لذیذ پکوان

صائمہ افضل

سویا ساس چکن

اشیاء:

مرغ : ایک کلو

سویا ساس: چھ بڑے چمچ

پیاز: سو گرام

سرکہ: پچاس گرام

کارن فلور: پچاس گرام

لہسن: پندرہ گرام

گھی/ تیل : سو گرام

ٹماٹر کا رس: ایک کپ

ترکیب: مرغ کے گوشت پر مکئی کا آٹا اور سویا ساس ملا کر مل دیں، تیل گرم کریں، اس میں پیاز لہسن تل لیں۔ اب اس میں ٹماٹر کا رس چٹنی اور سرکہ ملا دیں۔ دو منٹ بعد مرغ کا گوشت بھی شامل کرلیں اور اچھی طرح تلیں۔ عمدہ ڈش تیار ہے۔

اروی کے شامی کتاب

اشیاء:

اروی : آدھا کلو

تل : دو چمچہ (تقریباً بیس گرام)

سفید زیرہ: آدھا تولہ

دھنیا: دو تولہ

گھی یا تیل: حسب ضرورت

سبز مرچ: حسب ضرورت

ترکیب:

اروی کو ابال کر چھیل لیں، پھر اروی کو ہتھیلی پر دبا کر شامی کباب کی طرح بنا لیں، اس کے بعد تل، دھنیا، زیرے کو باریک پیس کر اروی پر لگا کر تل لیں، تلنے کے بعد اپنے پیاروں کو پیش کریں اور ان سے اپنے کھانے پکانے کی تعریف سنتی چلی جائیں۔

بینگن کے دھی بڑے

اجزائٍ :

بینگن : گول والے 250 گرام

دہی: پانچ سو گرام

بیسن: دو سو پچاس گرام

کٹی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچ

چاٹ مسالہ: دو چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

سوڈا کھانے والا: آدھا چائے کا چمچ،

شکر: دو چائے کے چمچ

زیرہ، کڑی پتہ اور ثابت سرخ مرچ بگھار کے لیے

ڈالڈا کوکنگ آئل ڈیپ فرائی کرنے کے لیے

ترکیب؛

سب سے پہلے کسی کھلے منہ کے پیالے میں بیسن، نمک، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور سوڈا گھول کر رکھ لیں جیسے کہ پکوڑوں کے لیے گھولا جاتا ہے۔ بینگنوں کو گول قتلوں میں کاٹیں اور بیسن میں ڈبو کر ڈیپ فرائی کرلیں اور سنہری ہونے پر نکال کر پانی میں ڈالتی جائیں تاکہ نرم رہیں۔ دہی کو اچھی طرح پھینٹ کر اس میں شکر اور چاٹ مسالہ شامل کرلیں اور پانی میں ڈبوئے ہوئے فرائی بینگنوں کو ہلکے ہاتھ سے دباتے ہوئے پانی نکال کر دہی میں شامل کردیں اور آخر میں ثابت مرچ ۔ زیرے اور کڑی پتے کا بگھار لگا دیں۔ مزیدار بینگن کے دہی بڑے تیار ہیں۔

بینگن مدراسی

اجزاء:

گول بینگن: درمیانی سائز کے آدھا کلو

پیاز درمیانی سائز کی: پانچ عدد

ٹماٹر: ایک پاؤ پیسٹ بنا کر

ادرک و لہسن کا پیسٹ: ایک کھانے کا چمچ

کڑی پتہ: بگھار کے لیے پانچ پتیاں

ہرا دھنیا: ایک گڈی باریک کتر لیں

ہری مرچ : چار عدد کتر لیں

املی: پچاس گرام (پانی میں بھگو کر پیسٹ بنالیں)

رائی: آدھا چائے کا چمچ

میتھی دانہ: پاؤ چائے کا چمچ

زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

پسا ہوا ناریل: آدھا چائے کا چمچ

تل: ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر: پاؤ چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

ڈالڈا کوکنگ آئل :آدھا کپ

ترکیب:کسی دیگچی میں آئل گرم کر کے اس میں کڑی پتہ اور رائی ڈال دیں۔ خوشبو دینے لگے تو پیاز اور ٹماٹروں کا پیسٹ شامل کر کے پکنے دیں اور چند منٹ کے بعد اس میں ادرک و لہسن، نمک، سرخ مرچ اور تل کے علاوہ میتھی،زیرہ اور ناریل بھی پیس کر شامل کردیں۔ مسالہ اچھی طرح بھن جانے پر اس میں درمیان سے دو ٹکڑے کٹے ہوئے بینگن بھی شامل کرکے انھیں گلنے دیں۔ آخر میں املی پیسٹ ڈال کر ہری مرچ اور ہرا دھنیا بھی چھڑک دیں اور پانچ سے دس منٹ تک ہلکی آنچ پر دم لگانے کے بعد اتار لیں، مزیدار بینگن مدراسی تیار ہیں جو روٹی کے علاوہ چاول کے ساتھ بھی خوب مزہ دیں گے۔

اسموک بوٹی

اجزاء:

مٹن یابیف کی بوٹیاں: آدھا کلو

پیاز : دو عدد

ادرک: دیڑھ انچ کا ٹکرا

لہسن: آٹھ جوئے

ہری مرچ: آٹھ عدد

کچا پپیتہ پسا ہوا: دو کھانے کے چمچ

نمک: حسب ذائقہ

ثابت دھنیا: ایک چائے کا چمچ

زیرہ : ایک چائے کا چمچ

دار چینی: ڈیڑھ انچ کا ٹکرا

لونگ: تین عدد

چھوٹی الائچی: دو عدد

بڑی الائچی: ایک عدد

ہرا دھنیا کترا ہوا: چار کھانے کے چمچ

کوکنگ آئل : آدھا کپ

ترکیب: گوشت کی بوٹیوں میں ادرک، لہسن، ہری مرچیں اور کچا پپیتہ پیس کر نمک سمیت ملا دیں اور چار گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ لونگ، دار چینی، زیرہ، چھوٹی اور بڑی الائچی نیز دھنیا بھی پیس لیں۔ ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے مسالہ لگی بوٹیاں ڈال دیں اور ذرا دیر فرائی کرنے کے بعد ایک پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ بوٹیاں گل جائیں تو کتری ہوئی پیاز، ہرا دھنیا اور پسا ہوا دیگر مسالہ ڈال کر پکائیں اور خشک ہونے پر آگ سے الگ اتار لیں۔ ایک چھوٹا کوئلہ چولھے پر رکھ کر انکارہ بنالیں اور اسے بوٹیوں کے درمیان رکھ کر اس پر ایک چمچہ آئل ڈالیں اور ڈھکن بند کردیں تاکہ دھواں جذب ہوجائے۔ پانچ منٹ کے بعد ڈھکن کھول کر کوئلہ نکال دیں اور بوٹیوں کو ڈش میں نکال کر دھنیا اور پودینے کی چٹنی، پیاز کے گچھوں کے ساتھ نوش کریں۔

مچھلی مسالہ پراٹھے

اجزاء:

مچھلی: ساڑھے تین سو گرام

آٹا : ساڑھے چار سو گرام

پانی: حسب ضرورت

پیاز: چوپ کرکے ایک عدد

لہسن کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچ

ادرک کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ : چوپ کر کے دو عدد

کالی مرچ: چار سے پانچ دانے

تیز پات: ایک عدد

نمک: حسب ذائقہ

پسا دھنیا: ایک چائے کا چمچ

پسا زیرہ : ایک چائے کا چمچ

لیموں کا رس: دو کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا: چوپ کر کے دو کھانے کے چمچ

بناسپتی: حسب ضرورت

ترکیب:ایک دیگچی میں مچھلی، کالی مرچ، تیز پات، لیموں کا رس اور ایک گلاس پانی ڈالیں اور پکائیں تاکہ مچھلی گل جائے۔ گل جانے پر نکال کر اس کے کانٹے نکال دیں اور ٹھنڈا کر کے پانی نکالنے کے بعد اچھی طرح میش کرلیں اور اب تمام مسالے بھی ڈال کر ملالیں۔ آٹا گوندھ کر پندرہ منٹ رکھنے کے بعد پندرہ سے بیس چھوٹے پیڑے دوسرا بیلا ہوا پیڑا اوپر رکھ کر پراٹھے بنالیں اور توے پر گھی ڈال کر انھیں سینک لیں، املی کی چٹنی کے ساتھ گرما گرم پراٹھے بہت مزہ دیں گے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں