خوشیاں بانٹئے اور دوسروں کو شریک کیجیے!!

ترجمہ: افشاں اسماعیل

کیا آپ جانتے ہیں کہ کچھ تحائف ایسے ہوتے ہیں جنہیں دینے سے آپ کی خوشیاں کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔ ان تحائف کے دینے سے یوں محسوس ہوگا کہ گویا آپ نے اپنے انوکھے خزانے اور اپنی حقیر شخصیت میں دوسروں کو شریک کرلیا ہے۔ ایسے ہر تحفے کے جواب میں آپ کو کئی بار تحائف ملیں گے جیسا کہ آئندہ سطور میں آپ ان تمام تحائف میں سے ہر ایک کے بارے میں پڑھیں گے تو اس بارے میں سوچئے کہ آپ آج کس کے ساتھ یہ تحائف بانٹ سکتے ہیں۔

سوغات تحسین

آپ کسی کے اس اعتماد کی قدر کیجیے جو اس نے آپ پر کیا ہے۔اس کے اپنی زندگی کا حصہ بننے کا خلوص سے شکریہ ادا کیجیے۔ اسے بتائیے کہ آپ کو اس کی کتنی ضرورت رہتی ہے۔ جذبات کی قدر لوگوں کی سب سے اہم ضرورت ہوتی ہے، جب آپ کسی کو اپنی مودبانہ قدردانی میں شریک کریں گے تو وہ آپ کو نہیں بھولے گا۔ یہ قدردانی آپ کو کئی بار واپس ملے گی۔

کفایت وقت

اپنا وقت احتیاط اور کفایت سے استعمال کیجیے تاکہ آپ اپنا بچایا ہوا وقت ان لوگوں کے ساتھ گزار سکیں، جن سے آپ محبت کرتے ہیں۔ اپنی خصوصی صلاحیتوں کو مقامی تنظیموں، سماج کی خدمت کے لیے استعمال کیجیے۔ اپنے طبقے کی بہبود کے منصوبوں میں رضا کارانہ طور پر وقت دیجیے تاکہ آپ کے علاقے، شہر اور دنیا کو ان منصوبوں سے فوائد حاصل ہوسکیں۔جب ہمیں کچھ مہلت میسر آئے اور ہم اپنے خیالات پر توجہ مرکوز کریں تو ہم پر یہ انکشاف ہوگا کہ ہمارے پاس دوسروں کو دینے کے لیے کیا کچھ موجود ہے، کیا کیا صلاحیتیں ہیں جن سے ہم بے خبر تھے۔ اپنے وقت اور صلاحیتوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹنے کے نتیجے میں جتنی خوشی ملتی ہے وہ ہمارے اندازے سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

اپنے علم اور افکار میں دوسروں کو شریک کیجیے

دوسروں کو اس اہم کتاب کے بارے میں بتائیے جو آپ نے پڑھی ہو اور جس نے آپ کو فائدہ بھی دیا ہو، تاکہ دوسروں کو بھی فائدہ ملے۔ آپ نے جو نیا تصور یا خیال پایا ہو وہ دوسروں کو بھی بتائیے۔ اکثر و بیشتر جو آپ نے سیکھا ہوتا ہے اسے بانٹنے سے وہ معلومات آپ کے ذہن میں پختہ ہو جاتی ہیں۔ علم مہیا کرنا بھی مسائل کا حل فراہم کرتا ہے۔ ہم جتنا زیادہ علم تقسیم کریں گے، اتنا ہی زیادہ علم ہمیں واپس ملے گا۔

رفاقت کی سوغات دیجیے

دوسروں کی خوبیوں کا اعتراف کیجیے۔ انہیں یہ جاننے کا موقع دیجیے کہ ضرورت کی کسی بھی گھڑی میں آپ ان کے ساتھ ہوں گے۔ ان سے ملیے جنہیں آپ نے بہت عرصے سے نہ دیکھا ہو۔ ان دوستوں اور رشتے داروں کو فون کیجیے جو دور درواز رہتے ہوں۔ ایسے دو دوستوں کا تعارف کرائیے جو ایک دوسرے کو نہ جانتے ہوں۔ اس سے آپ اپنی اور دونوں افراد کی زندگی میں بہت بڑی تبدیلیاں دیکھ سکتے ہیں۔ ہم دوسروں ہی کی مدد کر کے کامیاب ہوتے ہیں۔ لوگ ایک ساتھ رہتے ہوئے ترقی کرسکتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بہت سے دوست ہوں تو دوسروں کے ساتھ فیاضانہ دوستی کیجیے۔

مہربانی کا سلوک کیجیے

کسی کے ساتھ کبھی کبھار کوئی مہربانی کا کام کیجئے، مثلاً اس کی کسی بات پر مسکرا دیجیے، کوئی کلمہ حق ادا کر دیجیے، یا محض تفریحاً اس کے ساتھ حسن سلوک کردیجیے۔ خوش دلی کی یہ باتیں بڑھتی چلی جائیں گی اور بڑی تیزی سے پھیلیں گی۔

اسٹیفن جے گولڈ کا قول ہے: ’’انسانی فطرت میں دس ہزار نیکیاں مرتکز ہیں جو ہمارے گزرے دنوں کی صورت گری کرتی ہیں۔‘‘ نرم دلی، انمول ہے، اگر ہم نے کسی کو مہربانی اور قدر کی سوغات دے دی ہے تو سمجھ لیجیے کہ یہی زندگی کے اختتام پر ہمارے بچ رہنے والے خزانے ہوں گے۔

اپنے تجربے میں شریک کیجیے

اپنی زندگی کی تحریریں اور تصاویر کے البم سنبھال کر رکھیے۔ جو کام آپ نے کیے ہیں، جن مقامات کا آپ نے سفر کیا ہے، جو کام آپ نے سیکھا ہے، اپنی ناکامیوں اور کامیابیوں کا ریکارڈ رکھیے، اپنی خوش گوار یاد داشتیں دوسروں کو سنائیے یا پڑھوائیے۔ مشکل لمحات کو بھی بانٹیں، جنھوں نے آپ کو طاقتور اور عقل مند بنانے میں مدد دی۔ جب ہم ان تجربات میں دوسروں کو شریک کرتے ہیں تو ان کی قدر بڑھ جاتی ہے۔ ہماری زندگی کے انوکھے تجربات اور ادراک انمول ہیں۔ تجربات کے تبادلے سے دوسروں کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کیا جاسکتا ہے۔ ہماری آنے والی نسل ہماری زندگی کے تجربات سے سیکھ سکتی ہے اور فائدہ حاصل کرسکتی ہے۔

جوش و جذبے میں دوسروں کو شریک کیجیے

اگر آپ کسی نئی کامیابی کے بارے میں پرجوش ہیں تو دوسروں کو بتائیے۔ اگر آپ کسی نئے منصوبے کے متعلق بہت خوش ہیں تو دوسروں کو بھی اپنی کارکردگی دکھائیے۔ آپ کا ولولہ دوسروں کو متاثر کرے گا اور عمل کے ساتھ آگے بڑھائے گا، جو نمایاں کامیابی دے گا۔ ولولہ ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنے پر راغب کرتا ہے، یہ بہت سے ایسے لمحات دیتا ہے جنہیں ہم شکر گزاری کے ساتھ محفوظ کرسکتے ہیں۔ زندگی کے لیے اس قسم کے ابھرتے ہوئے جوش کو چھپانا ممکن نہیں۔ یہ متعدی ہیں اور دوسروں تک بہت جلد پھیلتے ہیں۔

تو آج کسی کے ساتھ خوشیوں اور ان ’’خاص تحفوں‘‘ کو بانٹئے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں