حجاب کے نام

شرکاء

اسلامی لٹریچر کی اہمیت

نومبر کا حجاب اسلامی سادہ اور پرکشش ٹائٹل کے ساتھ موصول ہوا۔

اصلاحِ معاشرہ اور خواتین، تربیت اولاد میں حیاء کا پہلو اور بچیوں کے استحصال کی نئی شکل کے مضامین پسند آئے۔

ماہ نامہ حجاب اسلامی اپنی نوعیت کا منفرد رسالہ ہے، جو خواتین اور طالبات میں اسلامی فکر اور شعور کی بیداری کا کام انجام دے رہا ہے۔ بہ ظاہر یہ ایک رسالہ ہے مگر اپنے اثرات کے اعتبار سے غیر معمولی ہے۔

اس وقت بازار میں جو بھی لٹریچر دستیاب ہے خواہ وہ کسی بھی زبان میں ہو وہ تعمیری کم اور ذہن و فکر کو آلودہ کرنے والا زیادہ ہے۔ اخبارات و رسائل کا حال تو بہت برا ہے۔ روز ناموں میں عریانیت اور گندے پن کا جیسے مقابلہ چل رہا ہے۔ بعض اوقات تو اخبار کے صفحات غائب کردینے پڑتے ہیں کہ بچے دیکھیں گے تو ان کے ذہن و فکر پر غلط اثر پڑے گا۔ میٹرو شہروں کے اخبارات کا حال تو عجیب و غریب ہے۔

ایسے میں دینی لٹریچر اور اسلامی رسالوں کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ جو لوگ اپنی نسلوں کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے گھر میں اسلامی لٹریچر فراہم کریں تاکہ بچوں کے ذہن و فکر اور دین کی حفاظت ہوسکے۔ علی احمد ساحل

گوئیاں تالاب، رام پور (یوپی)

مضامین پسند آئے

ماہ نومبر کا حجابِ اسلامی بہت اچھا لگا۔ در اصل حجاب اسلامی کا ہمیں بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ اصلاح معاشرہ اور خواتین اور تربیت اولاد میں حیا کا پہلو اچھے مضامین تھے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حجابِ اسلامی کو سماج کے لیے خیر کا ذریعہ بنائے اور اسے ترقی دے۔

مسرت پروین اور نشاط پروین

پداپلی (آندھرا پردیش) بذریعہ ای-میل

حج اور ہماری زندگی

ماہِ اکتوبر کاحجابِ اسلامی اس وقت سامنے ہے۔ بہت دنوں سے خط لکھنے کا خیال ذہن میں تھا مگر عملی جامہ نہ حاصل کرسکا۔ اس شمارے میں گوشۂ حج و قربانی دیکھ کر دل تڑپ اٹھا اور گزشتہ سال کے حج کی یادیں ایسے تازہ ہوگئیں جیسے ابھی کل کی بات ہے اور پھر منیٰ سے لے کر جمرات تک کے مناظر نگاہوں میں گھوم گئے۔ مدینہ کی گلیاں یاد کر کے کئی بار آنکھیں چھلک گئیں۔ یہ دعا رہتی ہے کہ اللہ بار بار اپنے دربار میں حاضری کا موقع دیتا رہے۔ آمین

حج اسلام کی اہم ترین عبادت ہے۔ یہ ایک طرف توحید انسانیت ہے کہ حضرت آدم ؑ سے لے کر آج تک کے انسانوں کو ایک لڑی میں پروتی ہے، دوسری طرف توحید ملت کا بھی درس ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان ایک امت ہیں اور انہیں زندگی اسی طرح مل جل کر صبر و تحمل کے ساتھ اور اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق گزارنی چاہیے۔

حج انسان کی زندگی کو پاک وصاف رکھنے اور اللہ کا رنگ ’’صبغۃ اللہ‘‘ دینے کا اہم ذریعہ ہے مگر اس وقت لاکھوں لوگ جو اس نعمت سے فیض یاب ہوتے ہیں اپنے آپ کو اللہ کے رنگ میں رنگنے اور اپنی زندگی کو پاک و صاف کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ اور دیکھا جاتا ہے کہ حج کے بعد بھی ان کی زندگی میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آتی۔

ان تمام لوگوں کو جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے دربار میں حاضری کا شرف بخشا ہے، چاہیے کہ وہ اپنے اس شرف کی حفاظت کریں اور اپنی زندگی کو حج کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔

ش-الف

بنگلور (بذریعہ ای-میل)

ایک مشورہ

ماہ اکتوبر کا شمارہ زیر مطالعہ ہے۔ جزاک اللہ خیراً کہ آپ میری تحریروں کو شائع کر رہے ہیں۔

میں آپ کی توجہ اس طرف مبذول کرانا چاہتی ہوں کہ حجاب میں ’اخبارِ نسواں‘ ہر ماہ شائع کریں۔ دلچسپی رہتی ہے ساتھ ہی اگر ماہِ مارچ میں یومِ خواتین کی مناسبت سے ہر سال ایک خاص شمارہ نکالا جائے اگر صفحات زیادہ ہو تو بہتر ہے اور اگر نہ بھی ہوں تو یہ کوشش کی جائے کہ اس شمارہ میں ’اخبار نسواں‘ کے تحت سال بھر کے خواتین کے ترقیاتی حالات اور دیگر تمام چیزوں کو پیش کیا جائے، کسی شخصیت کا انٹرویو شائع ہو (خاتون شخصیت) اور بھی بہت کچھ اس میں اضافہ کیا جاسکتا ہے جو عام شمارہ سے ہٹ کر لگے اور اس خاص شمارہ کی تشہیر بھی ہم کرسکتے ہیں۔ طالبات کا انٹرویو بھی شائع کیا جاسکتا ہے۔ امید ہے کہ آپ اس مشورہ پر غور کریں گے۔ میں آپ کی رائے جاننا چاہوں گی۔ ماہ اکتوبر میں خالد سیف اللہ نے اپنے خط میں آخر میں جو مشورہ دیا ہے وہ قابل غور ہے، میں ان سے متفق ہوں۔

اگر آپ کے ذہن میں کوئی عنوان ہو جس کے تحت میں کچھ لکھ سکوں تو اس سے بھی مجھے آگاہ کریں۔

سمیہ تحریم

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146