رنگ برنگے پکوان

ماخوذ

ناریل کی برفی

اشیاء اور وزن: ناریل ۳ عدد۔ گھی آدھ پاؤ، شکر ایک سیر۔ کھویا پاؤ سیر۔ زعفران ۲ رَتّی۔ بادام، پستہ حسب ضرورت۔

ترکیب: ناویل سے کچا کھوپرا نکال کر چھیل لیں اس کو پیس یا گھسنی پر گھس لیں۔

تین تاری شیرا تیار کرنے کے بعد پسی ہوئی زعفران، کھوپرا اور تھوڑا سا گھی اس میں ڈال دیں اور کفگیر چلاتے جائیں نیچے لگے تو بھگونے کے اطراف گھی ڈالتی جائیں اور اتنا پکائیں کہ جمنے کے قابل ہوجائے پھر تھالے کو گھی لگا کر حسب ضرورت موٹی تہہ جما دیں۔ جمنے پرلوزیں کاٹ کر ڈش میں جمادیں۔ مغزیات کی ہوائیاں جما کر ورق لگادیں، جو کھانے میں انتہائی لذیذ ہے۔

سالم مرغ روسٹ

مرغ نہ چھوٹا ہو نہ بڑا بلکہ درمیانہ سائز کا ہو۔ مرغ کو ذبح کر کے ۱۵ منٹ تک رکھ چھوریں۔ کھال وغیرہ نہ اتاریں۔ پھر کھولتے ہوئے پانی میں ثابت مرغ کو ڈبو کر نکال لیا جائے۔ ایسا کرنے سے اس کے بال آسانی سے اتر جائیں گے اور کھال ویسی ہی رہے گی۔ پاؤں اور سر کاٹ دیا جائے۔ پھر پیٹ چاک کر کے انتڑیاں اور دوسری خراب اشیا نکال دی جائیں۔ اس کے بعد مرغ کو دھو کر اس کی ٹانگیں ارد گرد پیٹ پر دبا کر تاگے سے باندھ دی جائیں۔ پھر بڑے دیگچے میں ایک پاؤ گھی ڈال کر مرغ کے اوپر نمک ڈال کر اُبلتے ہوئے گھی میں مرغ کو ڈال دیا جائے۔ اور دھیمی آنچ پر آہستہ آہستہ دو گھنٹے تک پکائیں۔ ذرا ذرا پانی چھڑک کر کانٹے سے الٹتی رہیں۔ پانی خشک ہونے پر مرغ اتار لیں۔ اور اس کو ڈش میں رکھ کر اس کے ساتھ آلو کے چسپی اور سیلری کی پتیاں گھی میں تل کر ڈش کے چاروں طرف لگا دیں۔ لیجیے مرغ تیار ہے۔

نوٹ: سلیری ایک انگلش بوٹی ہے جو یورپ میں بہت یورپین استعمال کرتے ہیں۔ یہ کھانے کے کام آتی ہے۔ سبزیوں میں سے ایک یہ سلاد کی طرح سبزی ہے۔

شاہی ٹکڑے

اشیاء: ڈبل روٹی دو عدد۔ دودھ تین پاؤ۔ شکر، پستے، بادام، چھوٹی ا لائچی، زعفران، گھی حسب منشا۔

ترکیب: ڈبل روٹی کے لمبے لمبے ٹکڑے کاٹ کر گھی میں دھیمی دھیمی آنچ پر تلئے، جب سرخ ہوجائیں تو اتار لیجیے۔ (یہ یاد رہے کہ گھی جتنا ڈالیں گی اتنا ہی سرخ اور اچھے تلے جائیں گے) چائے کا ایک چمچہ گھی لیکر لونگ سے بگھار کریے اب اس پر دودھ ڈال کر اور شکر بھی ساتھ ساتھ ڈالیے ہلکی آنچ پر چھوڑ دیجیے۔ لیکن بیچ میں بار بار چمچے سے ہلاتی جایے تاکہ لگنے نہ پائے۔ پستے، بادام، چھوٹی الائچی پیس کر ڈال دیجیے اس کے بعد کاٹ کر نوش فرمائیے۔

گاجر کا حلوا

گاجر آدھ سیر۔ دودھ ڈیڑھ سیر۔ شکر سفید، آدھ سیر، ملک میڈیا بالائی پاؤ بھر۔ کیوڑہ آدھی چھٹانک۔ پہلے گاجر کو چھیل کر پیس ڈالیں اور چھان کر دودھ میں ملا کر پکادیں جب گاڑھا ہوجائے، اس وقت شکر ڈال کر جوش دیں۔ پھر کیوڑہ ڈال کر اتارلیں۔ اگر رنگین منظور ہو تو تین ماشہ زعفران، کیوڑہ میں پیس کر ملادیں۔ نہایت مزیدار اور خوش ذائقہ ہوگی۔ اسی طرح شکرقند کی کھیر بھی بنتی ہے لیکن پہلے شکرقند کو ابال لینا چاہیے۔ پھر چھیل کر اور باریک پیس کر بتائی ہوئی ترکیب سے تیار کریں۔

کدو کا لذیذ حلوہ

اشیائے مطلوبہ: کدو ایک سیر، دودھ ایک سیر، گھی آدھ پاؤ، چند دانے الائچی خورد اور شکر حسب منشا۔

پہلے کدو لے کر اچھی طرح صاف کرنے کے بعد چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ پھر کسی دیگچی میں تھوڑا سا پانی اور کدو کے ٹکڑے ڈال کر اُبلنے کے لیے چولھے پر رکھ دیں۔ جب اچھی طرح سے گل جائیں تو نیچے اتار کر سب پانی نکال دیں۔ اور کدو کو ہاتھوں میں دبا دبا کر پانی نکالنے کی کوشش کریں، پھر ایک چھٹانک گھی کڑاہی میں ڈال کر الائچیاں کڑکڑانے کے بعد تیار شدہ کدو اس میں ڈال دیں ’’آگ ذرا دھیمی رکھیں اور چمچہ برابر چلاتی رہیں۔ اور جب یہ یقین ہوجائے کہ باقی ماندہ پانی بھی بالکل خشک ہوگیا ہے اور ٹکڑے بھی سرخی مائل ہوگئے ہیں تو دودھ ڈال کر تقریباً نصف گھنٹہ تک پکائیں۔ ’’اس عرصہ میں چمچہ برابر چلاتی رہیں، اور جب دیکھیں کہ دودھ اور کدو بالکل یکجان ہوگئے ہیں تو شکر ڈال دیں اور جب دوبارہ سخت ہونے لگے تو بقیہ چھٹانک گھی ڈال کر خوب بھونیں، جہاں تک کہ رنگت بادامی نظر آنے لگے۔ بعد ازاں اتار کر ورق وغیرہ لگا کر پستہ کتر کر ڈال دیں۔

ٹھنڈا ہونے پر نوش فرمائیں۔ بے حد لذیذ ہوگا۔

نوٹ: اگر چاہیں تو ایک سیر دودھ میں ڈیڑھ سیر کدو بھی ڈال سکتی ہیں۔

ڈرائی فروٹ کی چٹنی

اجزاء: خشک خوبانی ایک کپ، خشک آڑو سوا کپ، کھجور (گٹھلی نکال لیں) سوا کپ، کشمش سوا کپ، لہسن کے جوے (کوٹ لیں) ایک سے دو عدد، براؤن شوگر ایک کپ، سرکہ سوا کپ، پانی سوا کپ، کری پاؤڈر دوچائے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: ایک بڑے سے پین میں خشک آڑو، خشک خوبانی، کھجور، کشمش، براؤ شوگر، لہسن، سرکہ، پانی، کیری پاؤڈر اور نمک ڈال دیں۔ اس کے بعد ڈھک کر ہلکی آنچ پر دس سے پندرہ منٹ تک پکائیں۔ جب میوے گل جائیں تو ٹھنڈا کرنے کے لیے چولہے سے اتار لیں، پھر تھوڑا تھوڑا کر کے بلینڈ میں ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اس کے بعد چمچے کی مدد سے جار میں ڈال لیں اور سیل بند کردیں۔ ٹھنڈی جگہ پر یہ چٹنی تقریباً چار ہفتوں کے لیے اسٹور کی جاسکتی ہے۔

پیاز کی چٹنی:

اجزاء: پیاز (چوب کر لیں) چار عدد، ادرک (کوٹ لیں) دو چائے کے چمچے، پودینے کے پتے آدھی گڈی، ہرا دھنیا (چوپ کرلیں) ایک گڈی، چینی ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: پیاز، ادرک، لہسن، پودینہ، دھنیا، لیموں کا رس اور نمک سب ایک ساٹھ گرائنڈر میں ڈال کر گرائنڈ کرلیں۔ اس کے بعد اچھی طرح مکس کر کے کپ میں نکال لیں اور فریج میں کم از کم تین سے چھ دن کے لیے اسٹور کرلیں، جب مہمان آئیں تو تواضع کے لیے کھانوں کے ساتھ پیش کریں۔

اخروٹ کی چٹنی

اجزاء: اخروٹ کی گریاں آدھا پاؤ، انار دانہ ایک چھٹانک، کھجور ایک چھٹانک، دہی ایک پاؤ، ہری مرچ دس سے بارہ عدد، ہرا دھنیا تھوڑا سا، سرخ مرچ پسی ہوئی حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:اخروٹ، انار دانہ، کھجور، ہری مرچ، ہرا دھنیا، سرخ مرچ، نمک سب گرائنڈر میں گرائنڈ کرلیں۔ اب دہی کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں گرائنڈ کی ہوئی چیزیں، اچھی طرح مکس کرلیں۔ مزیدار اخروٹ کی چٹنی تیار ہے۔

کھجور اور املی کی چٹنی

اجزاء: املی کا پانی سوا کپ، کھجور (گٹھلی نکال لیں) آٹھ عدد، زیرہ، بھون کر پیس لیں) ایک چائے کا چمچہ، سرخ مرچ (کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: ایک فوڈ پروسیسر میں املی کا پانی، کھجور، زیرہ، لال مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ جب یک جان سا پیسٹ بن جائے تو نکال کر کچھ دیر فریج میں رکھیں اور تواضع کے وقت پیش کریں۔ یہ چٹنی ایک ہفتے تک اسٹور کی جاسکتی ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146