سونف گھریلو ضروریات میں استعمال ہونے والی کار آمد عام سی چیزہے جو ہر گھر کے باورچی خانے میں موجود رہتی ہے۔ اس کا پودا ایک گز لمبا ہوتا ہے۔ باریک باریک نرم و نازک پتوں والے اس پودے کے اوپری حصے میں الٹی چھتری کی طرح سونف کا گچھا لگتا ہے، اور یہ پھول سونف کے دانوں میں بدل جاتے ہیں۔ کچی سونف کی خوشبو دور سے آتی ہے، سونف کی دو اقسام ہیں: ایک بستانی اور دوسری جنگلی۔ بستانی سونف اگائی جاتی ہے جب کہ دوسری خود رو ہوتی ہے۔ برصغیر میں زیادہ تر بستانی سونف استعمال کی جاتی ہے۔ سونف ٹھنڈی، میٹھی، خوشبودار، مخرج ریاح ہے۔ کھانا ہضم کرتی ہے اور بھوک بڑھاتی ہے، بینائی میں اضافہ کرنے کے ساتھ پان، اچار اور سالن وغیرہ میں بھی استعمال کی جاتی ہے۔
طبی استعمال
سونف کے ساتھ اس کی جڑ اور اس کا اوپر والا چھلکا دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ذیل میں اس کے چند طبی فوائد درج کیے جاتے ہیں۔
پیٹ میں درد: سونف ۱۲ گرام، اجوائن ۱۲ گرام، کالا نمک چھ گرام صاف کر کے باریک پیس لیں اور کھانے کے بعد استعمال کریں۔ اس کے استعمال سے معدہ درست ہو جائے گا، بھوک بڑھے گی اور کھانا بھی جلد ہضم ہوگا۔
نظر کی کمزوری: سونف، بادام، مصری ہم وزن پیس کر ایک چمچہ سفوف دودھ کے ساتھ صبح و شام استعمال کریں۔ نظر کی کمزوری دور کرنے کے لیے فائدہ مند ہے۔
سر درد اور چکر کے لیے: ایک گرام سونف کو آدھے گلاس پانی میں خوب گھوٹ لیں، اس میں شکر او سفید مرچ کا سفوف شامل کر کے صبح و شام پئیں۔ اس سے سر کے درد اور چکر میں افاقہ ہوگا۔
سینے اورمعدے کی جلن کے لیے:سونف ۱۲ گرام، الائچی سبز ۱۲ گرام، پودینہ چھ گرام، تمام کو باریک پیس کر دو گرام صبح و شام استعمال کریں۔ پیٹ کی جلن، ریاح، معدہ کی گیس اور غذا کو ہضم کرنے میں بہت مفید ہے۔
دل کے لیے فرحت بخش: سونف پانچ گرام، الائچی سبز تین عدد، سونٹھ دو گرام، دار چینی دو گرام، خولنجان دو گرام، تمام دوا کو قہوہ کی طرح تیار کر کے صبح و شام پئیں ، یہ دل کو قوت و فرحت دیتی ہے۔
سونف کے فوائد
دماغ کی کمزوری یا چکر آنا: چھ ماشہ سونف چینی ملا کر روزانہ کھائیں۔ نزلہ زکام کے لیے ایک تولہ سونف کوٹ کر آدھا کلو پانی میں بھکو کر تین گھنٹے بعد جوش دیں، آدھا پاؤ رہ جائے تو چینی ملا کر صبح و شام پئیں۔ کچی بھنی سونف ایک تولہ، تین تولہ شکر کے ساتھ آدھا کلو پانی میں جوش دیں، آدھا پاؤ رہ جائے تو گر م گرم پلائیں۔ سونف کے سبز پتوں کو کوٹ کر رس نکال کر کھرل کرلیں، اتنا کہ تمام رس خشک کر کے سفوف بنائیں۔ خوب کھرل کریں۔ سرمہ کی طرح رات کو تین تین سلائی آنکھوں میں ڈالیں۔ موتیا بند کے شروع میں بہت کار آمد ہے۔ سونف ایک تولہ پیس کر چینی لا کر گائے کے گرم دودھ کے ساتھ کھالیں، آنکھوں کو فائدہ ہوگا۔ دمہ میں ایک تولہ سونف آدھا سیر پانی میں جوش دیں۔ آدھا رہ جائے تو شہد ملا کر پلا دیں۔ ہر قسم کی کھانسی میں مفید ہے۔ سونف چبانے سے منہ کی بدبو ختم ہو جاتی ہے۔ پیٹ کا درد ٹھیک ہو جاتا ہے۔ کچھی بھنی ہوئی سونچ میں ہم وزن چینی ملا کر تین چار بار گائے کے دودھ کے ساتھ دیں، اسہال میں مفید ہے۔ ایک پاؤ سونف، مصری ایک پاؤ کوٹ کر سفوف بنالیں۔ روزانہ صبح شام ڈیڑھ تولہ گرم دودھ کے ساتھ کھائیں۔ یہ سفوف دودھ کی کمی پوری کرتا ہے۔ بخار میں ایک تولہ سونف، آٹھ لونگ، دو کلو پانی کا جوشاندہ بنائیں،پاؤ بھر رہ جائے تو ڈھائی تولہ شکر ملا کر چھان کر گرم گرم پلائیں اور چادر اوڑھا دیں، پسینہ آکر بخار اتر جائے گا۔