خوب صورت اور صحت مند جلد کے لیے خون کے دوران کو تیز کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے لیے بھاپ مددگار اور مفید ثابت ہوتی ہے۔ قدرتی اجزا سے لی گئی بھاپ چہرے کی تازگی اور خوبصورتی برقرار رکھنے میں اہم کردارادا کرتی ہے۔ بھاپ لینے سے جلد کے مساموں کے اندرکی گندگی دور ہوجاتی ہے۔ یہ گندگی مٹی اور گردوغبار کے ذرات ہوتے ہیں، جو مساموں میں جمع ہوجاتے ہیں۔ گندگی دور ہونے سے چہرہ حسین اور شاداب ہوجاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر پابندی سے بھاپ لی جائے تو اس سے جلد پر موجوددانوں میں کافی حد تک کمی آجاتی ہے۔ جن خواتین کی جلد کھردری اور خشک ہوتی ہے، ان کے لیے بھاپ ایک بہترین ٹانک ہے۔ اس سے ان کی جلد کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ جاذب نظر ہوجاتی ہے۔ جن خواتین کی جلد بہت زیادہ چکنی ہوتی ہے، اْن کے لیے ہر روز بھاپ لینا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، جب کہ نارمل جلد والی خواتین کو ہفتے میں ایک باربھاپ ضرور لینی چاہیے۔
جن خواتین کی جلد خشک اور کھردری ہوتی ہے ان کو چاہیے کہ بھاپ لینے کے لیے پانی میں چند جڑی بوٹیاں ضرور شامل کریں۔ ایک صاف پتیلی میں پانی اْبالیں اور اس میں چاے کے دو بڑے چمچے بابونہ (CHAMOMILE) کے خشک پھول ، دوچمچے گلاب کی خشک پتیاں ، ایک چمچہ روغن بادام، پانچ قطرے لوبان کا تیل ، پانچ قطرے گلاب کا تیل اور تین قطرے صندل کا تیل شامل کردیں۔ اب پانی کو پانچ منٹ ڈھانپ کررکھنے کے بعد بھاپ لیں۔ پانی میں شامل کی گئی گلاب کی پتیاں خشک اور خارش زدہ جلد کو سکون دیتی ہیں اور بابونہ کے پھول رنگ گورا کرتے اور جلد کونرم وملائم بناتے ہیں ، جب کہ روغن بادام جلد کو قدرتی طور پر نمی بخشتا ہے۔
چکنی جلد والی خواتین کے لیے بھی بھاپ لینا ضروری ہے۔ گرم پانی میں شامل روزمیری (ایک پودا ) کے پتے ، اجمود (پارسلے ) اور پودینے کی پتیاں چکنی اور دانوں والی جلد کے لئے فائدہ مند ہوتی ہیں، جب کہ اسطوخودوس (لیونڈر) کاتیل جلد کو صحت مند بنانے میں مدددیتا ہے۔
بھاپ لینے کے لیے ایک برین میں پانی ابالیں۔ پھر اس میں ایک چوتھائی کپ خشک روزمیری کے پتے ، ایک چوتھائی کپ خشک اجمود کے پتے ، دو چمچے پودینے کے خشک پتے، دس قطرے اسطوخودوس اور دس قطرے لیموں کے شامل کرکے بھاپ لیں۔ اس سے چہرے پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے۔
نارمل جلد
نارمل جلد والی خواتین بھی بھاپ لیں۔ جلد کونمی اور تازگی بخشنے کے لیے ایک بڑے اور کھلے منھ والے برتن میں پانی لیں۔ پھر اس میں ایک چاے کا چمچہ گیندے کے پھول کے پتیاں ، ایک چمچہ بابونہ کے پھول، ایک چمچہ رس بھری کے پتے، ایک چمچہ پودینے کے پتے اور ایک چمچہ اسٹرابیری کے پتے ڈال کرچند سکینڈ تک اْبالیں۔ پھر اسے تھوڑی دیر کے لئے ڈھانپ کررکھ دیں۔ اب تولیاسر پر ڈال کربھاپ لیں۔ ہر قسم کی جلد کے لیے بھاپ لینے کا یہ طریقہ بہترین ثابت ہوگا۔
حساس جلد
حساس جلد والی خواتین ضرور بھاپ لیں۔ خشک اور مرجھائی ہوئی جلد کو تروتازہ اور چمک دار بنانے کے لیے اْبلتے ہوئے پانی میں دوچاے کے بڑے چمچے بابونہ کے خشک پھول ، دو چمچے سونف ، دو چمچے گلاب کی پتیاں اور تھوڑے سے گاؤ چشم اور گیندے کے پھول شامل کردیں۔ چند سکینڈ تک اْبالنے کے بعد برتن کو چولھے سے اْتار کرپانچ منٹ کے لیے ڈھانپ کررکھ دیں۔ پھراس کی بھاپ لیں۔
بھاپ لینے کے بعد جلد کوتروتازہ رکھنے کے لیے ٹونر کااستعمال کریں۔ یہ جلد کی صفائی کرنے والا حسن افزا مرکب چہرے کے مردہ خلیات کو اْتازنے اور مساموں کو بندکرنے میں مدد دیتا ہے۔ ٹونر کاانتخاب جلد کی اقسام پر منحصر ہے۔ خشک اور حساس جلد پر بھاپ لینے کے بعد روئی سے پورے چہرے پر ٹھنڈا دودھ لگائیں۔ دودھ جلد کو قوت بخشتا اور نرم وملائم بھی رکھتا ہے۔
داغ دھبے دار جلد
داغ دھبوں اور بے رونق جلد کو رعنائی بخشنے کے لیے ایک برتن میں پانی ابالیں۔ پھر اس میں دوچائے کے چمچے پودینہ صحرائی (THYME) کے پتے (جواپنی تیز خوشبو کی وجہ سے مشہور ہیں ) دوکھانے کے چمچے گاؤ چشم کے پھول اور دوکھانے کے چمچے پودینے کے پتے شامل کرکے بھاپ لیں۔ بھاپ لینے کے بعد چہرے پر گلاب کا عرق لگائیں۔ یہ عرق بہت اچھا ’’ ٹونر‘‘ ثابت ہوتا ہے۔
خوشبودار قدرتی جڑی بوٹیوں اور پھولوں سے کشیدکردہ تیل کی بھاپ لینے سے نہ صرف جلد پر خوش گوار اثرات مرتب ہوتے ہیں، بلکہ اعصاب کوسکون اور راحت بھی ملتی ہے۔ روزمیری کے پتے بیکٹیریا ، پھپھوندی (فنگس) اور جراثیم سے مزاحمت کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔
قدرتی جڑی بوٹیوں پر مشتمل بھاپ جلد کے لیے بہت مفید اور ضروری ہے۔ ان کے منفی اثرات جلد پر مرتب نہیں ہوتے، بلکہ یہ جڑی بوٹیاں جلد کی حفاظت کرتی ہیں۔lll