رنگ برنگے پکوان

زینب غزالی

فرائی بالائی کوفتہ

اجزاء:

آلو اُبال کر آدھا کلو، بالائی یا مایونیز دو کھانے کے بڑے چمچ، چکن کیوبز دو عدد، میدہ چار کھانے کے چمچ، ہری مرچیں کتری ہوئی چار عدد، ہرا دھنیا کترا ہوا تھوڑا سا، انڈے دو عدد، زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ادرک باریک کتری ہوئی ایک چائے کا چمچ، پاپے یا ڈبل روٹی کا چورا حسب ضرورت، نمک حسب ذائقہ، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، کوکنگ آئل فرائی کرنے کے لیے۔

ترکیب:

سب سے پہلے ابلے ہوئے آلو میش کرلیں اور اس میں چکن کیوبز، ہری مرچیں، ہرا دھنیا، سفید زیرہ، گرم مسالہ، ادرک، نمک اور کالی مرچ پاؤڈر شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس آمیزے کے گول کوفتے تیار کرلیں جو کہ آٹھ سے دس عدد تک ہوسکتے ہیں۔ اب ہر کوفتے میں سوراخ کر کے اندر بالائی یا مایونیز بھردیں اور منہ بند کر کے پہلے انہیں میدے میں رول کرلیں پھر پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبو کر پاپے یا ڈبل روٹی کا چورا لگا کر پندر منٹ کے لیے ایک طرف رکھ دیں۔ اب کسی گہرے برتن میں آئل گرم کر کے ان کوفتوں کو سنہری ہونے تک ڈیپ فرائی کرلیں۔ فرائی ہونے پر پودینے یا املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

خشخاش اور انڈوں کا قیمہ

اجزاء:

انڈے چار عدد، خشخاش آدھا پاؤ، پیاز دو عدد، ادرک و لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، گرم مسالہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر پاؤ چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤ چائے کا چمچ، ہری مرچ باریک کتری ہوئی دو عدد، ہرا دھنیا باریک کتر کے تھوڑا سا، نمک حسب ذائقہ، کوکنگ آئل ایک کپ۔

ترکیب:

ایک دیگچی میں آئل گرم کر کے باریک کتری ہوئی پیاز ہلکی سنہری کرلیں اور اب اس میں ادرک کا پیسٹ اور تمام مسالے ڈال کر اچھی طرح بھون لیں، جب مسالہ بھن جائے تو صاف کر کے سل پر پسی ہوئی خشخاش بھی اس میں ڈال دیں اور کچھ دیر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ جب خوشبو اٹھنے لگے تو چمچہ چلاتے ہوئے ایک ایک کر کے انڈے بھی توڑ کر ڈالتی جائیں، اس طرح وہ قیمے کی شکل اختیار کرلیں گے۔ اب ہرا دھنیا اور ہری مرچ چھڑک کر ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں اور جب تیل اوپر آجائے تو چولہے سے اتار لیں۔ چپاتی کے ساتھ بہت مزہ دے گا۔

چکن جنجر

اجزاء:

چکن چھوٹی بوٹیاں آدھا کلو، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ادرک باریک کتری ہوئی ایک چھٹانک، کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، سرخ مرچ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، اجینو موتو آدھا چائے کا چمچ، ٹماٹر ایک پاؤ، دہی آدھا پاؤ، ہری مرچ چار عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، ٹماٹو کیچپ ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، بناسپتی ایک کپ۔

ترکیب:

ایک دیگچی میں چکن، لہسن کا پیسٹ، ادرک اور ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ ٹماٹر کا پانی خشک ہونے پر اس میں اجینو موتو بھی ڈال دیں۔ نمک، ہلدی، کالی مرچ اور سرخ مرچ پاؤڈر کے علاوہ گھی بھی ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور جب سالن گھی چھوڑ دے تو اس میں دہی بھی ڈال دیں اور دو منٹ کے بعد باریک کترا ہوا ہرا دھنیا اور ہری مرچیں بھی شامل کردیں۔ آخر میں ٹماٹو کیچپ، گرم مسالہ پاؤڈر اور ایک کھانے کا چمچہ باریک کتری ہوئی ادرک اوپر سے چھڑک کر ہانڈی کو چولہے سے اتار لیں۔ ذائقے دار چکن جنجر تیار ہے۔

کڑاہی قیمہ

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، ٹماٹر آڈھا پاؤ، پیاز دو عدد، انڈے دو عدد، سرخ مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ، بناسپتی ایک کپ۔

ترکیب: کڑاہی میں قیمہ دھوکر ڈالیں اور آدھا کپ پانی ملا کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ پانچ منت کے بعد اس میں نمک اور مرچ بھی شامل کردیں۔ پانی خشک ہونے پر بناسپتی ڈال کر بھونیں اور جب قیمہ گھی چھوڑ دے تو اس میں ایک انڈا توڑ کر ڈالیں اور مزید بھونیں جب کہ دوسرا انڈا اُبال کر اس کے باریک قتلے کاٹ لیں۔ قیمہ گل جانے پر چولہے سے اتار لیں اور اس پر باریک لچھوں میں کٹی ہوئی پیاز اور باریک کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال دیں اور مزید کڑاہی قیمے کا لطف اٹھائیں۔

یخنی پلاؤ رامپوری

اجزاء: مٹن (دستی اور سینے کا گوشت): ایک کلو، چاول باسمتی رائس چار پیالی دھوکر بھگوئیں۔ نمک حسب ذائقہ، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا ایک عدد۔ بڑی الائچی تین عدد، سونف ایک چائے کا چمچ، پیاز (ثابت) دو گٹھی، تیز پتہ تین عدد، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ،لہسن بغیر چھلا آٹھ جوے (یخنی کے لیے)

ترکیب: ایک دیگچی میں گوشت دھوکر ڈال دیں اور ساتھ ہی تمام اجزا سوائے پیاز، لہسن اور ادرک کے ایک پوٹلی میں باندھ کر شامل کردیں۔ اور پانچ پانی گلاس ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

جب گوشت گل جائے اور مصالے خوشبو دیں تو یخنی تیار ہے۔

پلاؤ کے بگھار کے لیے اجزاء:

پیاز چار عدد (باریک کٹی ہوئی) سفید سرکہ آدھا چائے کا چمچہ، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، ادرک لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچ چھ عدد، نمک ایک چائے کا چمچ حسب ذائقہ ۔ تیل ایک پیالی۔

ترکیب: ٭پہلے تو ایک دیگچی میں تیل گرم کریں پھر اس میں پیاز ڈال کر گولڈن براؤن کریں اور خستہ کرنے کے لیے ٹشو پر پھیلا کر اس کا تیل جذب کرلیں۔

٭ یخنی سے گوشت نکال کر الگ رکھ لیں اور الائچی کو چھان لیں۔ پیاز لہسن کو دبا کر تمام عرق نکال لیں۔

٭ اب آدھا تلی پیاز میں ادرک، لہسن، ہری مرچ، سیاہ مرچ، چھوتی الائچی اور دہی ڈال کر بھون لیں۔ پھر اس میں گوشت ڈال کر دوبارہ بھونیں اور اب اس میں یخنی ڈال کر پکنے رکھ دیں۔

٭ جب یخنی اُبلنے لگے تو اس میں پانی سے بھیگے ہوئے چاول نکال کر ڈال دیں اور ساتھ ہی نمک اور سرکہ شامل کر کے ڈوئی کے ساتھ احتیاط سے مکس کریں کہ چاول نہ ٹوٹیں اور ڈھکن ڈھک کر پکنے رکھ دیں۔

٭ جب چاول کا پانی خشک ہوجائے اور وہ گل گئے ہوں تو دیگچی کو توے پر رکھ کر دم دیں۔ جیسے ہی بھاپ اوپر آئے تو سمجھ لیں کہ پلاؤ تیار ہے۔

٭ اب اس لذیذ پلاؤ کو ایک سرونگ پلیٹ میں نکال کر اس کے اوپر تلی ہوئی پیاز پھیلا دیں اور اس پلاؤ کو دہی کے رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

ڈھوکلا (گجراتی ڈش)

ضروری اشیاء:

چاول سو گرام، چنے کی دال دو سو گرام، ہلدی پوڈر آدھا چائے کا چمچہ، تازہ ناریل آدھا۔ رائی آدھا چائے کا چمچہ، بٹر ملک آدھا کپ، بیکنگ پوڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، ہرا دھنیا کے پتے ایک گڈی، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، ہری مرچ چار (پیس لیں)

ترکیب:

چاول اور دال چنا کو تین چار گھنٹے کے لیے بھگو دیں اور گرائنڈر کے ذریعہ معمولی سا موٹا پیسٹ بنالیں۔ بیکنگ پوڈر اوربٹر ملک ملا دیں، اچھی طرح مکس کرلیں، ڈھانپ کر رات بھر خمیر ہونے کے لیے رکھ دیں۔ اگلے روز صبح اس میںہلدی، ہری مرچ، ادرک اور نمک ملا دیں، اچھی طرح مکس کرلیں۔ کوکر میں پانی ڈال دیں۔ مکسچر کو ایک ٹن میں انڈیل دیں، اس ٹن کو کوکر میں رکھ دیں اور ڈھکنا بند کردیں، کوکر کو تیز ترین آنچ پر بغیر ویٹ کے آٹھ دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ فوراً ہی کوکر کھول لیں۔ ٹن کونکال کر ڈھوکلوں کو چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں، گرم تیل اور رائی کا بگھار دے دیں۔ کدو کس کیے ہوئے ناریل اور ہرے دھنئے سے گارنش کرلیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں