رنگ برنگے پکوان!

ماخوذ

ٹرکی گوشت

اشیاء: گوشت ایک سیر، دھنیا خشک ایک چھٹانک، ادرک آدھی چھٹانک، مرچ سیاہ، لونگ، الائچی دو تولہ، زعفران ایک ماشہ، دہی ایک پاؤ، پیاز ایک پاؤ، گھی ایک پاؤ۔

ترکیب: دھنئے کو کسی قدر کچل دیں اور ادرک کے ٹکڑے کرلیے جائیں۔ گھی میں پیاز کے لچھے سرخ کرکے گوشت اور مسالوں کو سالم حالت میں چھوڑ دیجیے۔ پھر اتنا پانی ڈالیے کہ گوشت کے گلانے میں مدد دے۔ زیادہ پانی نہ ہونا چاہیے۔ اس گوشت کو نرم آنچ پر اور کافی دیر تک پکانا چاہیے پھر دہی اورلہسن کے پانی سے اچھی طرح بھون لیا جائے اور آخر میں زعفران اور قدرے کیوڑا ڈال کر کھانا چاہیے۔

ٹرکی گوشت میں جو مسالے دئے جاتے ہیں وہ عام طور پر سالم ہوتے ہیں لیکن گوشت کے ساتھ اس قدر پکتے ہیں کہ ایک جان ہوجاتے ہیں نہ اس میں شوربا ہوتا ہے صرف مسالے اور گھی کی تری ہوتی ہے۔

بونٹ پلاؤ

اشیاء: چاول باریک ایک سیر، قیمہ آدھ سیر، بونٹ (سبز چنے) آدھ سیر، نمک تین تولہ، دار چینی، الائچی، لونگ، سیاہ مرچ، ہر ایک تین تین ماشہ، ادرک اور لہسن آدھی آدھی چھٹانک، دہی آدھ پاؤ۔ زعفران دو ماشہ۔

ترکیب: پہلے چنے کے دانوں کو نمک میں ڈال کر تل لیں۔ اس کے بعد قیمہ میں مسالہ اور گھی ڈال کر خوب بھونیں اور تھوڑا نمک قیمہ میں ڈالیں۔ پھر چاولوں میں نمک ڈال کر جوش دیں اور پسا کر تلے ہوئے بونٹ اس میں شامل کردیں اب ایک پتیلی میں تھوڑے چاول ڈال کرتھوڑا قیمہ اور بچھائیں۔ اسی طرح چاول اور قیمہ کی کئی تہیں لگادیں اور زعفران پیس کر چھڑک دیں۔

سیخ کباب

اشیاء: قیمہ ۱ کلو (بغیر چربی اور ہڈی والا)، پیاز (درمیانی، پسی ہوئی) ۱ عدد، سرخ مرچ پاؤڈ ر حسب ذائقہ، کچا پپیتہ (پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گٹھی، پیاز (درمیانی) ۲ عدد، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، چنے ۴ کھانے کے چمچے، انڈا ایک عدد، خشک دودھ یا پھیکا کھویا ۲ کھانے کے چمچے، تیل یا گھی ۲ کھانے کے چمچے۔

ترکیب: قیمہ میں پیاز، سرخ مرچ، کچا پپیتہ، پیاز، کالی مرچ پاؤڈر، چنے اور انڈا ملا دیں۔ ساتھ میں کٹا ہوا ہرا دھنیہ ڈالیں اور تقریباً ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک رکھ دیں۔ اس کے بعد قیمہ کو ہاتھ سے آٹے کی طرح گوندھ لیں اور سیخ پر کباب بنالیں۔ آپ گیس پر بھی سینک سکتی ہیں اور کوئلوں پر بھی۔ تیار ہوجانے پر اوپر ہلکا سا تیل یا گھی لگا دیں۔ اس کے لیے ایک چھوٹی لکڑی کے سرے پر روئی یا کپڑا لپیٹ دیں اور اس کی مدد سے کبابوں پر تیل یا گھی لگائیں۔ تیار ہوجائے تو اسپائسی کیچپ کے ساتھ نوش فرمائیں۔

افغانی گوشت

اشیاء: نرم گوشت بغیر ہڈی ایک کلو، پیاز ۱۰۰ گرام، ادرک ۵۰ گرام، آلو ۵۰۰ گرام، خشک دھنیا ایک چائے کا چمچہ (پسا ہوا)، ٹماٹر ۵۰۰ گرام، سبز مرچ ۵۰ گرام، سیاہ مرچ حسب ضرورت، گھی حسب ضرورت، سبز دھنیا تھوڑا سا، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر چولہے پر رکھیں۔ خوب گرم ہوجائے تو اس میں گوشت کے ٹکڑے تل لیں پھر اس میں نمک پسا ہوا دھنیا اور پسی ہوئی ادرک ڈال کر بھون لیں بھوننے کے بعد اتنا پانی ڈالیں کہ اس میں گوشت گل جائے۔ پیاز اور ٹماٹر کے موٹے موٹے ٹکڑے کرلیں اور آلو کو گول گول قاشیں بنا لیں۔ پھر انہیں گھی میں تل لیں۔ احتیاط یہ کریں کہ ٹماٹر کے ٹکڑے گھل نہ جائیں پیاز اور آلو کو بھی اسی قدر تلنا چاہیے کہ وہ صرف نرم ہوجائیں، جب دیکھیں کہ گوشت گل گیا اور پانی برائے نام رہ گیا ہے تو ان تلی ہوئی چیزوں کو اس میں ملادیں۔ اس کے ساتھ ہی سیاہ مرچ سبز مرچ اور سبز دھنیا ملائیں اور بالکل ہلکی آنچ پر دم دے دیں۔ بعض لوگ اس میں تلی ہوئی گاجر اور مٹر بھی ملا لیتے ہیں اور انار دانے پودینے اور دہی کی چٹنی کے ساتھ دستر خوان کی زینت بناتے ہیں۔

مغلئی چکن قورما

اشیاء: چکن ایک کلو، لہسن ادرک ۲ چمچے، پیاز ۳ درمیانی سائز کی، لال مرچ پاؤڈر ایک چھوٹا ٹی اسپون ، دھنیا پاؤڈر ایک ٹی اسپون، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کچا ناریل ایک گولا، کاجو ۲۰ گرام، چرونجی ۲۰ گرام، خشخش ۲۰ گرام، گرم مسالا تیز پتہ ، لونگ الائچی ، زیرہ پسا ہوا ۱۰ گرام، دہی ایک کپ، ٹماٹر ایک کپ کٹا ہوا، لیمو ۲، تیل آدھا کپ۔

طریقہ: کچے ناریل، خشخش، چرونجی، کاجو سب کو پیس کر رکھیں آدھا کپ ریفائنڈ تیل میں پیاز سنہری کریں ، ادرک، لہسن، ڈال کر کچھ دیر چلائیں اس کے بعد مرچ دھنیا ہلدی ڈال دیں۔ اب اس میں میوے کا پیسٹ ڈالیں، گرم مسالا ڈالیں اور ٹماٹر ڈالیں اب اس میں چکن (دھلا ہوا خشک) ڈال دیں۔ ایک کپ پانی ڈالیں۔ تیل الگ ہونے تک پکائیں۔ آنچ سے ہٹانے کے بعد ۲ لیموں نچوڑ دیں، باریک کٹے ہوئے ہوئے یا ہرے دھنیے سے سجائیں۔

لذیذ مرغ

اشیاء و ترکیب: ایک کلو مرغا، پیاز ۳ گانٹھ، تل کر پیسیں، ایک گانٹھ کچی پیاز پیسیں، ۴ ٹماٹر پیس کر رکھیں اب تیل ڈال کر (۵ چمچہ ) ثابت گرم مسالہ، لونگ ۵، ۶ چھوٹی الائچی، ۳ بڑی الائچی کالی مرچ ڈالیں ۔ ٹماٹر ڈال کر بھنا دھنیا ۳ چائے کے چمچ، مرچ پاؤڈر ڈیڑھ چمچ ڈال کر بھونیں، بھننے پر کچی پیاز پسی ہوئی ڈال کر اسے بھون لیں، اس کے بعد چکن ڈال کر بھون لیں،پھر تلی، پسی ہوئی پیاز ڈال کر تھوڑی دیر پکانے کے بعد جتنا شوربہ رکھنا ہو پانی ڈال کر کھولالیں آخر میں پسا ہوا گرم مسالہ ڈالیں ۔ ہرا دھنیا ڈال کر سجالیں۔

کھجور کی پڈنگ

فل کریم ملک آدھا لیٹر، کھجور بیج نکالی ہوئی اور کٹی ہوئی آدھا کپ، باسمتی چاول ایک بڑا چمچ، بھنے کاجو کے ٹکڑے ۱۰، ۱۲۔ کشمش ۲ بڑے چمچ، شکر ۳ بڑے چمچ الائچی چھوٹی پاوڈر ڈیڑھ چمچ

طریقہ: چاول ۳ گھنٹہ بھگو کر نتھار کر پیس لیں، اور پکائیں، کھولنے پر کھجور ڈال دیں پھر گیس دھیمی کرکے ۲ منٹ بعد چاول ڈال دیں شکر ڈال دیں چلاتی رہیں جب گاڑھا ہونے لگے تو اس میں کشمش الائچی پاؤڈر ڈال دیں۔ سرونگ باؤل میں سرو کرتے وقت اوپر سے کاجو کے ٹکڑوں سے سجائیں۔ سردی میں یہ بہت اچھی رہتی ہے۔

ڈبل روٹی کا میٹھا

اشیاء: ڈبل روٹی ۱۲ سلائس، گھی پاؤ بھر، تیل آدھا کلو، دودھ آدھا لیٹر، چینی آدھا کلو، کھویا پاؤ بھر، بادام دو چمچے کھانے کے، پستہ دو چمچے کھانے کے، کشمش ایک چمچہ کھانے کا، زعفران چوتھائی چمچہ چائے کا۔

ترکیب: ڈبل روٹی کو گھی میں تل کر سنہری کرلیں اور نکال کر ایک پھیلے ہوئے برتن میں رکھتی جائیں۔ برتن ایسا لیں جس کو آگ پر رکھ سکیں تاکہ سب چیزیں شامل کرکے ان کو پکایا جائے۔ دودھ اور چینی ملا کر پکالیں، اب اس میں کھوئے کو ہاتھ سے ملا کر یکجان کرلیں۔ زعفران کو ایک چمچہ گرم دودھ میں بھگولیں۔

اب تلی ہوئی ڈبل روٹی پر دودھ اور کھویا ڈال دیں۔پستہ، بادام باریک کاٹ کر چھڑک دیں اور کشمش بھی ڈال دیں اس کے بعد ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب ڈبل روٹی نرم ہوجائے تو آگ پر سے ہٹالیں اور زعفران کو گھوٹ کر اس کے اوپر ڈال دیں۔ پیش کرنے سے پہلے چاہیں تو چاندی کے ورق لگالیں۔

انڈوں کا لذیذ حلوا

اشیاء: انڈے ۷ عدد، گھی ۱۰۰ گرام، سبز الائچی ۶ عدد، چینی ۱۰۰ گرام، بادام کی گری ۶ عدد، چاندی کے ورق حسب ضرورت، پستہ پانچ عدد۔

ترکیب: ایک برتن میں انڈے توڑ کر پھینٹ لیں، پھر ان میں چینی ملاکر خوب اچھی طرح مکس کریں۔ الائچی کے دانے، گھی اور بادام کی گری چھلکا اتار کر ڈال دیں۔ اب اس برتن کو چولہے پر رکھیں اور ہلکی آنچ پر ۱۰ منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد چولہے سے نیچے اتارلیں اور پلیٹ میں ڈال کر چاندی کے ورق لگائیں اور پستے کی گری کتر کی چھڑک دیں۔

گاجر کا حلوا

اشیاء: سرخ گاجریں ڈیڑھ کلو گرام، گھی ۱۰۰ گرام، کھویا ۱۰۰ گرام، کٹا ہوا ناریل ۲۵ گرام، بادام کی گری ۵۰ گرام، چاندی کے ورق حسب ضرورت، دودھ ایک لیٹر، چینی ۲۵۰ گرام، پستہ ۲۰ گرام۔

ترکیب:سب سے پہلے گاجریں دھوکر صاف کریں اور چھیل کر کدو کش کرلیں۔ اس کے بعد ایک برتن میں کدوکش کی ہوئی گاجریں ڈال کر ہلکی آنچ پر پانی میں پکائیں جب گاجر گلنا شروع ہوں تو گھی ڈال کر ملادیں۔ پھر اس میں کھویا مسل کر ڈالیں اور ساتھ ہی چینی ملادیں۔ دو منٹ بعد دودھ شامل کریں اور خوب اچھی طرح بھونیں۔ اتارنے سے پہلے کٹا ہوا ناریل، بادام کی گری ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کرلیں۔ نیچے اتار کر پلیٹ میں ڈالیں اور اوپر چاندی کے ورق لگائیں۔

——

گلاب جامن

اجزاء: خشک دودھ ایک پیالی، سوجی آدھی پیالی، میدہ آدھی پیالی، پھیکا کھویا آدھی پیالی، بیکنگ پاؤڈر چوتھائی چائے کا چمچہ، تیل دو کھانے کے چمچے، ان سب چیزوں کو اچھی طرح ملا کر آٹے کی طرح گوندھ لیں، پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں۔ شیرا بنانے کے لیے چینی دو پیالی، پانی ایک پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، دانے نکال کر باریک پیس لیں۔

ترکیب: چینی میں پانی ملا کر ہلکی آنچ میں شیرا بنا لیں۔ جب شیرا بننے لگے تو الائچی ڈال کر اتارلیں۔ ایک کڑھائی میں گھی گرم کریں، گھی تقریباً دو پیالی ہونا چاہیے تاکہ گلاب جامن اچھی طرح تلے جاسکیں۔ جب گھی تیز گرم ہوجائے تو ہلکی آنچ کرکے پیڑے تلنا شروع کردیں، جب براؤن ہوجائیں تو نکال کر شیرے میں ڈال دیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146