’’صنفی تفریق‘‘ اس کا خاتمہ کیسے ممکن بنائیں؟

یسریٰ اصمعی

ماں،بہن، بیٹی، بیوی… عورت ہر روپ میں منفرد، ہر کردار میں خوب صورت!! کہیں محبتوں میں گندھی ہوئی تو کہیں قربانیوں کا پیکر،کہیں بہترین غمگسار تو کہیں خلوص و الفت کی جیتی جاگتی تصویر!!، مگر پھر بھی نجانے کیوں ہر روز صبح جب اخبار اٹھاؤ تو حوا کی اِسی بیٹی کی بے توقیری کی کوئی نہ کوئی دل دہلانے والی داستان آنکھوں کو نم اور روح کو جھنجھوڑ ڈالتی ہے۔

خواتین کو بس اسٹاپس، پبلک ٹرانسپورٹ، بازاروں ،پارکوں، ہوٹلز، دفاتر میں اکثر و بیشتر جن رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کا احوال تو کسی سے ڈھکا چھپا نہیںہے۔ افسوس کا مقام یہ ہے کہ جیسے جیسے دنیا ترقی کر رہی ہے، ویسے ویسے حقوق نسواں اور مساوات کے نعرے عام ہو رہے ہیں، بظاہر باشعور لوگوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، تعلیم کی شرح بھی ماضی کی نسبت بلند ہو رہی ہے، لیکن پھر بھی خواتین کی تعظیم اور ان سے بد سلوکی کے حوالے سے اکثر رویے جوں کے توں ہیں۔

اس وقت اصل سوال یہ ہے کہ خواتین کے لئے معاشرے میں بہتر سلوک اور باعزت گنجائش پیدا کرنے کی تمام کوششیں آخر اس تیزی سے بارآور ثابت کیوں نہیں ہو رہیں ،جس کی توقع کی جارہی تھی؟ کیا وجہ ہے کہ خواتین کے حوالے سے مجموعی معاشرتی رویے تبدیل ہوتے نظر نہیں آرہے؟ کیوں آج بھی ایک مرد کے لئے کسی عورت سے اونچی آواز میں بات کرنا یا اس پر ہاتھ اْٹھا لینا دنیا کا سب سے آسان کام ہے؟

کیسے کچھ مرد اس مہذب دنیا میں بھی کھڑے کھڑے برسوں کی خدمت گزار بیوی کے پیروں تلے زمین کھینچ لینے میں لمحہ نہیں لگاتے؟ کیوں آج بھی بلا تحقیق کسی عورت کے کردار پر انگلی اٹھاتے لوگوں کے دل نہیں کانپتے؟ کیا وجہ ہے کہ اب بھی حوا کی بیٹی ثنا خوان ِتقدیسِ ِمشرق کے سامنے سوالی بنی کھڑی ہے۔

اگر غور کریں تومحسوس ہوتا ہے کہ ہمارے رویوں کی اصلاح، افکار و خیالات کی تعمیر اور شخصیت سازی کی ابتدا گھروں سے ہوتی ہے۔ بچے کو سلام کرنا، سیدھے ہاتھ سے کھانا کھانا، بیٹھ کر پانی پینا ، اٹھنا بیٹھنا، غرض یہ کہ زندگی گزارنے کے آداب ، دنیا کو برتنے کے بنیادی طور طریقے گھر کی دنیا میں ہی سکھائے جاتے ہیں۔

کس رشتے کو کیا مقام دینا ہے، کس سے کیسا برتاؤ کرنا ہے، کہاں اونچی آواز بھی قابل معافی ہے اور کہاں نظریں اٹھا کر جواب دینا بھی گستاخی ہے۔ اس سب کی تربیت چاہے لڑکا ہو یا لڑکی اسے بچپن میں ہی گھر سے ملنا شروع ہو جاتی ہے۔

اب اس کو ہماری ستم ظریفی کہیں ، معاشرتی چلن یا کم علمی اور بے شعوری کہ بیٹا اور بیٹی کی تربیت اور معاملات میں اکثر کم تعلیم یافتہ گھرانے تو ایک طرف اچھے اچھے پڑھے لکھے گھرانوں میں بھی کچھ نہ کچھ امتیازی رویہ شروع سے ہی برتا جاتا ہے اور بیٹوں کو بیٹیوں پر کسی نہ کسی طرح خواہ غیر شعوری طور پر ہی سہی لیکن فوقیت دی جاتی ہے۔

بیٹوں کو عموما چھوٹی عمر سے ہی یہ باور کرایا جاتا ہے کہ تم مرد ہو،مستقبل میں کنبے کی باگ دوڑ تم کو سنبھالنی ہے، تم کوگھرانے کا سربراہ بننا ہے، تمھاری رائے اورحکم حتمی مانے جائیں گے ، ساتھ ہی کہیں نہ کہیں یہ بات بھی کان میں پھونک دی جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو ایک درجہ قوامیت بخشی ہے۔آدھی بات اور آدھی تصویر کشی کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بارہ تیرہ برس کی عمر سے ہی عام طور پرچھوٹے چھوٹے معصوم لڑکے اپنے ’’مرد ‘‘ ہونے کے زعم میں سینہ پھْلا کر گھومنا شروع کر دیتے ہیں۔

وقت و عمر کے ساتھ یہ زعم ،تکبر اور مطلق العنانیت کی سی شکل اختیار کر لیتا ہے اور اس کا شکار پہلے پہل بہن اور بعد میں بیوی اور بیٹی بنتی ہیں۔ اکثر گھرانوں میں بیٹیوں سے چیزیں لے کر بھائیوں کوتھما دی جاتی ہیں، بھائی صاحب اگر جلال کی کیفیت میں ہیں تو مائیں زیادہ تر بہنوں کو ہی خاموش رہنے کی تلقین کرتی نظر آتی ہیں، بیٹا اگر بہن پر ہاتھ بھی اٹھا لے تو اس کا ہاتھ پکڑنے کے بجائے بچی کو درگزر کی تلقین کی جاتی ہے، ساتھ ہی یہ نصیحت بھی کردی جاتی ہے کہ تم کو اگلے گھر جانا ہے ابھی سے زبان بند رکھنے کی عادت ہو گی تو سسرال میں گزارہ آسان ہو گا۔یوں اکثر لڑکوں کو شروع سے ہی اپنے ناروا رویے پر شرمندہ ہونے کے بجائے اسیمردانگی کی علامت سمجھنے کی عادت ڈال دی جاتی ہے۔

بہت سے مردوں کا یہ بھی معمول ہوتا ہے کہ کام سے واپسی پر دن بھرکی کوفت اور تھکن گھر والوں پر چیخ چلا کر نکالتے ہیں، بچے بچیاں اس چیز کو بھی محسوس کرتے ہیں، اور غیر شعوری طور پر ان میں یہ نظریہ جڑ پکڑ لیتا ہے کہ مرد تو ہوتے ہی غصے کے تیز ہیں، ان کا غصہ اورگرمی برداشت کرنا خواتین کی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔ غرض یہ کہ جب اس قسم کے متضاد معیارات بچے شروع سے گھروں میں دیکھتے ہیں تو عمر کے ساتھ ساتھ یہ رویے ان میں بھی پختہ ہوتے جاتے ہیں۔جس کے نتیجے میں ’’قوامیت‘‘ کا ایک روایتی اور قطعی ادھورا سا تصور ہماری سوسائٹی میں راسخ ہوتا چلا جاتا ہے بلکہ ہو چکا ہے۔

اگر ہم واقعی معاشرے میں خواتین کو ان کا جائز اور باعزت مقام دلانے کے خواہش مند ہیں تو اس کے لئے سب سے پہلے مائوں کو آگاہی دینی ہو گی، اگر ابتدا سے ہی مائیں اپنے بیٹوں کو خواتین کا احترام اور ان کے معاملے میں خدا خوفی اختیار کرنے کا درس دیں، خواتین سے حسن سلوک کے حوالے سے اسلامی تعلیمات سے آگاہ کریں، بیٹے اور بیٹی میں امتیازی رویہ نہ اپنائیں اور دونوں کے لئے اخلاقیات کا یکساں معیار رکھیں اور بیٹوں کو صرف یہ بتا کر کہ وہ ’’مرد‘‘ ہیں، احساس تفاخر جگانے کے بجائے ،ان کو مردوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں بھی بتائیں تو ہی مجموعی معاشرتی رویے میں بہتری کے امکانات ہیں۔

اس وقت اشد ضرورت ہے کہ قوامیت کا درست اور جامع تصور عام کیا جائے،اللہ تعالیٰ نے مرد وں کو بلا شبہ ایک درجہ افضل اور قوام بناکر خاندان کا سربراہ بنایا ہے۔

اس حیثیت سے ان کا احترام اوران کے مقام کا خیال رکھنا اور معروف بات میں فرمانبرداری کرنا جہاں خواتین کا فرض ہے وہیں مردوں کا بھی فرض ہے کہ وہ زندگی کے ہر معاملے میں زیادہ سمجھداری ،تدبر ، معاملہ فہمی، نرمی ، درگزر اور وسیع القلبی کا مظاہرہ کریں، کیوںکہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے کفالت و سربراہی کی بھاری ذمہ داری ان کے کندھوں پر ڈالی ہے۔

جس طرح اگر کسی ریاست پر کوئی مطلق العنان اور جابر سربراہ مسلط ہو جائے تو وہ ریاست تباہ ہو جاتی ہے بالکل اسی طرح اگر گھر کی دنیا میں یہ رویہ اپنایا جائے تو مکینو ں کی شخصیت نہ صرف کرچی کرچی ہوجاتی ہے بلکہ دلوں میں نفرتیں جنم لینے لگتی ہیں لہٰذا گھر کے سربراہ کی حیثیت سے مردوں پر گھر کے ماحول کو بہتر، پرسکون اور دوستانہ بنائے رکھنے کی برابر کی ذمہ داری ہے۔

جب تک گھر کے یونٹ سے بچوں میں اس صنفی تخصیص کے سنجیدہ خاتمے کی طرف توجہ نہیں دی جائے گی ،جب تک مائیں بچوں کے ذہن میں کچی عمروں سے ہی اس شعور کو اجاگر نہیں کریں گی کہ خواہ مرد ہو یا عورت یکساں عزت و احترام کا حقدار ہے، عورتوں کا بھی اس دنیا پر اتنا ہی حق ہے جتنا کسی مرد کا، سب سے بڑھ کر خواتین کے سلسلے میں اسلامی احکامات کی درست تعلیم عام نہیں کی جائے گی، یوں ہی گھروں کی چار دیواری سے، سیاسی جماعتوں کے جلسوں اور حکومتی ایوانوں تک کوئی بھی عورت مردوں کے اس معاشرے میں کبھی شعلوں تو کبھی تمسخرانہ جملوں کی حدت کو برداشت کرنے پر مجبور رہے گی اور کوئی بھی قانون یا بل خواتین کے حقوق کے تحفظ میں ناکام ہی رہے گا۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146