گھریلو خواتین عموماً اپنا خیال نہیں رکھتیں، یا یوں کہنا چاہیے کہ انتہائی مصروفیات کے باعث انہیں اپنا خیال رکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔ لیکن اپنے ساتھ لاپروائی برتنے میں نقصان تو سرسر ان کا ہی ہوتا ہے، لہٰذا ایک دن جب وہ فرصت کے کسی لمحے میں آئینہ میں اپنا چہرہ دیکھتی ہیں تو افسوس اور رنج کے مارے پریشان ہوجاتی ہیں۔ وہ خیال کرتی ہیں کہ وقت ہاتھ سے نکل گیا اب تو کچھ نہیں ہوسکتا، لیکن ماہرین صحت کے کہنے کے مطابق روزانہ چند سادہ طریقوں پر عمل کر کے ہم اپنی جلد کو بہتر اور دلکش حالت میں لاسکتے ہیں۔
جلد کی صفائی کے لیے عام قسم کے صابن کا استعمال بالکل ترک کردیں، خصوصیت کے ساتھ وہ خواتین جن کی جلد خشک ہے۔ اگر آپ کو صابن کی عادت ہے تو پھر کوئی ہلکا صابن استعمال کریں، جس میں زیادہ خوشبو استعمال نہ کی گئی ہو اور جس میں گلیسرین پر مشتمل موئسچرائزنگ اساس موجود ہو۔
پانی کا استعمال زیادہ کریں، یہ جلد کو نرم رکھتا ہے اور وقت سے پہلے جھریاں پڑنے سے بچاتا ہے۔
کھیرایا آلو کا قتلہ کاٹ کر چہرے پر ملیں، اس سے جلد میں ملائمیت پیدا ہوگی۔
دھوپ جلد کوبہت جلدسنولا دیتی ہے۔ باہر نکلتے ہوئے سن بلاک استعمال کریں۔ آپ کی جلد کسی طرح کی بھی ہو، سن اسکرین ہمیشہ موئسچرائزر کے اوپر اور میک اپ سے نیچے استعمال کریں۔
اگر آپ کی جلد دھوپ سے جھلس گئی ہے تو کھانے کا ایک چمچہ مکئی کا آٹا کھٹے دہی میں اس قدر ملائیں کہ پیسٹ بن جائے، اس میں اگر کھیرا بھی کدوکش کر کے شامل کرلیں تو اور بھی اچھا ہے۔ اس پیسٹ کو چہرے پر اچھی طرح لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں، پھر دھوکر موئسچرائرر لگائیں۔
موسمی پھلوں کو فیشل ماسک کے طور پر استعمال کرسکتی ہیں، اس سے ایک طرف پیسے کی بھی بچت ہوگی اور دوسری طرف یہ بہ تاچھے موئسچرائزر ہوتے ہیں۔ اس کو استعمال کرنے کے لیے کوئی بھی موسمی پھل جو آپ کے پاس موجود ہو، کوٹ کر یا ہاتھ سے پیسٹ بنا کر یا گرائنڈ کر کے جلد سے جلد چہرے پر مل ملیں۔