شادی آپ کریں، رقم ہم سے لیں

ندیم سبحان

ایک امریکی کمپنی نے تنگ دستوں کی شادی کروانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔ یہ کمپنی حال ہی میں قائم کی گئی ہے اور ویلنٹائن ڈے سے شادی کے خواہش مندوں کو رقم کی فراہمی کا آغاز کرے گی۔ شادی کے خواہش مندوں کو یہ کمپنی فی جوڑا 1000ڈالر دے گی۔ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ یہ رقم قرض نہیں ہوگی اور نہ ہی کمپنی یہ رقم واپس لے گی… جب تک کہ شادی برقرار ہے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ شاید یہ کوئی این جی او ہے جو محض انسانی فلاح کی خاطر مالی پریشانی کا شکار افراد کو شادی جیسے مقدس رشتے میں باندھنے کا کام انجام دے گی۔ مگر ایسا نہیں ہے۔

Swan Luv نامی کمپنی شادی کرنے والے جوڑوں کو 10000 ڈالر کی خطیر رقم یوں ہی مہیا نہیں کرے گی۔ دراصل یہ کمپنی کی سرمایہ کاری ہے۔ کمپنی کے خرچ پر شادی کرنے والے جوڑے کے درمیان جب بھی طلاق ہوگی وہ اصل رقم مع سود کمپنی کو لوٹانے کے پابند ہوں گے۔ بہ الفاظِ دیگر آپ کہہ سکتے ہیں کہ Swan Luvطلاق پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ خواہش مند فرد یا افراد شادی کے لیے رقم حاصل کرنے کی غرض سے جب سیٹل میں قائم کمپنی سے رابطہ کریں گے تو انہیں ایک طویل تفتیشی عمل سے گزرنا پڑے گا۔ متعلقہ اداروں سے ان کی شہریت سمیت دیگر کوائف کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ اس رقم کو وہ کہیں اور استعمال نہ کرسکیں۔ کمپنی کی شرائط پر پورا اترنے والے جوڑے کو دس ہزار ڈالر دے دیے جائیں گے۔ طلاق کی صورت میں انہیں سود کی بلند شرح کے ساتھ پوری رقم واپس کرنی پڑے گی۔

SwanLuv کے شریک بانی اور سی ای او اسکاٹ ایوی کہتے ہیں کہ ان کی کمپنی کا کاروبار جوئے کی طرح ہے جو وہ شادیوں پر کھیلیں گے مگر اس جوئے میں انہیں نقصان ہونے کا امکان کم ہے کیوں کہ امریکی معاشرے میں طلاق کی شرح چالیس سے پچاس فیصد ہے۔ یعنی شادی کرنے والے نصف جوڑے کسی نہ کسی موڑ پر ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلیتے ہیں۔

SwanLuvکا کاروباری طریقہ بیمہ کمپنیوں کے طریقہ کار کے برعکس ہے۔ بیمہ کمپنیاں اپنے کلائنٹس کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آجانے کی صورت میں انہیں ادائیگی کرنے کی پابند ہوتی ہیں مگر SwanLuv کے کلائنٹس طلاق کی صورت میں برے حالات سے دو چار ہونے پر کمپنی کو سود سمیت رقم لوٹانے کے پابند ہوں گے۔ اسکاٹ کا کہنا ہے کہ وہ ہر جوڑے کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے درمیان کبھی جدائی نہ ہو مگر ان کی یہ خواہش ہر کسی کے معاملے میں پوری نہیں ہوگی۔ تاہم اگر شادی شدہ جوڑے اپنا رشتہ برقرار رکھیں تو انہیں یہ خطیر رقم ادا نہیں کرنی پڑے گی۔ اسی طرح یہ اسکیم درحقیقت طلاق کی شرح کو نیچے لانے میں کردار ادا کرسکتی ہے۔ اگر کسی جوڑے کے درمیان تلخیاں پیدا ہوجائیں تو SwanLuvکے ماہرین انہیں گھریلو جھگڑوں کو نمٹانے کے لیے مشاورت بھی فراہم کریں گے۔

SwanLuv کا کاروباری ماڈل غیر روایتی بلکہ متنازع ہے۔ کمپنی نے کاروبار کا ابھی آغاز کیا ہے لیکن کاروبار پھیلنے پر اس پر تنقید ہونا بھی یقینی ہے کیوں کہ کمپنی لوگوں کی زندگیوں اور خوشیوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ تاہم اسکاٹ کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ان کی کمپنی کے قیام پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں