سفرِ زندگی۲۰۱۹

تحریم حنا

صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے

عمر یوں ہی تمام ہوتی ہے

نئے سال کا آغاز ہمیں سوچنے کی دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کا جائزہ لیں۔ ہم دیکھیں کہ ہم نے پچھلے سال میں کیا کامیابیاں حاصل کیں، کن ناکامیوں کا منہ دیکھا۔ نئے سال کے بارے میں غور و فکر کریں کہ ہمیں کیا کیا کرنا ہے، اپنے علم میں کیسے اضافہ کرنا ہے، اپنے آپ کو کون کون سے بے مقصد کاموں سے بچانا ہے۔ وقت کا بہترین اور صحیح استعمال ہی کامیابی کا راز ہے۔

نیا سال

رب کائنات کی مہربانی سے ہم ۲۰۱۸ کو گزار کر ۲۰۱۸ کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ سب سے پہلے تو ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ یہ نیا برس ہمارے لیے ہمارے اہل خانہ کے لیے، ہمارے وطن عزیز کے لیے، اور جملہ انسانیت کے لیے رحمت و برکت، خوشیوں اور راحتوں کا سال ہو۔ ہمیں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کرنے کی توفیق ہو، ہم ہر قسم کی آزمائشوں اور مصیبتوں سے بچے رہیں۔

پھر نیا سال، نئی صبح، نئی امیدیں

اے خدا، خیر کی خبروں کے اجالے رکھنا

نیا سال ۳۶۵ دنوں کا ایک نیا خزانہ لے کر ہمارے پاس آنے والا ہے، ضروری ہے کہ ہم نئے سال کو زندگی کے سفر میں آگے بڑھنے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بند کر کے گزاریں… صحت، علم، کاروبار (یا ملازمت) اور عبادات کے لیے ایک جامع منصوبہ تیا رکریں۔ منصوبہ بنانے کے بعد اس پر نظر رکھنے کے لیے ڈائری کا استعمال بہت ضروری ہے۔ سال کے شروع ہوتے ہی ایک ڈائری خرید لیں اور روزانہ باقاعدگی سے لکھیں۔

مشکل دور

غیر یقینی صورتِ حال کے بادل پورے ملک پر چھائے ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں کسی بھی فرد کے لیے اپنے آپ کو زمانے کی تلخیوں سے بچانے کے لیے ایک دینی، سماجی اور معاشرتی شعور اور مضبوط قوتِ ارادی کے ساتھ ساتھ زبردست محنت اور کوششوں کی ضرورت ہے۔ تعمیر وطن اور انسانیت کے لیے ہر مفاد اور عصبیت سے بالاتر ہوکر سوچنا اور کام کرنا ہوگا۔

وقت کی اہمیت

یاد رکھیں وقت کبھی تھمتا نہیں، یہ اپنی مستی میں گم حالات و واقعات کو جنم دیتا اور بے شمار خوابوں کو تعبیریں بخشتا اور زمانوں کو ماضی کے دامن میں دفن کرتا ہوا نہایت سرعت کے ساتھ گزر جاتا ہے۔ اسے کسی کی فکر نہیں ہوتی کہ کون اس کے جبر کی زد میں اآیا ہے اور کس نے اس کی مہربانیوں سے اپنے آنگن کو لبریز کرلیا ہے۔ وہ لوگ خوش قسمت ہوتے ہیں جو ماہ وسال کے پرلگا کر تیزی سے اڑنے والے وقت کو اپنے شاندار کارناموں کی بدولت اپنی مٹھی میں قید کرلیتے ہیں اور جب وہ کامیابی و کامرانی کے نشے سے سرشار نگاہ اٹھا کر پیچھے کی جانب ڈالتے ہیں تو ان کے شاداں و فرحاں چہروں پر اطمینان کی گہری مسکراہٹ چھا جاتی ہے اور ان کی آنکھوں کے سائے گہرے ہونے لگتے ہیں۔

وقت کے بارے میں داناؤں کے مضامین اور اقوال سے کتابیں بھری پڑی ہیں، ہم یہاں ذیل میں دانشوروں کے چند اقوال سے اپنے مضمون کو سجا رہے ہیں:

٭ وقت وہ قیمتی سرمایہ ہے جو ہر شخص کو قدرت کی طرف سے یکساں عطا ہوا ہے۔ جو لوگ اس سرمائے کو موقع کی مناسبت سے کام میں لاتے ہیں وہی زندگی کامیابیاں بھی حاصل کرتے ہیں۔

٭ اگر کوئی زندگی میں کامیابی حاصل کرنا چاہا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اپنے وقت پر نگراں رہے، ہر کام کے لیے ایک وقت مقرر کرے ورنہ جو شخص وقت کو برباد کرے گا وقت اس کو برباد کردے گا۔

٭ اپنے دل میں کوئی ایسی رغبت پیدا نہ ہونے دو جو تمھیں وقت رائیگاں کرنے والا بنا دے۔

٭ وقت روئی کے گالوں کے مانند ہے۔ اسے عقل و حکمت سے چرخے میں کات کر اس کے قیمتی کپڑے بنا لو ورنہ جہالت کی آندھیاں اڑا کر کہیں کا کہیں پھینک دیں گی۔

٭ وقت پر تھوڑی سی محنت کرلینا بے وقت کی بہت سی تکالیف سے بچا لیتا ہے۔

٭ وقت کے پاؤں کی آہٹ سنی نہیں جاسکتی۔

٭ جو وقت کی قدر نہیں کرتا کبھی کامیاب نہیں ہوتا۔

٭ گیا وقت کبھی ہاتھ نہیں آتا۔

مثبت سوچ

نئے عزم، نئے حوصلے اور مثبت خیالات کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہیں:

چہرے سے جھاڑ پچھلے برس کی کدورتیں

دیوار سے پرانا کیلنڈر اتار دے

یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ ایک کامیاب اور خوشیوں سے بھرپور زندگی کا راز مثبت سوچ ہے۔ اپنے آپ کو آئندہ سال میں منفی سوچوں سے بچاناہے۔ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں ان کو نارمل زندگی کا حصہ سمجھنا ہے:

ایک سا موسم نہیں رہتا اگر چلتے رہو

آج سر پر چلچلاتی دھوپ ہے کل چاندنی

ایک اسٹڈی کے مطابق آپ اپنی زندگی میں پانچ ایسی عادتیں اپنا سکتے ہیں، جس سے یقینا آپ روز مرہ کی زندگی میں زیادہ خوش رہ پائیں گے:

۱- سب سے پہلے آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کی عادت ڈالیں۔

۲- ہر بات کا مثبت پہلو لیں۔

(کل کس نے دیکھا ہے؟ لیکن اگر آپ آنے والے کل کا بہتر تصور کرلیں تو یقینا آپ کی زندگی بہتر ہوگی… نیا سال خوشیاں اور کامیابیاں لائے گا، یوں سوچا کریں۔

۳- بہ طور مسلمان ہر وقت اپنے اوپر اللہ کی عنایات شمار کرنے کی عادت ڈالیں، شکر الحمد للہ کہنا اپنی عادت بنالیں۔

۴-چوتھی یہ ہے کہ اپنے آپ کو مضبوط سمجھتے ہوئے اپنی شخصیت کی کسی اچھی بات کو اجاگرکریں اور استعمال کریں، اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی حس مزاح اچھی ہے تو اس سے غم زدہ دلوں کو خوش کرنے کی کوشش کریں۔

٭ اور پانچوں عادت جو آپ کو اپنانی چاہیے، وہ ’’نیکی‘‘ کرنے کی عادت ہے، اپنے پرائے سب کے ساتھ۔ اگر خیرات کرسکتے ہیں تو ضرور کریں۔ اس سے آپ دوسروں کو ہی نہیں، اپنے آپ کو بھی فائدہ پہنچائیں گے، آپ اس سے خود کو بھی مطمئن محسوس کریں گے۔

ڈپریشن سے بچائیں

ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ جس تیز رفتاری سے ڈپریشن کا مرض بڑھ رہا ہے، ۲۰۲۰ تک ڈپریشن دنیا کا دوسرا بڑا مرض ہوگا۔ آج دنیا میں بارہ کروڑ سے زیادہ افراد ڈپریشن کے اذیت ناک کرب میں مبتلا ہیں۔

ڈپریشن کا سب سے آسان اور سستا علاج پانچ وقت کی نماز ہے۔ نماز میں وضو اور اللہ کے حضور میں کھڑے ہوکر اس سے تعلق جوڑنا انسان کو ڈپریشن اور منفی خیالات سے بچاتا ہے۔ پانچ وقت کی باجماعت نماز انسان کو تنہائی کے غار سے بار بار باہر نکالتی ہے۔ آدمی سوسائٹی میں گھل مل کر اپنی ذات کے خول سے باہر نکل آتا ہے۔

ہم سفر

اچھے، نیک اور مخلص ساتھی زندگی کے سفر کو آسان اور خوش گوار بنا دیتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ A man is known by the company he keeps دوستوں کے انتخاب میں زیادہ سے زیادہ احتیاط ملحوظ رکھیں۔ دوست آپ کی زندگی کو جنت یا جہنم بنا سکتے ہیں۔ اچھے دوست نہ اپنا وقت برباد کرتے ہیں نہ دوسروں کا، وہ مثبت سوچ کے مالک ہوتے ہیں، ان سے آپ سچی خوشی حاصل کرسکتے ہیں ان کی صحبت (کمپنی) میں ڈپریشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں