صندل کے چند آزمودہ ماسک

صدف آصف

صندل ایک خوش بودار پیلے رنگ کی لکڑی کا برادہ ہے جو جلد کی حفاظت اور دل کشی میں بہت ہی معاون ہے۔ اسے چندن کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ صندل کی خاصیت یہ ہے کہ اس کی خوشبو سے فضا بہت دیر تک معطر رہتی ہے۔ صندل کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا ذکر شعروں اور گیتوں میں بھی ملتا ہے۔ خواتین کے استعمال کی بہت ساری آرائشی مصنوعات، جیسے فیشل، تیل اور کریم وغیرہ میں شامل کر کے اسے مزید موثر بنایا جاسکتا ہے۔ یہاں صندل کے ماسک کی کچھ گھریلو ترکیبیں پیش کی جا رہی ہیں، جن کا استعمال نہ صرف جلد کے لیے مفید ہے، بلکہ یہ چہرے کی دلکشی میں اضافے کا باعث بھی بنے گا۔ اگر آپ کے چہرے کی جلد پر کسی قسم کی الرجی ہے، تو ماسک لگانے سے پہلے ہتھیلی کی پشت پر لگا کر ماسک کا اثر دیکھ لیں، اگر کوئی مضر اثر نہ ہو تو بہ آسانی استعمال کریں۔

عرق گلاب اور صندل

یہ بہت آسان گھریلو ماسک ہے، ایک پیالے میں دو چمچے صندل کا برادا ڈالیں، اس کے بعد اتنا عرق گلاب ملائیں کہ وہ گاڑھا محلول بن جائے، اس میں کوئی گٹھلی نہ رہے۔ اب صاف چہرے اور گردن پر یہ ماسک لگائیں اور بیس منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ چہرہ گلاب کی طرح کھل اٹھے گا۔

جو، صندل

ایک بلینڈر میں دو چمچے صندل کا برادہ ایک چمچا دلیہ، چند گلاب کی پتیاں اور پانی ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اس کا ماسک لگانے سے پہلے دودھ سے چہرہ صاف کریں، اس کے بعد روئی میں عرق گلاب لگا کر چہرے پر لگائیں، جب خشک ہوجائے، تو گاڑھا محلول والا ماسک چہرے پر پھیلا کر لگائیں، یہاں تک کہ ماسک خشک ہوجائے۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔ یہ جلد کو صحت مند اور چمک دار بناتا ہے۔

ہلدی، صندل کا ماسک

ایک شیشے کی پیالی میں، دو چمچے صندل کا برادہ ڈالیں، اس کے بعد ایک چمچا ہلدی ملائیں۔ ان دونوں کو ملانے کے بعد اس میں تین چمچے شہد ملا دیں۔ جب تینوں اجزا ایک جان ہوجائیں تو چہرے پر یہ ماسک لگائیں اور بیس سے پچیس منٹ کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں۔

دودھ، صندل کا ماسک

کچے دودھ میں صندل ملا کر چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں اور پھر پندرہ منٹ بعد جب خشک ہوجائے تو منہ دھولیں۔ یہ ماسک موسم گرما میں جلد کے لیے بے حد مفید ہے۔ خاص طور پر دھوپ سے جھلسے ہوئے چہرے کو صاف کرنے میں خاصا معاون ہے۔

سیب، صندل ماسک

سیب کا چھلکا اتار کر ایک چمچا گودا نکال لیں اور اس میں ایک چمچا صندل کا برادہ ملانے کے بعد اسے عرق گلاب سے تر کریں۔ اس کے بعد چہرے پر پھیلا کر لگائیں، ۲۰ منٹ بعد چہرہ دھولیں۔ یہ ماسک مردہ اور بے رونق جلد کے لیے اکسیر ہے۔

ملتانی مٹی اور صندل

ایک پیالی میں ایک ایک چمچا ملتانی مٹی اور صندل کا برادہ لے کر اس میں لیموں کا رس اور عرق گلاب ملا کر محلول بنالیں، اس ماسک کو چہرے پر انگلیوں کے مدد سے لگائیں، جب اچھی طرح سے سوکھ جائے تو منہ دھولیں۔ یہ ماسک جلد پر بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کو کم کرتے ہیں اور جلد پر پڑنے والی لکیروں اور جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

کھیرا اور صندل ماسک

دو چمچے کھیرے کے رس میں صندل کا برادہ ملا کر گاڑھا ماسک چہرے پر پھیلا کر لگائیں، ۲۰ منٹ بعد دھولیں، یہ ماسک چہرے کی جلد کو تازہ کرتا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں