[wpdreams_ajaxsearchpro id=1]

سر کی خشکی: چند نسخے آزمائیں

ماخوذ

خوب صورت بال عورت کا زیور قرار دیے جاتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ہماری ظاہری شخصیت کو بگاڑنے یا سنوارنے میں بالوں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔ تب ہی تو کسی خاتون کے گھنے، ریشمی اور چمک دار بالوں پر نظر پڑتے ہی دوسری خواتین کے دل میں رشک و حسد کے ملے جلے جذبات پیدا ہوجاتے ہیں۔ لیکن دل چھوٹا کرنے کی ضرورت نہیں کیوں کہ تھوڑی سی توجہ اور دیکھ بھال سے آپ بھی اپنے بالوں کو قابل رشک بنا سکتی ہیں۔ بالوں کے کچھ مسائل ہوتے ہیں، اگر آپ بھی ان میں سے کسی مسئلے کا شکار ہیں تو اسے پہچانیں اور اس کا علاج کریں۔ بالوں کے مسائل میں سر فہرست سر کی خشکی یا ذینڈرف ہے جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، مثلاً سر کی جلد میں نظام دورانِ خون کا ٹھیک نہ ہونا، تیز اور نامناسب شیمپو کا استعمال، ہیئر ڈائی کا زیادہ استعمال یا سر کی جلد کا بہت زیادہ چکنا ہونا اور غیر متوازن غذا کا استعمال وغیرہ وغیرہ۔ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے چند سادہ سے گھریلو نسخے حاضر ہیں جو بالوں کی تمام اقسام کے لیے موزوں ہیں۔

٭ آٹھ کھانے کے چمچے لیموں کا رس لے کر اس میں ڈیڑھ کپ پانی ملائیں اور اچھی طرح مکس کر کے سر کی جلد پر اس آمیزے کا مساج کریں۔ دو تین گھنٹے بعد دھولیں۔ سر کی خشکی دور کرنے کے لیے یہ نسخہ گویا تیر بہدف ثابت ہوتا ہے۔

٭ ایک عدد انڈے کی سفیدی میں ایک کھانے کا چمچہ لیموں کا رس شامل کرکے اچھی طرح پھینٹ لیں اور پورے سر پر لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد شیمپو کرلیں۔

٭ آدھی بالٹی پانی میں دو کھانے کے چمچے سرکہ ملائیں اور شیمپو کرنے کے بعد اس پانی سے بالوں کو دھوئیں۔ جلد ہی خشکی کا خاتمہ ہو جائے گا۔

٭ ایک مٹھی روز بیری کے پتے، ایک لیٹر پانی میں ابال لیں اور رات بھر کے لیے رکھ دیں، صبح اسے چھان کر دو چائے کے چمچے سرکہ شامل کریں اور شیمپو کے بعد بالوں کو اس پانی سے دھولیں۔ بہت جلد خشکی سے نجات حاصل ہوجائے گی۔

سر کی جلد اگر روغنی ہو تو خشکی پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اگر آپ کے سر کے بال چکنے رہتے ہیں تو انہیں شیمپو کرنے سے قبل روئی کو ’’وچ ہیزل ایکسٹریکٹ‘‘ میں بھگوئیں اور بالوں کے حصے کر کے پورے سر کی جلد پر لگالیں۔

شیمپو کرنے کے بعد بالوں کے سروں پر کنڈیشنز لگائیں اور رات کو سونے سے پہلے بالوں کو ہلکے ہاتھ سے روزانہ 100 بار برش کریں۔ اس سے سر کی جلد کا دوران خون تیز ہوگا۔ ان چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں اور ہمارے تجویز کردہ نسخوں کو آزمائیں۔ یہ بے ضرر گھریلو ٹوٹکے خشکی سے نجات حاصل کرنے میں آپ کے یقینی مددگار ثابت ہوں گے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں