خواتین کی صحت

خواتین کی صحت

کیا عورت کے بنا گھر کا تصور کیا جاسکتا ہے؟ چاہے پھر وہ روپ اک ماں کا ہو، بہن کا ہو، بیٹی کا ہو یا بیوی کا۔ عورت بغیر گھر ایک مکان ہی رہتا ہے چاہے وہ مکان کتنا ہی عالی شان کیوں نہ ہو۔ گھر کی رونق، اس کی خوب صوررتی اور گھر کا نکھار ایک عورت کے دم سے ہی ہے۔ جسے معاشرے کا ہر مرد بھی تسلیم کرتا ہے لیکن اظہار کی صلاحیت ہر ایک کے پاس نہیں ہوتی۔ تاہم آج موضوع عورت کی عظمت یا اہمیت کا نہیں اس کی صحت اور اس پر توجہ کا ہے۔ کیوں کہ ہمارے ارد گرد ایسی بہت سی خواتین ہیں جو گھر اور اہل خانہ کی فکر میں اپنا آپ بالکل نظر انداز کردیتی ہیں۔ نتیجہ صحت کی خرابی، شوہر کی بیوی کے وجود سے لاپرواہی اور اکتاہٹ، بچوں کی ماں میں عدم دلچسپی کی صورت برآمد ہوتا ہے جو کہ ایک عورت کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ہماری خواتین روز مرہ کے معاملات میں اس قدر الجھ چکی ہیں کہ انہیں اپنی طرف دیکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔ اگر آپ کے کندھوں پر بھی گھر کے تمام کاموں کا بوجھ ہے تو اس ذمے داری کو بہ خوشی نبھائیں لیکن اپنا وجود ہرگز نظر انداز نہ کریں۔ اپنی صحت اور خوبصورتی کا پورا خیال رکھیں، جس کے لیے آپ کو صرف اپنے معمولات میں معمولی تبدیلیاں لانی ہوں گی۔ اچھی صحت اور شخصیت کے حصول کے لیے اپنی مصروف زندگی کو کیسے تبدیل کیا جائے تو اس کے لیے پریشان نہ ہوں تھوڑی سی توجہ اور وقت آپ کی یہ مشکل بہ آسانی دور کردے گا۔

صرف آدھا گھنٹہ دھوپ!

اچھی صحت کے لیے ضروری ہے کہ تمام خواتین اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لائیں۔ دن کا آغاز صبح سے کیا جاتا ہے اور اس صبح سے صرف تیس منٹ اپنے لیے نکالیں اور یہ وقت دھوپ میں گزاریں۔ اگر یہ امر مشکل محسوس ہو تو اس آدھے گھنٹے کے لیے ان کاموں کو علیحدہ کریں جو دھوپ میں بیٹھ کر انجام دیے جاسکتے ہیں۔ میڈیکل سائنس اور ڈاکٹروں کے مطابق دھوپ نہ صر ف انسانوں بلکہ حیوانوں، اناج، پھل، فروٹ، سبزیاں سب کے لیے ضروری ہے کیوں کہ انسانوں کے جسم کو ایک طرف دھوپ سے وٹامن ڈی بنانے میں مدد ملتی ہے تو دوسری جانب دماغ ایک ہارمون میلاٹونن کی افزائش روک دیتا ہے جو اندھیرے میں بنتا ہے۔ یہ ہارمون ہمیں سلانے میں مدد کرتا ہے۔ صبح کی دھوپ اس کی افزائش روکتی ہے اور ہمیں تندرست و توانا اور چاق و چوبند رہنے میں مدد دیتی ہے۔

نیند کو ترجیح بنائیں

امریکہ میں ہونے والی تحقیق کے نتائج کے مطابق خواتین کو نیند کی مردوں سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ کیوں کہ خواتین کا دماغ بیک وقت بہت سی مصروفیات میں الجھا رہتا ہے۔ اس لیے مناسب نیند نہ ملنے کی صورت میں ڈپریشن اور مایوسی کا خدشہ کافی بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند میں کمی کے باعث خواتین کو بہت سی بیماریوں اور مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لیے ان کے لیے پرسکون اور اچھی نیند نہایت ضروری ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ نیند سے ایک گھنٹے قبل ٹی وی، اسمارٹ فون اور کمپیوٹر وغیرہ بند کردیں۔ اس سے آپ کا دماغ نیند کے لیے تیار ہوگا اور یوں میلاٹونن بنانا شروع کر دیتا ہے۔ سونے کے کمرے میں مکمل اندھیرا رکھیں اور نیند کا شیڈول ضرور بنائیں۔

۲۰ منٹ ورزش!

خواتین اپنے روز مرہ کے معمولات میں ۲۰ منٹ ورزش کے لیے نکالیں ورزش کے لیے مناسب وقت دوپہر کا ہے اگرچہ خواتین صبح کے کاموں کے باعث دوپہر میں خاصی تھکن محسوس کرنے لگتی ہیں۔اس لیے کوشش کریں ہ دوپہر میں کم شدت کی ورزش کریں خواہ وہ ایئرو بکس ہو یا کوئی اور جسمانی مشقت۔ جارجیا یونیورسٹی میں کیے گئے سروے نتائج کے مطابق ہفتے میں تین مرتبہ روزانہ بیس منٹ ورزش کرنے والی خواتین میں تھکاوٹ اور سستی ۶۵ فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔

متوازن غذا

طبی ماہرین کے نزدیک ایک نوجوان لڑکی یا نوجوان عورت کے لیے متوازن غذا بے حد ضروری ہے، خواتین کو ۲۲۰۰ کلو کیلوریز ایک دن میں ضرور لینی چاہیے جو کہ روٹی، چاول، آلو، پروٹین فراہم کرنے والی اشیاء، سبزیاں اور میوہ جات وغیرہ سے بہ آسانی حاصل ہوسکتی ہیں۔

ہائی ہیل اور وزنی ہینڈ بیگ

ماہرین کے مطابق ملازمت پیشہ خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہائی ہیل کا استعمال کم سے کم کریں کیوں کہ ہائی ہیل پہن کر زیادہ چلنے سے کمر اور گھٹنوں میں درد ہو سکتا ہے۔ ہائی ہیل کااستعمال دو یا تین گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ ماہرین کے نزدیک وزنی بیگ کا استعمال آپ کا باڈی بیلنس خراب کر دیتا اس لیے خواتین کے بیگ کا وزن جسمانی وزن کا 10/1ہونا چاہیے۔ آپ کے بیگ میں غیر ضروری سامان کم سے کم ہو۔ کوشش کریں کہ کوئی بھی دھاتی چیز بیگ میں نہ رکھیں۔

پیاسی مت رہیں

خواتین اکثر و بیشتر مصروف اوقات میں پانی کا استعمال کم کردیتی ہیں۔ ہمیں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے دن میں ڈیڑھ سے دو لیٹر پانی پینا چاہیے۔ یہ اس پانی سے مزید پانی ہے جو ہم روز مرہ خوراک سے حاصل کرتے ہیں۔

اپنی جلد اور لباس کو وقت دیں!

ملازمت پیشہ خواتین گھریلو خواتین کے برعکس اپنی جلد اور لباس کا پورا خیال رکھتی ہیں لیکن گھریلو خواتین صحت و حسن حتی کہ لباس میں بھی خاصی لاپرواہ سی نظر آئی ہیں یہی وجہ ہے کہ جلد ہی اپنی عمر سے زیادہ دکھنے لگتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ سب سے پہلے اپنے لباس پر توجہ دیں۔ آپ کا لباس آپ کی شخصیت پر مثبت اور منفی دونوں طرح سے اثر انداز ہوتا ہے۔ آپ کا لباس بے داغ اور ٹرینڈ کے مطابق ہونا چاہیے۔ دوسری جانب خوب صورت اور پرکشش نظر آنے کے لیے صرف بہترین لباس ہی ضروری نہیں بلکہ اس کے لیے آپ کی جلد کا تر وتازہ ہونا بھی بے حد ضروری ہے۔ آنکھوں میں چمک او رصحت مند بالوں کا وجود بھی خوب صورتی کا لازمی جزو ہے لیکن یہ اس وقت ممکن ہے جب آپ کی عمومی صحت اچھی ہو۔ خوب صورتی برقرار رکھنے کے لیے جلد کی حفاظت اور صفائی بنیادی اہمیت کی حامل ہیں۔ خوب صورت جلد اس وقت تک اپنی خوب صورتی برقرار نہیں رکھ سکتی جب تک اس کی حفاظت نہ کی جائے کیوں کہ وقت اور عمر کے ساتھ ساتھ جلد کا رنگ روپ بھی بدلتا رہتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ لباس اور بالوں کے ساتھ ساتھ جلد کو بھی مناسب توجہ دی جائے۔

اللہ سے تعلق

صحت مند جسم اور دماغ کے لیے جہاں مذکورہ چیزوں اور باتوں کی ضرورت ہے وہیں اللہ سے مضبوط تعلق بھی ضروری ہے۔ یہ ہمیں روحانی اور جسمانی دونوں طرح سے سکون فراہم کرتا ہے اور زندگی کو مطمئن او رپرمسرت بناتا ہے۔ اللہ سے تعلق ہمیں بہت سی ایسی برائیوں سے بھی بچاتا ہے جو ہمارے دماغ اور جسم دونوں کو تباہ کرنے کا ذریعہ ہوسکتی ہیں۔ مثال کے طور پر حسد کی بیماری انسانی زندگی کو اجیرن کردیتی ہے جب کہ حرص اور لالچ ہماری زندگی کا سکون غارت کردیتی ہیں اور جب زندگی میں سکون نہ ہو تو تمام عیش و آرام اور دولت و شہرت اور گاڑی بنگلہ بے کار نظر آتے ہیں۔ اس لیے جسمانی اور روحانی دونوں قسم کی صحت کے لیے اللہ سے تعلق کو یقینی بنانا ضروری ہے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں