خوب سے خوب تر
حجاب کے مطالعہ سے دل و دماغ کو جو خوشی حاصل ہوتی ہے اس کا اظہار تحریر میں لانے سے قاصر ہوں۔ حجاب کا ہرآنے والا شمارہ اپنے پچھلے شماروں سے بہتر اور خوب تر ہے۔ ہر مضمون اور ہر صفحہ لاجواب ہے۔
پیکر سعادت معز
ہنمکنڈہ، ورنگل
حجاب اسلامی اچھا رسالہ ہے
الحمد للہ پچھلے کئی سالوں سے حجاب اسلامی مطالعہ کر رہی ہوں۔ درمیان میں مدت سے مطالعہ نہیں کر پا رہی تھی۔ لیکن اب اللہ کے رحم و کرم سے پچھلے چند مہینوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔
حجاب اسلامی مجھے بہت پسند ہے۔ اس میں بہت سی دینی اور ضروری معلومات ہوتی ہیں اور میں اس کا بے صبری سے انتظار کرتی ہوں۔ میں دعا کرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ اسے خوب ترقی عطا فرمائیں۔ (آمین)
سمیہ خاتون محمد شکور
نظام آباد (آندھرا پردیش)
مضمون پسند آیا
مجھے ماہ نامہ حجاب اسلامی کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ اگست کا شمارہ پڑھا، سبھی مضامین اچھے تھے۔ شیطان کا استعفیٰ بہت پسند آیا۔ اللہ کرے حجاب اسلامی پھیلتا اور مقبول عام ہوتا جائے۔
محمد اشرف علی ، پداپلی (اے پی) بذریعہ ای میل
بے باک اداریہ
ستمبر کا حجاب اسلامی دیکھ کر دل خوش ہوگیا۔ خوب صورت ٹائٹل اور دل کو چھولینے والی تحریریں۔ اولاد کی سخت دلی پر سمیر یونس کی تحریر والدین کو دعوت غور و فکر دیتی ہے۔ اسی طرح بچوں کے جھگڑوں کے بارے میں والدین کو قیمتی معلومات فراہم کی گئی ہے۔
حجاب اسلامی کا اداریہ بے لاگ اور بے باک ہے۔ پورا مصر خون میں ڈوبا ہوا ہے۔ پوری مصری قوم سڑکوں پر ہے مگر دنیا کو جمہوریت نظر نہیں آتی۔اس پورے معاملے میں سعودی عرب کا رول بڑا شرمناک ہے۔ سعودی حکمراں کھل کر عوام کو ’دہشت گرد کہہ رہے ہیں اور دہشت گرد انقلابیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔
مشفقہ صبوحی ،نالندہ( بہار)
مشورہ
ماہ اگست ۲۰۱۳ء کا شمارہ موصول ہوا۔سرورق جاذب نظر آیا ،دل کو چھو گیا ۔تذکیر میں ــ’’آپسی نفرت سے گریز ‘‘کے ذریعہ اس شمارے کا آغاز نہایت ہی مفید ہے ۔کیونکہ آج کے حالات میں نفرت ایک عام سی بات ہو گئی ہے ۔اللہ ہمیں اس سے حفاظت فرمائے ۔اداریہ میں آپ نے مصر کے حالات پر تبصرہ کیا جو کہ مجھے پسند آیا اور میرا خیال بھی وہی ہے جو آپ کا ہے ۔اللہ صدر مرسی کی حمایت فرمائے اور انہیں دیکھ کر دیگر مسلم حکومتیں اسلام کی راہ اپنائیں ۔اس کے علاوہ بہت سے مضامین جیسے مخلوط تعلیمی نظام اور اس کے مسائل،دعوت و تبلیغ میں کوتاہی کے اسباب ،طالبات میں دعوتی کام،مربی کے اوصاف ،علم ،عقل اورعمل وغیرہ معلومات سے پُر تھے۔ باقی جو حجاب اسلامی کے روشن ستارے ہیں وہ بھی پسند آئے ۔
ایک مشورہ ہے کہ’’ہر مضمون کے شروع میں ’’ریورس‘‘کر کے کچھ حروف لکھے ہوتے ہیں جو کہ مضمون کے شروع کے لفظ کا پہلا حرف ہوتاہے ۔اگر حرف کے بجائے اسی پہلے لفظ کو ہی ریورس کیا جائے یا کچھ بڑا کر دیا جائے تو زیادہ بہتر ہو سکتاہے ۔‘‘اللہ کرے کہ یہ رسالہ ہماری خواتین کو دین و دنیا میں اپنے ایمان کی حفاظت کرنے کے سلسلے میں تعاون کرے ۔آمین
ماہنامہ حجاب اسلامی کی ٹیم کو سلام عرض ہے ۔
خالد سیف اللہ فلاحی، رانچی (جھارکھنڈ)