سردیاں آتے ہی جلد خشک ہونے لگتی ہے۔ جگہ جگہ خشکی کے داغ دھبے سے نظر آنے لگتے ہیں اور اگر یہ خشکی اور داغ دھبے سے چہرے پر ہوں تو بڑا خراب سا محسوس ہوتا ہے۔ اس لیے سردی کے موسم میں نہ صرف چہرے کی دیکھ بھال ضروری ہے بلکہ پورے جسم کی جلد کی خاص نگہداشت ہونی چاہیے۔ جسم کے بعض اعضا زیادہ حساس اور نازک ہوتے ہیں اس لیے ان پر خاص توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثلاً ہاتھ پیر جو سب سے زیادہ کھلے رہتے ہیں اور گھر کی صفائی، برتن دھونے وغیرہ میں کافی استعمال ہوتے ہیں جس سے گردو غبار اور میل جلد پر جمع ہوکر بعض اوقات جلد کوپھٹنے تک کے مرحل پر لے آتا ہے۔ ذیل میں ہم سردیوں میں جلد کی حفاظت سے متعلق چند باتیں پیش کررہے ہیں۔
کریم کا انتخاب
سردی کے موسم میں کریم کا انتخاب اہم ہے۔ جلد میں خشکی کے سبب چہرے اور ہاتھوں پر لگانے کے لیے کریم ضروری ہے۔ اس لیے ایسی کریم کا انتخاب کریں جس میں نیچرل تیل ہو اسی طرح کریم خریدتے وقت اس بات کا دھیان رکھیں کہ ایلوبیرا یا اولیوآئل سے بنی کریم ہی خریدیں۔ اسی طرح وٹامن ’ای‘ والی کریم کو ترجیح دیں کیونکہ یہ انسانی جلد کے لیے مفید ہوتی ہے۔
سن اسکرین لوشن
جو خواتین دھوپ میں باہر نکلتی ہیں ان کو چاہیے کہ سردیوں میں بھی سن اسکرین استعمال کریں۔ سردیوں میں جسم کی نمی یوں بھی کم ہوجاتی ہے اور سورج کی کرنیں تو نمی کو جذب کرتی ہی ہیں ایسے میں جلد کی خشکی مزید بڑھ جاتی ہے۔ البتہ اس بات کا دھیان رکھیں کہ سردیوں اور گرمیوں دونوں کے لیے الگ الگ سن اسکرین ہوتے ہیں۔آپ سردیوں میں سردی کے موسم والا سن اسکرین ہی منتخب کریں۔
اسکن ٹیکسچر کا خیال رکھیں
سردی کے موسم میں خشکی کے سبب جلد میں کھنچاؤ پیدا ہوتا ہے جس سے جلد میں کھجلی سی محسوس ہوتی ہے۔ کبھی کبھی اس کھجلی کے سبب جلد میں انفکشن بھی ہوسکتا ہے۔ اس کی ایک اچھی ترکیب یہ ہے کہ آپ اپنی جلد کے مزاج کے مطابق ہی کریم یا لوشن کا انتخاب کریں۔ ہاں کھجلی کی صورت میں کھجلانے میں احتیاط کریں اور اگر کہیں گہرا نشان پڑجائے تو اس پر اینٹی انفکشن کریم لگادیں۔
ہاتھ پیر کی صفائی کا خیال
سردی کے موسم میں ہاتھ پیر کی صفائی پر خاص توجہ دیں ورنہ میل اور گردو غبارجمع ہوکر انہیں بدرنگ بھی بنائے گا اور ہوسکتا ہے جلد پھٹنے لگے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ رات کو سوتے وقت کولڈ کریم لگائی جائے یا گلسرین لیموں اور گلاب کے عرق کا مکسچر لگایا جائے اس سے جلد میں نمی بھی رہے گی اور میل بھی دھونے پر بہ آسانی صاف ہوجائے گا۔
ہونٹوں کی دیکھ بھال
سردیوں میں ہونٹوں کا مسئلہ خاص طور سے پریشان کرتا ہے کیونکہ ہونٹوں کی جلد سب سے نازک ہوتی ہے اور بہت جلد خشک ہوجاتی ہے۔ ہونٹوں کو نمی اور چکنائی فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ دن میں کئی بار لپ بام لگایا جائے اور اگر رات کو سوتے وقت دودھ کی چکنی بالائی مل لی جائے تو اور بہتر ہے۔
آنکھوں کی جلد کے لیے
آنکھوں کے آس پاس کی جلد بہت ملائم اور نرم ہوتی ہے۔ سردی کے موسم کا اثر سب سے زیادہ یہیں نظر آتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ جسم کے اس حصے کو خاص طور پر چکنائی اور نمی فراہم کرنے پر توجہ دیں۔ یہ کام عام کولڈ کریم سے بھی لیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے کوئی آئی کریم لگا کر دس منٹ بعد روئی کی مدد سے صاف کردیں۔
نہانے سے پہلے
عام طور پر لوگ سردیوں کے موسم میں پوری توجہ ہاتھوں اور چہرے پر دیتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے اس موسم سے جسم کی پوری جلد متاثر ہوتی ہے۔ پورے جسم کی جلد کو خشکی سے بچانے کا آسان طریقہ باڈی لوشن کا استعمال ہے۔ لیکن یہ ہر فرد کے لیے ہر جگہ ممکن نہیں ہے اس کا بہترین، آسان اور سستا وگھریلو نسخہ یہ ہے کہ نہانے سے پہلے جس پانی سے نہا رہے ہوں اس میں چند قطرے تیل سرسوں کا یا زیتون کا ملادیں۔ اس طرح پانی میں تیل مکس ہوجائے گا اور جسم کی خشکی ختم ہوجائے گی۔