے کی علامت ہے۔ اس سے آپ کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہوجائے گی۔ واشنگٹن کانگریس لائبریری کی چھت پر انگریزی کے معروف شاعر پوپ کا یہ مصرعہ لکھا ہوا دکھائی دے گا کہ ’’ترتیب اس کائنات کا سب سے پہلا اصول ہے۔‘‘ اگر آپ بھی اس پر عمل کریں تو بہت سی پریشانیوں سے نجات پاسکتی ہیں۔

۳- گھر کے اہم کام سب سے پہلے نمٹائیں اور جو معمولی نوعیت کے کام ہیں وہ بعد میں کریں۔ ایسا کرنے سے آپ خود کو پرسکون محسوس کریں گے۔

۴- اپنے قریبی ہمسایوں میںدلچسپی لیں، ان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر آپ لوگ ایک دوسرے کے کام آسکیں کیوں کہ اچھے اور پرخلوص ہمسایے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتے۔

۵- اکثر خواتین اعصابی تناؤ کے باعث سردرد، آنکھوں اور گردن کے پٹھوں میں کھنچاؤ محسوس کرتی ہیں۔ آنکھوں کے مسلز کو آرام پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ جسمانی ورزش کو معمولی بنائیں۔ اس لیے درج ذیل ورزش مفید ہوگی۔ سب سے پہلے آپ آرام دہ حالت میں کسی کرسی پر بیٹھ جائیں، ذہنی طور پر خود کو پرسکون رکھیں، ہر قسم کی فکر اور پریشانی کو ذہن سے نکال دیں۔ آنکھیں بند کرلیں۔ اب دائیں ہاتھ کی ہتھیلی کو دائیں آنکھ اور بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کو بائیں آنکھ پر رکھ دیں۔ دونوں بازوؤں کو کہنیوں کو یا تو میز پر ٹکادیں یا پھر انہیں گھٹنوں کو ملا کر ان پر رکھیں، ایسا کم از کم دس سے بیس منٹ تک کریں۔ اس سے آپ خود کو ذہنی طور پر پرسکون محسوس کریں گی اور آپ کی آنکھوں کا تناؤ بھی کسی حد تک کم ہوجائے گا۔ گردن کے سکڑے ہوئے عضلات اور پٹھوں کو دوبارہ لچیلا بنانے کے لیے صبح کے وقت آپ کسی ہوادار جگہ پر کھڑی ہوجائیں، گہرے گہرے سانس لیں۔ اس کے بعد سر کو پہلے بائیں جانب جس قدر لے کر جاسکیں موڑیں، پھر واپس سیدھی پوزیشن میں لے آئیں، اس کے بعد دائیں جانب جس قدر گردن کو موڑ سکیں، موڑ دیں۔ اس ورزش کو کم از کم پانچ سے دس منٹ کریں۔ اس سے آپ کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کا اوپری حصہ آرام محسوس کرنے لگے گا۔ گردن کے پٹھوں کا کھنچاؤ بھی ٹھیک ہوجائے گا۔ ان سب باتوں پر عمل کر کے یقینا آپ تھکاوٹ سے دور ہوسکتی ہیں۔ خود کو بہتر محسوس کریں گی اور اپنے گھریلو کاموں کو خوش دلی سے سر انجام دینے کی کوشش کرسکتی ہیں۔ lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں