لذیذ پکوان

زینب جعفری

دہی والے بینگن

اجزاء:

گول دانے بینگن: آدھا کلو

دہی: آدھا کلو

لہسن کا پیسٹ: دو چائے کے چمچ

ہلدی پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

سرخ مرچ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

سفید زیرہ پیس کر : آدھا چائے کا چمچ

کوکنگ آئل: ایک کپ

ترکیب:بینگنوں کو اچھی طرح دھوکر گول قتلے کاٹ لیں اور نمک لگا کر کسی چھلنی میں رکھ دیں تاکہ پانی نکل جائے، آدھے گھنٹے کے بعدکسی صاف کپڑے سے انہیں دبا کر پانی نکال دیں۔ کسی دیگچی میں آئل گرم کر کے بینگنوں کو فرائی کرلیں اور ہلکے سنہری ہونے پر نکال لیں۔ آدھے کپ پانی میں لسہن، سرخ مرچ، ہلدی اور تھوڑا سا نمک ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور اسی آئل میں ڈال کر بھون لیں۔ مسالہ بھن جائے تو آدھا کپ پانی مزید ڈال کر دیگچی میں بینگن کے قتلے پھیلا کر ڈال دیں اور تقریبا پانچ منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ دہی میں پسا ہوا سفید زیرہ اور نمک ڈال کر پھینٹ لیں اور اسے ڈش میں نکال لیں۔ اب بینگنوں کو احتیاط کے ساتھ دیگچی سے نکال کر ڈش میں موجود دہی کے اوپر پھیلا دیں۔ روٹی اور پراٹھے کے ساتھ یہ ڈش ایک منفرد مزدہ دے گی۔

کھٹے بینگن

بینگن : ایک کلو

سرخ مرچ پاؤڈر: دو چائے کے چمچ

ہلدی پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

سونف (پسی ہوئی): دو کھانے کے چمچ

دار چینی (پسی ہوئی): آدھا چائے کا چمچ

زیرہ (پسا ہوا): آدھا چائے کا چمچ

لونگ : تین عدد

چھوٹی الائچی: تین عدد

نمک: حسب ذائقہ

املی: پچاس گرام

دہی: آدھا پاؤ

ہری مرچ: چھ عدد

کوکنگ آئل: ایک کپ

ترکیب:بیگنوں کو لمبائی میں چار ٹکڑے کرلیں اور املی کو پانی میں بھگو کر اس کا پیسٹ بنالیں۔ کسی دیگچی میں آئل گرم کرکے بیگنوں کو اتنی دیر تک فرائی کریں کہ وہ ادھ پکے ہوجائیں اور پھر انہیں دیگچی سے نکال کر کسی پلیٹ میں رکھ لیں۔ اب اسی تیل میں لونگ، چھوٹی الائچی اور پھر کتری ہوئی ہری مرچیں ڈال کر بھون لیں اور چند لمحے بعد اس میں سرخ مرچ، نمک، ہلدی اور بقیہ مسالے ڈال کر دو کپ پانی بھی شامل کریں اور ابال آنے تک پکائیں۔ ابال آنے کے بعد اس میں املی اور دہی شامل کر کے شوربہ گاڑھا ہونے تک پکائیں اور آخر میں بیگن بھی ڈال کر گلنے دیں۔ جب گل جائیں تو اتار لیں اور گرما گرم روٹی کے ساتھ نوش کریں۔

بینگن مسالے دار

اجزاء:

گول بینگن بڑے سائز کے : آدھا کلو

بیسن: ایک کھانے کا چمچ

آٹا: ایک کھانے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

پسی لال مرچ: ایک چائے کا چمچ

کوکنگ آئل فرائی کے لیے: حسب ضرورت

اجزاء مسالے کے لیے:

ٹماٹر : ایک پاؤ

پیاز درمیانی: دو عدد (لچھوں میں کاٹ کر)

لہسن پسا ہوا: ایک چائے کا چمچ

پسا ہوا دھنیا: ایک چائے کا چمچ

پسا ہوا زیرہ: ایک چائے کا چمچ

سونف پیس کر: ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

سرخ مرچ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

پسا گرم مسالہ: آدھا چائے کا چمچ

چھوٹی الائچی پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

لونگ: چار عدد پیس کر

کریم : چار کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا: گارنشنگ کے لیے،

کوکنگ آئل : تین کھانے کے چمچ

ترکیب: بینگن کے قتلے بنائیں اور نمک لگا کر کسی چھلنی میں رکھ دیں اور تھوڑی دیر کے بعد اچھی طرح دھوکر خشک کرلیں۔ آٹا، بیسن، نمک اور مرچ کو ملا کر بینگن کے قتلوں پر اچھی طرح لگا دیں اور فرائنگ پین میں تھوڑا سا تیل گرم کر کے اس میں بیگن تل لیں۔ مسالہ تیار کرنے کے لیے کسی دیگچی میں آئل گرم کریں اور پیاز و لہسن فرائی کرنے کے بعد اس میں پسا دھنیا، زیرہ، سرخ مرچ پاؤڈر، ہلدی او رسونف بھی ڈال دیں۔ ٹماٹر تین سے چار عدد لے کر انہیں باریک کترلیں اور مسالے میں شامل کر دیں ساتھ ہی نمک ملا کر اس وقت تک بھونیں جب تک مسالہ آئل نہ چھوڑ دے۔ اب ایک اوون میں رکھی جانے والی ڈش میں بیگن اور مسالہ تہہ لگا کر رکھیں اور بقیہ مسالہ اوپری سطح پر ڈال کر بقیہ ٹماٹروں کے قتلے سجائیں۔ گرم مسالہ، لونگ اور الائچی پاؤڈر چھڑک کر اوپر کریم پھیلا دیں اور ڈش کو اوون میں 200 درجہ سینٹی گریڈ پر دس سے پندرہ منٹ تک رکھ کر بیک کرلیں۔ آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر پراٹھوں کے ساتھ تناول کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں