پیپل کا درخت برصغیر میں عام پایا جاتا ہے۔ اس کی کھال سخت اور خاکستری مائل سفید ہوتی ہے۔ اونچائی ۸۰ سے ۱۰۰ فٹ تک ہوتی ہے۔ چھتر چھایا میں اسے کمال حاصل ہے۔ اس درخت میں جڑ سے لے کر چوٹی کی سب سے اونچی کونپل تک شفا ہی شفا ہے۔ اس میں بے شمار بیماریوں کا علاج پوشیدہ ہے۔ پیپل کے درخت کی گھنی اور ٹھنڈی چھاؤں کے باعث اس کی بڑی اہمیت ہے۔ لڑکیاں بالیاں اس کی مضبوط ٹہنیوں پر جھولے جھول کر خوش ہوتی ہیں۔ اس درخت کے اتنے خواص اور اس میں اتنی بیماریوں کا علاج ہے کہ عقل دنگ رہ جائے۔ شاید یہی وجہ ہو کہ ہندوستان میں اس کی غیر مسلم لوگ پوجا کرتے ہیں۔ آئیے آپ کو چند بیماریوں کے کچھ علاج بذریعہ پیپل بتاتے ہیں۔
نکسیر
اگر نکسیر کسی طرح بند نہ ہو تو پیپل کی چھال پانی میں پیس کر لگائیں۔ علاوہ ازیں چھال کوٹ کر رات بھر پانی میں بھگو دیں۔ صبح نتھرے ہوئے پانی میں شربت یا کھانڈ ملا کر مریض کو پلائیں، نکسیر بند ہوجائے گی۔
یرقان
پیپل کی خشک چھال اتار کر پھینک دیں اس کے نیچے سے اندرونی نرم چھال چار تولے لے کر ٹکڑے ٹکڑے کریں اور رات کو کورے مٹی کے برتن میں ڈیڑھ پاؤ پانی میں بھگو دیں۔ صبح چھان لین (نہایت خوش رنگ ہوگا) اور کچھ ملائے بغیر پی لیں۔یہ دوا کم ازکم دو ہفتے استعمال کریں۔ اس کے ساتھ گیہوں کی روٹی اور چوزے کی یخنی استعمال کریں۔ (چوزہ ایک ماہ یا اس سے چھوٹا ہو) اگر کسی کو پرہیز ہو تو یہ ضروری بھی نہیں مگر دہی یاد ہی کی لسی کا استعمال نہایت ضروری اور مفید ہے۔
قے
بعض مریضوں کو بخار کے ساتھ قے آتی ہے۔ ہیضے میں تو قے خطرہ جان ہو جاتی ہے اور مریض کو کچھ ہضم نہیں ہونے دیتی۔ ایسی صورتِ حال کے لیے مجرب نسخہ پیش ہے۔
پیپل کی چھال کو اتنا جلائیں کہ دھواں باقی نہ رہے پھر ان کوئلوں کو پانی میں بجھا دیں اور پانی نتھار کر پلائیں، اس سے قے فوراً بند ہو جاتی ہے (پانی گھونٹ گھونٹ کر کے پلایا جائے)۔
قبض
اسے تمام بیماریوں کی ماں سمجھا جاتا ہے۔ پیپل کے ذریعے اس کا علاج بھی ممکن ہے۔ پیپل کا پھل لے کر سائے میں خشک کرلیں اور برابروزن میں دیسی کھانڈ ملا کر رکھ لیں۔ رات کے وقت دو ماشہ دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔
امراضِ قلب
پیپل کے پتے رات کو پانی میں بھگو دیں اور اگلی صبح پانی نتھار کر سفید بوتلوں میں بند کرلیں۔ اس پانی کا ۱۰۰ ملی لیٹر روزانہ استعمال ضعف قلب اور تیز دھڑکن کی حالت میں مفید ہے۔
پھوڑے پھنسیاں
یہ موسم برسات کی تکلیف دہ سوغات ہیں ان سے نجات کے لیے پیپل کا ایک پتا گھی میں خوب گرم کر کے ٹھنڈا ہونے دیں۔ نیم گرم ہونے پر پھوڑے کے اوپر رکھ کر باندھ دیں، مواد پک کر نکل جائے گا۔ اگر پھوڑا ابتدائی کیفیت میں ہو تو اس کی نشو نما رک جائے گی۔
دست
پیپل کی چھال جلا کر کوئلہ کرلیں اور باریک پیس کر ایک چٹکی منہ میں ڈال کر پانی پی لیں، دست سے شفا ملے گی۔
ورم
درد کی جگہ پیپل کی سخت چھال پانی میں پیس کر لگائیں، درد اور ورم سے افاقہ ہوگا۔
پیاس
اگر مریض کی پیاس کسی طرح ختم نہیں ہو رہی تو چھال پیپل جلا کر پانی میں اس کا کوئلہ بجھا دیں پھر وہ پانی مریض کو پلائیں، اس سے افاقہ ہوگا۔lll