لذیذ پکوان

ماخوذ

بیف ویجی ٹیبل منچورین

ضروری اشیاء:

گوشت: (چھوٹے کیوبز کر لیں) ڈھائی سو گرام

لہسن، ادرک پیسٹ: دو چائے کے چمچے

نمک: حسب ذائقہ

سیاہ مرچ پاؤڈر: حسب ذائقہ

چائنیز نمک: آدھا چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

سرخ مرچ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

ہری مرچیں: چار عدد (باریک چوب کرلیں)

لہسن کے جوے: دو عدد (باریک چوب کرلیں)

گاجر (بڑے ٹکڑے کاٹ لیں): تین چار عدد

شملہ مرچیں: تین چار عدد (بیج نکال کر بڑے ٹکڑے)

پیاز: بڑے سائز کی ایک عدد

سرکہ: دو کھانے کے چمچے

سویا سوس: چار کھانے کے چمچے

ہری پیاز: دو عدد (ترچھے ٹکڑے کاٹ لیں)

تیل: حسب ضرورت

چاول (ابلے ہوئے): سرونگ کے لیے

کارن فلور: دو چائے کے چمچے

ترکیب:

گوشت کو دھوکر سوس پین میں ڈال لیں۔ اب اس میں لہسن، ادرک پیسٹ، نمک، چائنیز نمک، گرم مصالحہ پاؤڈر، سرخ مرچ پاؤڈر، سرکہ اور اتنا پانی ڈالیں کہ جس میں گوشت بھی گل جائے اور تقریبا ڈیڑھ کپ پانی بھی بچ جائے۔ اب گوشت کو نکال کر پلیٹ میں رکھیں اور یخنی کو ایک پیالے میں نکال کر رکھ لیں۔ سوس پین میں تیل گرم کریں اس میں چوپ کیا ہوا لہسن اور ہری مرچیں ڈال کر چمچہ چلائیں۔ اب اس میں گوشت ڈال کر گولڈن ہونے تک فرائی کر کے اس میں سیاہ مرچ پاؤڈر، سویا سوس، چلی سوس اور نمک ڈال کر دو تین منٹ تک مزید فرائی کرلیں۔

گاجر، شملہ مرچیں ڈالیں آدھا کپ یخنی الگ کر کے بقیہ یخنی بھی سوس پین میں ڈال کر چمچہ چلائیں اور درمیانی آنچ پر پکائیں۔ جب ایک مرتبہ اُبال آجائے تو اس میں پیاز کے کیوبز شامل کر کے ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر گاجروں کے نرم ہونے تک پکائیں۔ باقی بچی ہوئی یخنی میں کارن فلور مکس کریں اور گوشت والے آمیزے میں اسے شامل کر کے گریوی کے گاڑھے ہونے تک پکائیں۔

مزیدار بیف ویجی ٹیبل منچورین تیا رہے۔ ہری پیاز ڈال کر مکس کریں اور سرونگ پلیٹ میں نکال کر اُبلے ہوئے چاولوں کے ساتھ سرو کریں۔

پنیری مرغ و دیسی پلاؤ

ضروری اشیاء:

چکن بریسٹ (بون لیس): دو عدد (دھوکر خشک کرلیں)

ادرک، لہسن پیسٹ: دو کھانے کے چمچے

ہری مرچیں: (پیس کر پیسٹ بنالیں) چار پانچ عدد

سرکہ: ایک کھانے کا چمچہ

تیل: حسب ضرورت

نمک: حسب ذائقہ

سیاہ مرچ پاؤڈر: حسب ذائقہ

میدہ ایک کھانے کا چمچہ

دودھ: آدھا کپ

کریم: دو کھانے کے چمچے

نمک: حسب ذائقہ

پنیر(کدوکش کیا ہو): آدھا کپ

باسمتی چاول: دو کپ (صاف کر کے پانی میں بھگو لیں)

ہلدی پاؤڈر: ایک چائے کا چمچہ

لونگ: دو عدد

دار چینی: ایک انچ کا ٹکڑا

تیز پات: ایک عدد

گھی: دو کھانے کے چمچے

مرغی کی یخنی: ڈھائی کپ

ترکیب:

ایک پیالے میں گوشت ڈال کر اس میں نمک، ادرک، لہسن پیسٹ، ہری مرچیں، سرکہ اور سیاہ مرچ پاؤڈر ڈال کر مکس کریں اور تیس منٹ تک میرینیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔ نان اسٹک سوس پین میں تیل گرم کریں، اس میں میرینیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر فرائی کریں اور ڈھکن ڈھک کر گوشت کے گل جانے تک پکائیں اس کے بعد سوس پین کو چولھے سے اتار لیں۔ ایک دوسرے سوس پین میں میدہ ڈال کر بھونیں اس میں دودھ ڈال کر تیزی سے چمچہ چلائیں (تاکہ گٹھلیاں نہ بنیں) کریم، پنیر، نمک اور سفید مرچ پاؤڈر شامل کریں۔ اس کے بعد اس میں فرائی کیا ہوا گوشت ڈال کر مکس کریں اور سوس کے گاڑھے ہونے پر سوس پین کو چولھے سے اتار لیں۔ چاولوں کو پانی سے نتھار لیں۔ ایک کڑاہی میں گھی گرم کریں اس میں لونگ، دار چینی، تیز پات ڈال کر کڑکڑائیں۔ چاول، ہلدی پاؤڈر، نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر ڈال کر چمچہ چلائیں۔ مرغی کی یخنی شامل کر کے ایک مرتبہ اُبالیں۔ اس کے بعد ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر چاولوں کے گل جانے تک پکائیں۔ سرونگ ڈش میں چاول نکالیں اور اس میں تیار کی ہوئی گوشت کی گریوی ڈالیں۔ مزیدار پنیری مرغ ودھ پلاؤ تیار ہے۔ سلاد اور رائتے کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

پنیر اور موسمبی کا سلاد

ضروری اشیاء:

پیاز (لچھے کاٹ لیں): دو عدد

موسمبی: دو عدد

پنیر: (کیوبز کاٹ لیں) دو سو پچیس گرام

ڈریسنگ تیار کرنے کے لیے:

کینو کا رس: چار کھانے کے چمچے

زیتون کا تیل: دو چائے کے چمچے

سیاہ مرچ پاؤڈر، نمک: حسب ذائقہ

سیاہ زیتون: بارہ عدد

پودینہ: چند پتے

ترکیب:

پیاز کے لچھوں کو ٹھنڈے پائی میں بھگو لیں تاکہ ان کی جھار ختم ہوجائے، موسمبی کو چھیل کر گول گول باریک سلائس میں کاٹ لیں۔

ڈریسنگ بنانے کے لیے ایک پیالے میں کینو کا رس، زیتون کا تیل، سیاہ مرچ پاؤڈر اور نمک ڈال کر مکس کریں۔ ایک سیلڈ پلیٹ میں پہلے پیاز کے لچھے رکھیں۔ پھر موسمبی کے سلائس رکھیں۔ اس کے بعد اس کے درمیان میں پنیر کے کیوبز اور زیتون رکھ کر تیار کی ہوئی ڈریسنگ ڈال دیں۔ مزیدار پنیر اور موسمبی کا سلاد تیار ہے۔ پودینے کے پتوں سے سجا کر سرو کریں۔

چیز ڈیلائیٹ

کیک رس بسکٹس: بارہ عدد

کالیچ چیز، کریم چیز: ڈھائی سو گرام

کریم: ڈھائی سو گرام

چینی (پسی ہوئی) دو سو گرام

کافی پاؤڈر: چار کھانے کے چمچے

پانی: ایک کپ

چاکلیٹ چپ: گارنشنگ کے لیے

سادہ کیک: ایک عدد (چھوٹا)

ترکیب:

پانی میں کافی کو گھول لیں۔ ایک کھلے منہ کی ڈش لے لیں اور اس میں کیک رس بسکٹس کو بھگو لیں۔ ایک پیالے میں چینی، چیز، کریم اور کافی ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں پھر اسے کیک اس کے اوپر بچھا لیں۔ اوپر سے چاکلیٹ چپ کی گارنشنگ کر کے خوب ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

چیزی میکرونی ڈیلائیٹ

ضروری اشیاء:

میکرونی: آدھا کپ

پنیر : (کدو کش کیا ہوا) آدھا کپ

مایونیز: چھ چائے کے چمچے

سیاہ مرچ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچہ

شکر: آدھا چائے کا چمچہ

انناس: آدھا کپ

سلاد پتے: دو عدد

نمک: حسب ذائقہ

ترکیب: میکرونی کو اُبال کر چھان لیں اور ٹھنڈے پانی میں دس سے پندرہ منٹ تک کے لیے ڈال دیں۔ الگ ڈش میں مایو نیز پنیر، شکر، نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ اب اس میں میکرونی بھی چھان کر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں، سلاد پتے سے گارنش کریں اور خوب ٹھنڈا کر کے سروکریں۔ سائیڈ ڈش کے طور پر استعمال کریں۔

پنیر تکہ مصالحہ

ضروری اشیاء:

چیز (کیوبز کاٹ لیں) : ڈھائی سو گرام

دہی: پانچ چھ کھانے کے چمچے

پیاز (چوکور ٹکڑے کاٹ لیں) دو عدد

ٹماٹر (چو کور ٹکڑے کاٹ لیں): دو عدد

لہسن، ادرک پیسٹ: ایک چائے کا چمچہ

ہری مرچوں کا پیسٹ: آدھا چائے کا چمچہ

کاجو (پیس کر پیسٹ بنا لیں) : پچاس گرام

تندوری مصالحہ: ایک چائے کا چمچہ

چاٹ مصالحہ: ایک چائے کا چمچہ

نمک: حسب ذائقہ

ٹماٹر پیوری: چار کھانے کے چمچے

تیل: حسب ضرورت

ترکیب:

پیالے میں تندوری مصالحہ چاٹ مصالحہ، نمک آدھی مقدار میں، دہی اور لہسن، ادرک پیسٹ ڈال کر مکس کریں۔ اب چیز کے کیوبز کو اس مصالحے میں ڈال کر تھوڑی دیر میرینیٹ کریں، اس کے بعد سیخوں میں پیاز اور ٹماٹر کے ٹکڑوں کے ساتھ پرو لیں۔ انگیٹھی میں کوئلے دہکا کر سیخوں کو اس پر رکھیں اور پنیر کے سنہری ہونے تک باربی کیو کرلیں، اس کے بعد نکال کر ایک طرف رکھ لیں۔ ایک سوس پین میں تیل گرم کر کے اس میں ہری مرچوں کا پیسٹ اور باقی بچا ہوا لہسن ادرک پیسٹ ڈال کر چمچہ چلائیں۔ ٹماٹوپیوری ڈال کر تھوڑی دیر بھونیں۔ تیل اوپر آنے لگے تو اس میں کاجو پیسٹ ڈال کر دس منٹ تک مزید پکائیں۔ مزیدار پنیر تکہ مصالحہ تیار ہے۔ گارنش کر کے گرم گرم سرو کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں