نیک عمل
ماہ نامہ حجاب اسلای، ضلع اننت پور کے مقام کدری میں پہلی بار متعارف ہوا ہے۔ شمارہ پسند آیا۔ خواتین کی دین اور دنیا کے معاملات میں رہ نمائی کی کوشش کی جا رہی ہے یہ واقعی ایک نیک عمل ہے۔
نرہت نوشین
کدری، اننت پور (اے پی)
ایک شکایت
ماہ نامہ حجاب اسلامی خواتین کا منفرد رسالہ ہے اور ہمارے یہاں کافی پسند کیا جاتا ہے۔ ہم اپنے مقام پر خواتین اور طالبات سے مضامین لکھوا کر بھیجتے ہیں لیکن ابھی تک کئی مضامین شائع نہیں ہوئے۔ لکھنے والی لڑکیاں اور خواتین شکایت کرتی ہیں۔ ہمیں ڈر ہے کہ وہ بد دلی کا شکار نہ ہوجائیں۔حجاب اسلامی کے مضامین معیاری، مفید اور کارآمد ہوتے ہیں۔
بشریٰ نیاز ،دلیپ نگر، مرتھل
[بشریٰ صاحبہ! آپ اپنے یہاں پر خواتین اور طالبات سے مضامین لکھواتی ہیں یہ بہت ہی قابل قدر ہے۔ اللہ چاہے گا تو اس طرح بہت سی بہنیں قلم کی طاقت سے بہرہور ہوجائیں گی۔ ہم لوگ کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ نئی لکھنے والی بہنوں کی تحریرں شائع کریں۔ اس کے لیے ہم بھر پور ایڈیٹنگ بھی کرتے ہیں۔ مگر بعض مضامین محض تقریر کے طور پر بھیجے جاتے ہیں، ان میں نہ معلومات ہوتی ہیں اور نہ تحریری انداز۔ ایسے میں انہیں شائع کرنا ہمارے لیے مشکل ہو جاتا ہے۔ہمارا اپنا بھی ایک معیار ہے جسے باقی رکھنا قارئین کی طرف ہم پر عائد کردہ ذمہ داری ہے۔جن کی تحریریں حجاب میں شائع نہیں ہوئیں انہیں حوصلہ دیجیے اور مستقل لکھنے پر ابھاریے۔بعض بہنوں کی آپ رہ نمائی کیجیے اور مناسب معلوم ہو تو ہم سے رابطہ کرنے کو کہیے، ہم تو موضوع اور مواد تک فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔[ایڈیٹر]