لذیذ پکوان

ادارہ

کھڑے مصالحے کی ماش دال

اجزاء:

ماش کی دال دو پیالی۔ نمک حسب ذائقہ۔ پیاز (باریک کٹی ہوئی) ایک عدد درمیانی۔ ادرک لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ۔ لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ۔ ہلدی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ۔ دودھ ایک پیالی۔ سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ۔ لہسن (باریک کٹا ہوا) چھ سے آٹھ جوئے۔ ثابت لال مرچیں چار سے چھ عدد۔ ڈالڈا کوکنگ آئل چار سے چھ کھانے کے چمچ۔

سجانے کے لیے:

پودینہ حسب پسند۔ ادرک (باریک کٹی ہوئی) حسب پسند۔ ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) حسب پسند۔ تلی ہوئی پیاز حسب پسند۔

ترکیب:

۱- دال دھوکر دو پیالی نیم گرم پانی میں بیس سے پچیس منٹ کے لیے بھگو دیں۔ پھر دودھ شامل کر کے دیگچی میں ڈال کر اُبال لیں۔

۲-پیاز، ادرک،لہسن، لال مرچ اور ہلدی شامل کر کے اتنی دیر پکائیں کہ دال گل جائے۔

۳- فرائنگ پین میں ڈالڈا کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ گرم کر کے سفید زیرہ، لہسن اور لال مرچیں ڈال کر فرائی کریں اور یہ بگھار دال کے اوپر ڈال دیں۔

۴- پھر نمک ملا کر دال کو ڈھک کر چار سے پانچ منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر (دم پر) پکائیں اور چولہے سے اتارلیں۔

پریزنٹیشن:

پودینہ، ادرک، ہری مرچیں اور تلی ہوئی پیاز چھڑک کر چپاتی کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

ٹپ:

مزید ذائقہ دار بنانے کے لیے دال کو مکھن یا مار جرین کے ساتھ پیش کریں۔

کھٹا میٹھا چکن

مرغی کا گوشت (بغیر ہڈی کے) آدھا کلو۔ شملہ مرچ چوکور کٹی ہوئی دو یا تین عدد۔ انناس کے چھلے چھ عدد (انناس کا ڈبہ)۔ ہری پیاز چار عدد (ایک ایک انچ کے لمبے ٹکڑے)۔ چینی ۳؍۱ کپ۔ سرکہ ۲؍۱ کپ۔ ٹماٹو کیچپ تین کھانے کے چمچ۔ سویا ساس دو چائے کے چمچ۔ ادرک باریک پسی ہوئی ایک چائے والی چمچ۔ انڈا ایک عدد۔ تیل چار کپ اور چار کھانے والے چمچ۔

ترکیب:

۱- گوشت کے ٹکڑوں کو بارچوں کی شکل میں کوٹ لیں Mallatسے گود کر۔

۲- ایک پیالے میں چینی ، سرکہ، کیچپ، آدھا کپ پانی اور ادرک ملا کر رکھ دیں۔

۳- انڈا پھینٹ کر گوشت میں ملا دیں اور تھوڑا سا نمک بھی۔ پھر ایک ٹکڑا اٹھا اٹھا کر کارن اسٹارچ کے پیالے میں رول کرکر کے ایک پلیٹ میں رکھ دیں۔

۴-تیل کو گرم کر کے گوشت کو تل کر نکالیں۔ ایک وقت میں دس بارہ ٹکڑے ہی فرائی کریں۔ گولڈن براؤن کر کے رکھ لیں۔

۵- دوسری کڑاہی میں چار چمچ تیل گرم کر کے شملہ مرچ اور پیاز کو ہلکا سا فرائی کریں۔ اور پھر پیالے میں جو ساس گھول کر رکھی ہوئی تھی، وہ شامل کردیں۔

۶- انناس کے ڈبے میں جو جوس ہوگا اس میں سے آدھا کپ جوس لے کر اس میں کارن اسٹارچ گھول لیں اور ساس میں ڈال کرپکائیں۔

۷- جب قدرے گاڑھا ہونے لگے تو انناس کے چھلے ہوئے ٹکڑوں میں کاٹ کر ڈالیں اور تلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔ـ

۸- قدرے پکائیں تاکہ گوشت بھی گرم ہوجائے۔ چائنیز رائس کے ساتھ گرم گرم سویٹ اینڈ ساور چکن پیش کریں۔

چٹنی والا چکن

اجزا:

مرغ کے سینے کے پیس چار عدد۔ مکھن ۳ اونس۔ کھیرا ایک عدد (چھلا ہوا)۔ پنیر ایک کپ (کدوکش کی ہوئی) ۔کارن فلور دو چائے کے چمچ۔ دودھ ایک کھانے کا چمچ۔ نمک اور مرچ حسب ذائقہ۔ جائفل ۳؍۱ چائے کا چمچ (پسی ہوئی)۔ لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ۔

ڈریسنگ کے لیے:

ٹماٹر دو عدد۔ لیموں ایک عدد۔ سبز مرچ دو عدد۔

ترکیب:

دو اونس مکھن کو دیگچی میں ڈال کر گرم کریں اور اس میں مرغ کے چاروں پیس ڈال کر فرائی کریں۔ جب فرائی ہوکر سرخ ہوجائیں تو نکال لیں۔ اسی دیگچی میں بقیہ مکھن ڈال کر پگھلائیں اور کھیر کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے گرم مکھن میں ڈال کر پکائیں۔ چند منٹ بعد کدوکش کی ہوئی چیز ڈال دیں اور پکائیں اس وقت تک جب تک کہ چیز پگھل نہ جائے۔ دودھ میں کارن فلور ملا کر حل کریں اور اسے بھی کھیرے کے آمیزے میں ڈال دیں۔ چمچ سے مسلسل ہلائیں۔ جب کھیرے کی چٹنی یکجا ہوجائے تو نمک، مرچ، جائفل اور لیموں کا رس ملادیں اب اس میں ایک کپ پانی ڈال دیں اور ساتھ ہی مرغ کے فرائی کیے ہوئے چاروں پیس ڈال کر ہلکی آنچ پر دم لگادیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو نکال کرڈش میں سجادیں۔ ارد گرد ٹماٹر کے قتلے، لیموں کے ٹکڑے اور سبز کٹی ہوئی مرچ سجائیں اور ٹیبل پر لے آئیں۔

دہی اور پنیر کا ہلکا پھلکا انداز

موٹاپے سے متعلق حساس افراد کے لیے ایک ٹپ تیاری کے لیے درکار وقت: 15منٹ۔

اجزا: (پندرہ افراد کے لیے)

٭ پنیر ایک کپ۔ گاڑھا دہی ایک کپ۔ پیاز دو چائے کے چمچ۔ اجوائن دو چائے کے چمچ (پسی ہوئی) شملہ مرچ پاؤڈر دو چٹکی۔ نمک آدھا چمچ۔ پنیر کے ٹکڑے، کھیرے، شملہ اور گاجر کی قاشین۔

ترکیب:

پنیر، دہی، پیاز، اجوائن، شملہ مرچ، سرخ مرچ پاؤڈر اور نمک کو اچھی طرح مکس کریں اور فریزر میں آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ سلاد کے ساتھ پیش کریں۔

کھٹا میٹھا گائے کا گوشت

اجزا:بیف ۳۵۰ گرام۔ کارن فلور دو کھانے کے چمچ۔ انڈے دو عدد۔ نمک ایک چائے والا چمچ۔ ہری پیاز دو عدد۔ لال اور سبز مرچ ایک ایک عدد۔ لہسن دو جوئے۔ انناس ۴۵۰ گرام والا ڈبہ۔

ترکیب:

۱- بیف کے ٹکڑوں پر نمک لگا کر رکھ دیں۔ پھر انڈوں میں ڈبو ڈبو کر کارن فلور میں رول کر کے ڈیپ فرائی کرلیں۔

۲- مرچوں کو چوکور ایک انچ کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور ہری پیاز کو بھی لمبا کاٹ لیں۔

۳- ایک کڑاہی میں دو کھانے کے چمچ تیل گرم کر کے لہسن و مرچیں و پیاز ہلکا فرائی کریں۔ پھر انناس کے ٹکڑے بھی شامل کر کے دو منٹ پکائیں۔

۴- کھٹی میٹھی چٹنی کے اجزاء ایک پیالے میں گھول کر سبزیوں پر ڈال دیں، اور پکا کر گاڑھا کر لیں۔ گوشت کے فرائی شدہ ٹکڑے شامل کر کے دو منٹ پکائیں۔ سویٹ اینڈ ساور ساس (کھٹی میٹی چٹنی) کے اجزاء درج ذیل ہیں:

سرکہ آدھا کپ۔ پانی یا چکن باتھ ایک کپ۔ ٹماٹر کیچپ ۴؍۳ کپ۔ سویا ساس دو کھانے کے چمچ۔ چینی آدھا کپ۔ نمک آدھا کھانے کا چمچ۔ کارن فلور دو کھانے کے چمچ۔ سب کو ملالیں اور پکاکر گاڑھا کرلیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں