کھٹ مٹھے چنے
اجزاء: کالے چنے آدھا کلو، پیاز ایک گٹھی، ادرک کھانے کا ایک چمچ (پسا ہوا)، لیموں دو عدد، شکر کھانے کا ڈیڑھ چمچ، گھی ڈیڑھ چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، مرچ حسبِ ذائقہ، میٹھا سوڈا ایک چمچ۔
ترکیب: چنے صاف کرکے سوڈا ملے ہوئے پانی میں بارہ گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ پھر بھیگے ہوئے چنوں کاپانی نکال کر تازہ پانی ڈالیں اور ابال لیں۔ دیگچی میں تیل ڈال کر اس میں کٹی ہوئی پیاز ڈال دیں اور ابلے ہوئے چنے چھان کر اس پیاز میں شامل کردیں۔ نمک، مرچ، ادرک اور شکر اس میں ڈال کر چند منٹ تک پکائیں اور پھر دھیمی آنچ پر دم کے لیے رکھ دیں۔ ڈش میں نکالنے کے بعد لیموں نچوڑ کر نوش فرمائیں۔
داس قیمہ(سندھی ڈش)
اجزاء: قیمہ آدھا کلو، پیاز 2عدد باریک کاٹ لیں، ہری پیاز ایک پاؤ (باریک کاٹ لیں)، ہرا دھنیا آدھا کپ (باریک کاٹ لیں) ، ہری مرچ 6 عدد (باریک کاٹ لیں)، ٹماٹر 3عدد(چوکور کاٹ لیں)، نمک حسبِ ضرورت، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈرپاؤ چائے کا چمچ، آئل آدھا کپ۔
ترکیب: ایک کڑاہی میں کوکنگ آئل گرم کریں اور اس میں قیمہ، پیاز، ہرا دھنیا، ہری پیاز، ہری مرچ، نمک، ہلدی اور لال مرچ پاؤڈر ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب قیمہ آدھا پک جائے تو اس میں ٹماٹر شامل کردیں اور اسے اچھی طرح بھون کر دم پر رکھ دیں۔ جب دیکھیں کہ تیل اوپر آگیا ہے تو اتار لیجیے۔ مزیدار ’’داس قیمہ‘‘ تیار ہے اسے گرم پراٹھوں کے ساتھ نوش فرمائیں۔
جلیبی
اجزاء: میدہ 4 کپ، چینی 3کپ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، زردے کا رنگ آدھا چائے کا چمچہ، عرق گلاب چند قطرے، تلنے کے لیےکوکنگ آئل۔
ترکیب: برتن میں میدہ چھان کر اس میں بیکنگ پاؤڈر ملالیں، پھر دو کپ گرم پانی ڈال کر اس کی لئی بنائیں اور 12 گھنٹے کے لیے ڈھانک کر رکھ دیں۔ اب ایک دوسرے برتن میں 3 کپ چینی، 2 کپ پانی، زردے کا رنگ اور عرقِ گلاب ملا کر اتنا پکائیں کہ ایک گاڑھا شیرا تیار ہوجائے۔
کڑھائی میں تیل گرم کرلیں۔ اب لئی میں تھوڑا میدہ اور ملا کر اسے گاڑھا کرلیں، ایک پلاسٹک کی تھیلی میں سوراخ کرکے لئی اس میں ڈال دیں اور دبا کر دائروں کی شکل میں کڑھائی میں ڈالتے جائیں۔ جب ہلکے براؤن رنگ کی جلیبی تیار ہوجائے تو اسے شیرے میں 5 منٹ کے لیے ڈبو کر نکال لیں۔ گرم گرم پیش کریں۔
شیر خرمہ
اجزاء: دودھ ایک کلو، سفید سویاں آدھی پیالی، چھوارے چھ عدد، گرم پانی میں بھگو کر درمیان میں سے گٹھلی کو نکال لیں اور چار چار ٹکڑے کرلیں۔ بادام بارہ عدد، پستے بارہ عدد، دونوں چیزوں کو گرم پانی میں بھگوکر چھلکا اتار لیں اور باریک کاٹ لیں۔ چھوٹی الائچی چھ عدد، لونگ چار عدد، چینی ڈھائی پیالی، گھی دو کھانے کے چمچے۔
ترکیب: دودھ کو ایک جو ش دے کر ٹھنڈا کرلیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر لونگ اور الائچی ڈال دیں۔ دو منٹ بعد سویاں ڈال کر اچھی طرح سے بھون کر نکال لیں۔ پھر میوہ ڈال کر تل لیں، جب اچھی طرح سے تل جائے تو دودھ ڈال کر پکنے دیں۔ جب دوبارہ جوش آجائے تو سویاں اور چینی ڈال کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔ تقریباً بیس منٹ بعد اتارلیں۔