لذیذ پکوان

ماخوذ

میٹھے پکوڑے

اجزاء:

انڈا: ایک عدد

آٹا یا میدہ : آدھا کپ

سوجی : آدھا کپ

چینی : تین کھانے کے چمچ اور گھی۔

ترکیب:

انڈے میں چینی ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ یہاں تک کہ انڈہ اور چینی یکجان ہوجائیں، پھر سوجی اور آٹا یا میدال ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اگر زیادہ سخت آمیزہ ہو تو تھوڑا سا دودھ ڈال کر قدرے پتلا کرلیں اور گھی میں یہ آمیزہ ایک ایک چمچ ڈالتے جائیں اور پکوڑوں کی طرح تل لیں۔ چائے کے ساتھ پیش کریں بہت مزہ دیں گے۔

اروی کی اچاری بھجیا

اجزاء:

اروی: ایک کلو

نمک: حسب منشا،

سرخ مرچ : ایک چائے کا چمچ

ثابت دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ

کلونجی : آدھا چائے کا چمچ

زیرہ سفید : آدھا چائے کا چمچ

میتھی دانہ : آدھا چائے کا چمچ

سونف : آدھا چائے کا چمچ

ہلدی : آدھا چائے کا چمچ

ہری مرچ : چار عدد

لیموں : دو عدد (پھانکیں)

ٹماٹر : دو عدد

دہی : دو بڑے چمچ

ہرا دھنیا : تھوڑا سا تھی آدھا کپ

ترکیب: اروی کو گول گول شکل میں کاٹ کر تین چار گھنٹوں کے لیے نمک لگا کر رکھ دیں۔ دھوکر متھانی (رئی) سے اچھی طرح بلو کر اس کی لیس ختم کر دیں۔ اس کو چار گلاس پانی میں ڈال کر ابال دے لیں اتنی کہ ذرا آدھ گلی رہ جائے۔ گھی دیگچی میں ڈال کر گرم کریں۔ دھنیاں، زیرہ، کلونجی، سونف، میتھی دانہ کڑکڑا کر اس میں ہلکا نمک مرچ، ہری مرچ، ہلدی ڈال کر ساتھ ہی دہی اور ٹماٹر ڈال کر بھونیں جب ذرا گھی چھٹنے لگے تو ابلی ہوئی اروی کا پانی بالکل نچو ڑ کر اس پکتے ہوئے مسالے میں ڈال کر لکڑی کے چمچ سے ہلائیں اور چار پانچ منٹ کے بعد ہلکی آنچ پر دم دے دیں۔ بہترین اروی تیار ہے ہرا دھنیاں ڈال کر گرم گرم پیش کریں۔

مٹن نظامی قورمہ

اجزاء:

بکرے کا گوشت : ایک کلو

دہی : دو سو گرام

ادرک : پندرہ گرام

لہسن : پندرہ گرام

پیاز : دو سو گرام

لال مرچ: بیس گرام

پسا دھنیا: بیس گرام

پسی ہلدی: دس گرام

نمک : حسب ذائقہ

ناریل : پسا ہوا پچیس گرام

کاجو : پچیس گرام

بادام: پچیس گرام

گرم مسالہ: پندرہ گرام

گھی : دو سو گرام

ترکیب:سب سے پہلے گوشت کو اچھی طرح دھولیں۔ کسی برتن میں گھی ڈالیں اور گرم کریں۔ پیاز کے لچھے کاٹ کر گرم گھی میںڈال کر براؤن کرلیں۔ پیاز براؤن ہوجائے تو اس میں پسی ہوئی ادرک اور لہسن ڈال کر بھونیں۔ اس کے بعد اس میں گوشت ڈال کر بھونیں جب گوشت اچھی طرح بھن جائے تو اس میں پسی ہوئی لال مرچ اور دھنیا ڈال دیں۔ تھوڑا سا پانی ڈالیں تاکہ مسالہ ذرا پک جائے۔ پانی خشک ہوجائے تو پھر اسے بھونیں۔ اس کے بعد گوشت گلنے کے لیے پانی ڈال دیں۔ جب گوشت گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو اس میں دہی شامل کردیں اور اسے بھی خوب اچھی طرح بھونیں۔ کاجو، ناریل ا اور بادام میں سے آدھا خشک میوہ لے کر پیس لیں اور اسے سالن میں شامل کردیں۔ باقی آدھے ڈرائی فروٹ ثابت رکھیں جب گوشت چولھے سے اتار لیں تو اس میں ثابت ڈرائی فروٹ ڈال دیں۔ اب مٹن نظامی قورمہ تیار ہے۔ گرم گرم چپاتی کے ساتھ نوش فرمائیں۔

گوشت دل بہار

اجزاء:

گوشت : ایک کلو

پیاز : آٹھ عدد (درمیانے سائز کے)

لہسن : چار جوئے

ادرک : ایک ٹکڑا

بادام : بارہ عدد (بھگوکر چھلے ہوئے)

نمک : حسب ذائقہ

لال مرچ : ایک چائے کا چمچ

ہلدی : آدھا چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر: آدھا چمچ

گھی : آدھا کپ

ترکیب:گھی کو ایک برتن میں ڈال کر گرم کریں۔ پیاز کو چھیل کر پیس لیں اور پیسٹ بنالیں۔ اس کو گھی میں شامل کر کے دو سے تین منٹ تک بھون لیں۔ اب اس میں ادرک اور لہسن کا پیسٹ ملالیں۔ اس میں لال مرچ ہلدی اور دھنیا پاؤڈر بھی شامل کرکے پانچ سے سات منٹ تک بھونیں، اب گوشت کو دھوکر اس میں شامل کرلیں۔ اچھی طرح چمچ چلا کر بھون لیں، جب گوشت اپنا پانی چھوڑنے لگے تو اس میں باداموں کا پیسٹ شامل کرلیں۔ اچھی طرح اس وقت تک پکائیں جب تک سالن گھی نہ چھوڑ دے۔ اب اس میں دو سے تین پیالی پانی ملا کر ہلکی آنچ پر اس وقت تک پکائیں جب تک گوشت گل نہ جائے اور پانی بھی خشک کرلیں آپ کا گوشت دل بہار تیار ہے۔ باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا اور ادرک اور لیموں کے قتلوں کے ساتھ سجائیں اور نوش فرمائیں۔

مچھلی کے کوفتے

اجزاء:

مچھلی کوئی بھی بغیر کانٹوں کے قیمہ کی ہوئی: ایک کلو گرام

پیاز : تین عدد درمیانی باریک کئی ہوئی

سبز دھنیا: ایک پیالی باریک کٹا ہوا

ہری مرچ: چھ عدد باریک کٹی ہوئی

لہسن کا پیسٹ: دو چائے کے چمچ

ادرک پسی ہوئی: ایک چائے کا چمچ

پسا ہوا دھنیا: تین چائے کا چمچ

پسا ہوا سفید زیرہ: دو چائے کے چمچ

چینی کوٹی ہوئی : تین عدد درمیانے سائز کی دار

میتھی دانہ: دو چائے کے چمچ کوٹا ہوا

درمیانے ٹماٹر: باریک کٹے ہوئے

سرخ مرچ: دو چائے کے چمچ پسی ہوئی

کوکنگ آئل : تلنے کے لیے۔

ترکیب:مچھلی کو دھوکر ایک دیگچی میں دو کپ پانی ڈال کر ابالیں، مچھلی نرم ہونے پر اسے چولھے پر سے اتار لیں۔ باقی بچا ہوا پانی پھینکیں نہیں۔ مچھلی کو بلینڈ کر کے اس میں تمام مسالے اچھی طرح ملا لیں اور درمیانہ سائز کی گولیاں بنا کر تیس منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ کڑاہی میں آئل ایک کپ ڈال کر کوفتے تل لیں۔ ایک دیگچی میں آئل دال کر ایک عدد کٹی ہوئی پیاز سنہری کرلیں اب اس میں سرخ مرچ پسی، دھنیا پسا، میتھی دانہ، کٹا ہوا ادرک لہسن کا پیسٹ اور ٹماٹر ڈال کر بھونیں۔ جب مسالہ آئل چھوڑے دے تو باقی بچا ہوا پانی ڈال کر ابال آنے پر کوفتے دم پر رکھ دیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں