غزل

فضیل ناصری

نفرتوں کی وہ آتش ہے پھیلی ہوئی، عشرتیں مٹ گئیں، سسکیاں رہ گئیں

وہ فضا بن گئی گلشنِ ہند کی، آشیاں جل گئے، بجلیاں رہ گئیں

ہر طرف شور ہے ظلم و عدوان کا، ہر مسلماں ہے دہشت سے سہما ہوا

کچھ نہ پوچھو مری بزم کی حالتیں، مشعلیں بجھ گئیں، آندھیاں رہ گئیں

سرپرستی قیادت کی ایسی ملی،جو ممولے تھے شہباز بننے لگے

عدل و انصاف کا چاند گہنا گیا، ملزموں کے لیے پیشیاں رہ گئیں

وہ جسارت میں ہر روز بڑھتے گئے، بزدلی نے ہمیں کاٹ کر رکھ دیا

منزلوں نے انہیں بڑھ کے بوسے دیے، اپنے حصے میں ناکامیاں رہ گئیں

اب تو آئیں بھی دہشت کے نرغے میں ہے،آدمیت ہوئی ملک میں در بدر

آہ مرنے کو ہے اپنی جمہوریت،ایک دو آخری ہچکیاں رہ گئیں

یہ صحافت، یہ جمہوریت کا ستوں،چند سکّوں کے بدلے میں بکنے لگی

حق بیانی لٹی، صاف گوئی پٹی،ایک لے دے کے بے شرمیاں رہ گئیں

کون جیتا ہے اسلام کے واسطے، جس کو دیکھو وہی مغربی ہوگیا

دین داری کا نقشِ کہن مٹ گیا، داڑھیاں کٹ گئیں، ٹائیاں رہ گئیں

جب سے ہم نے سیاست کو دھکے دیے، ہم کو یاروں نے رومال باور کیا

جاں گسل ہو گیا زندگی کا سفر، کٹ گئے پاؤں، بیساکھیاں رہ گئیں

ہوش کل تھا، نہ اب ہے مسلمان کو،جس کو دیکھو کھلونا ہے اغیار کا

جرأتیں سن ہوئیں، غیرتیں مرگئیں، رہ گئیں کچھ تو شہنائیاں رہ گئیں

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146