[wpdreams_ajaxsearchpro id=1]

درختوں کی حیران کن دنیا

محمد شاہد

قدرت کی صناعی ہر شے میں نظر آتی ہے۔ شجر، پیڑ، پودے اور درخت بھی انہی میں سے ایک ہیں۔ درختوں سے انسان کو بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ یہ صرف چھاؤں ہی نہیں دیتے بلکہ انسان کی بہت سی غذائی ضروریات بھی پوری کرتے ہیں۔ کاغذ اور فرنیچر بنانے کے علاوہ کئی ضروریات زندگی میں ان کی افادیت سے انکار ممکن نہیں۔

یہ درخت جہاں آپ کو جنگلوں، میدانوں اور سڑکوں کے اطراف نظر آئیں گے، وہیں گھروں میں بھی ملتے ہیں۔ اسی طرح یہ آپ کو ریگستانوں میں بھی نظر آئیں گے، جہاںپانی کا نام و نشان تک نہیں ملتا۔ دنیا میں بہت سے عجیب و غریب درخت بھی پائے جاتے ہیں۔ اس مضمون میں ہم چند ایسے ہی درختوں کا تذکرہ کریں گے۔

طویل القامت درخت

افریقی ملک یوگنڈا میں ایک طویل القامت درخت پایا جاتا ہے، اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ہزاروں سال پرانا درخت ہے۔ اسے ’’بوآب‘‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔ اس کا تنا کھوکھلا ہوتا ہے، اس میں جمع ہوجانے والے پانی کو بطور ٹانک استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا گودا پکا کر کھایا جاتا ہے اور ریشے سے کپڑے بنے جاتے ہیں۔ اس کے پتے بھی بطور دوا استعمال ہوتے ہیں۔ اس درخت پر موجود چھتوں سے کثیر مقدار مین شہد نکالا جاتا ہے۔ یوں اس ایک درخت سے بہت سے فوائد حاصل کیے جاتے ہیں۔

رنگ بدلنے والا انوکھا درخت

سفیدے کے درخت کاتنا اس کے نام کی طرح سفید ہی ہوتا ہے۔ لیکن یہ پڑھ کر یقینا آپ حیران ہوں گے کہ سفیدے کی ایک ایسی قسم بھی پائی جاتی ہے کہ جو کسی مصور کا شاہکار لگتی ہے۔ جی ہاں فلپائن، انڈونیشیا اور پوانیوگنی میں سفیدے کی ایک ایسی قسم پائی جاتی ہے، جس کی چھال پر سخ، سبز، پیلے، نیلے، جامنی، غرض کہ دھنک کے ساتوں رنگوں کی دھاریاں موجود ہوتی ہیں اور یقین نہیں آتا کہ کوئی درخت اتنا رنگ دار بھی ہوسکتا ہے۔ ماہرین نباتات نے تحقیق کے بعد بتایا کہ اس رنگ بدلتے درخت کی چھال پہلے سفیدے براؤن ہوتی ہے۔ پھر اس کے کچھ حصے تنے سے اکھڑتے ہیں تو ان کی جگہ گہرے سبز رنگ کی چھال آجاتی ہے۔ اسی طرح دیگر حصوں پر یہ نیلی جامنی، سرخ اور پھر مالٹا رنگ کی ہوجاتی ہے۔ چوں کہ یہ عمل آہستہ آہستہ کئی سالوں میں تکمیل کے مراحل طے کرتا ہے۔ اس لیے تنے پر ہر رنگ کی دھاریاں نظر آتی ہیں۔ مختلف رنگوں کا یہ خوب صورت درخت صرف مرطوب علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ درخت اپنی خوب صورتی کے ساتھ ساتھ فرنیچر، کاغذ بنانے اور ملیریا کے مچھروں کو بھگانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک دلچسپ بات یہ کہ یہ درخت مختلف دلکش رنگوں کا مجموعہ ضرور ہے۔ تاہم اس سے بننے والا کاغذ سفید ہی ہوتا ہے۔

ہزاروں افراد کی جان لینے والا درخت

بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک ایسا درخت پایا جاتا ہے، جس کا پھل انتہائی زہریلا ہے۔ اس درخت کا نام Odollam Cerberaہے۔ یہ درخت کیرالہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی ملتا ہے۔ مقامی لوگ اسے ’’اوھا لنگا‘‘ کہتے ہیں۔ اس درخت کا پھل ٹینس بال کے سائز جتنا ہوتا ہے۔ اس کے بیج دل کی دھڑکن کو روکنے کا سبب بنتے ہیں۔ یوں مریض کی ہلاکت ہوجاتی ہے۔ ۲۰۰۴ میں کیے گئے ایک سروے میں کیرالا کو خود کشی کا سب سے بڑا مرکز قرار دیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ ہر ہفتے ایک شخص اس درخت کا پھل کھاکر خود کشی کر رہا ہے۔ ۲۰۱۲ میں ایک بڑا واقعہ پیش آیا، جب کیرالہ کی ہی سات خواتین نے اس درخت کا پھل کھاکر خود کشی کرلی۔ ماہرین کے مطابق اس درخت کے بیج سے چوہے مارنے کی دوا بھی تیا رکی جاتی ہے۔

اژدھا نما درخت

جاپان میں ۲۰۱۱ میں سونامی کی تباہ کاریوں کے بعد اژدھے کی طرح دکھائی دینے والا ایک درخت دریافت ہوا۔ تباہی کے بعد اس درخت کی کوئی شاخ باقی نہیں بچی تھی، جس سے یہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ یہ درخت جاپان کے ساحلی شہر کسنیٹومین میں عدم توجہ کے باعث خراب ہو رہا ہے۔ درخت کی انتہائی مخدوش صورت حال کے پیش نظر جاپان میں اب اس درخت کو محفوظ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چناں چہ مقامی حکومت نے اس درخت محفوظ بنانے کے لیے دو لاکھ ڈالر خرچ کرنے اور اسی مقام پر اسے دوبارہ لگانے کا ارادہ کیا۔ کیوں کہ گلنے سڑنے کے باعث یہ گر گیا تھا۔ دوبارہ کرنے سے بچانے کے لیے اس کے تنے کے اندر اسٹیل لگایا جائے گا جب کہ اس کے اژدھے کے سر سے مشابہت رکھنے والے حصے کو مضبوط پلاسٹک سے دوبارہ تیار کیا جائے گا۔

خونخوار درخت

ماہرین نباتات کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں ایک ایسا درخت پایا جاتا ہے، جس کے پاس سے گزرنے والے لوگ چھینکنے لگتے ہیں۔ افریقہ کے ہی کئی ملکوں میں ایسے خونخوار درخت بھی پائے جاتے ہیں، جو اپنے اوپر بیٹھنے والے مختلف پرندوں کو چٹ کرجاتے ہیں اور پھر وہاں صرف ان کے پر ہی ملتے ہیں۔

پانی مہیا کرنے والا درخت

آسٹریلیا کے ریگستانی علاقے میں ایک ایسا درخت پایا جاتا ہے، جو اس بے آب و گیاہ علاقے میں بھٹکتے سیاحوں کو شفاف پانی مہیا کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ اس کے تنے میں ذرا سا شگاف کیجیے اور پھر جی بھر کر پانی پی لیجیے۔

حیرت انگیز درخت

۱- یورپی ملک اسپین میں ایک ایسا درخت پایا جاتا ہے۔ جس سے آرائشی سامان، گدے بوتل کے کارک وغیرہ بنائے جاتے ہیں۔ اس درخت کی خوبی یہ ہے کہ دبانے سے گودا دب جاتا ہے اور پھر جلد ہی اپنی اصل حالت میں واپس آجاتا ہے۔

۲- انڈونیشیا میں ایک ایسا درخت ہے، جس کے پتے صراحی کی طرح بن جاتے ہیں، ان میں بارش کا پائی جمع ہوتا رہتا ہے، جس سے لوگ پیاس بجھاتے ہیں۔

۳- افریقہ کے ایک چھوٹے ملک سینی گال میں ایک ایسا درخت ملتا ہے۔ جس سے مکھن جیسی چیز برآمد ہوتی ہے۔ جسے لوگ بڑے شوق سے کھانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

۴- ویسٹ انڈیز میں ایسے درخت پائے جاتے ہیں جو ہلکی ہوا کے جھونکوں سے ساز کی آواز پیدا کرتے ہیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں