لذیذ پکوان

تنویر فاطمہ

چیلی کباب

اجزاء:

قیمہ: ساڑھے سات سو گرام

ٹماٹر: ایک دو عدد درمیانے پتلے گول کٹے ہوئے

پیاز : تین عدد درمیانی باریک کٹی ہوئی،

ہری مرچیں: چار سے چھ عدد باریک کٹی ہوئی

ادرک کا پیسٹ: تین کھانے کے چمچے

ہرا دھنیا کٹا ہوا :تین کھانے کے چمچے

انڈے : دو عدد پھینٹے ہوئے

تیل: تین کپ

پانی : آدھا کپ

چیلی کباب مسالہ : ایک پیکٹ

ترکیب

اوپر دیے گئے تمام اجزاء (علاوہ تیل) اچھی طرح ملا کر گوندھ لیں اور تیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ گیلے ہاتھوں سے پتلے گول کباب بنائیں اور ایک طرف ٹماٹر چپکا دیں۔ پھر گرم تیل میں دونوں طرف سے سرخ ہونے تک تلیں۔ بہترین نتائج کے لیے مندرجہ بالا اجزاء میں سو دو سو گرام گائے کی تلی کا اضافہ اور آدھا کپ مکئی کا آٹا شامل کرلیں۔ گرم گرم چیلی کباب کو سلاد، املی، گرین چٹنی کے ساتھ پیش کریں

بیف ویجی ٹیبل سوپ

اجزاء:

گوشت : ایک پاؤ

یخنی : بارہ پیالی

انڈے :چار عدد

سرکہ: آدھی پیالی

کارن فلور: تین چائے کے چمچے

گاجر: ایک عدد (کدوکش کی ہوئی)

بند گوبھی: کھانے کے تین چمچے (کدوکش کی ہوئی)

نمک :حسب ذائقہ

اجینو موتو: دو چائے کے چمچ

کالی مرچ ایک چمچ

ترکیب:

گوشت ابال کر یخنی بنائیں اور تیار ہونے پر اسے چھان لیں اور گوشت کی باریک بوٹیاں کرلیں۔ اب نمک اور تمام چیزیں یخنی میں ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں اور چند منٹ بعد گاجر اور گوبھی بھی اس میں شامل کر دیں۔ چند منٹ کے بعد گاجر اور گوبھی گل جائیں تو آدھی پیالی پانی میں کارن فلور گھول کر آہستہ آہستہ اس آمیزے میں شامل کر دیں۔ اس طرح انڈے بھی پھینٹ کر ڈالیں۔ اس دوران چمچ مسلسل چلاتی رہیں۔ سوپ گاڑھا ہوجائے تو چولھا بند کردیں۔ سوپ تیار ہے۔

میٹھے کدو کی سبزی

اجزاء:

میٹھا کدو: آدھا کلو (چھلکے سمیت چوکور چھوٹے چھوٹے کاٹ لیں)

سونف :آدھا چائے کا چمچ

کلونجی: آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ ثابت: آٹھ عدد

ہلدی :آدھا چاے کا چمچ

میتھی دانہ: چند دانے

املی کا گاڑھا رس: دو کھانے کے چمچ

گڑ :ایک چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

تیل :آدھی پیالی

ترکیب:ایک کڑاہی میں تیل ڈال کر گرم کریں، جب گرم ہوجائے تو میتھی دانہ ڈال دیں، جب خوشبو آنے لگے تو کدو، کلونجی، سونف، لال مرچ، گڑ اور ہلدی ڈال کر ہلکی آنچ میں پکنے دیں، جب پانی خشک ہوجائے تو املی کا رس ڈال کر پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ گرم گرم پوری کے ساتھ پیش کریں۔ اس سبزی میں پانی بالکل نہ استعمال کریں۔

بیسن اور سوجی کا حلوہ

اجزاء:

بیسن: دو پیالی

سوجی: دو پیالی

چھوٹی الائچی :آٹھ عدد (باریک کچل لیں)

کشمش :دس عدد

بادام پستے: حسب ضرورت (باریک کٹے ہوئے)

تازہ دودھ :ایک پیالی

چینی :تین پیالی

پانی: آدھی پیالی

گھی: آدھی پیالی

ترکیب:ایک دیگچی میں گھی گرم کریں، گرم ہوجائے تو الائچی ڈال دیں، خوشبو آنے لگے تو سوجی اور بیسن ڈال کر ہلکی آنچ پر اچھی طرح بھون لیں، جب بھن جائے تو نکال لیں۔ اب دیگچی میں چینی اور پانی ڈال کر پانچ منٹ تک پکائیں۔ شیرا بننے سے پہلے بھنی ہوئی سوجی اور بیسن ڈال دیں، پھر سے بھونیں، جب دونوں چیزیں یک جان ہوجائیں تو کشمش ڈال دیں۔ آخر میں دودھ ڈال کر جلدی جلدی چمچ چلاتی رہیں، یہاں تک کہ حلوہ اچھی طرح پھول جائے۔ حلوہ تیار۔ ایک تھالی میں ذرا سی چکنائی لگا کر حلوہ پھیلا کر ڈال دیں۔ پستے بادام سجانے کے لیے اوپر ڈال دیں۔ ٹھنڈا ہوجائے تو ٹکڑے کاٹ لیں۔ آپ حلوہ پکانے کے لیے تیل بھی استعمال کرسکتی ہیں۔

بادامی دہی بڑے

اجزاء:ماش کی دال: ایک پیالی (دھوکر گرم پانی میں بھگو دیں تین سے چار گھنٹے کے لیے)

دھلی مونگ کی دال: آدھی پیالی (دھوکر گرم پانی میں بھگو دیں تین سے چار گھنٹے کے لیے)

لہسن کے جوئے: تین عدد

ادرک :آدھا انچ کا ٹکڑا

پیاز :ایک عدد (چھوٹی ڈلی)

دہی: ایک کلو

دودھ: ایک پیالی

کارن فلور: ایک کھانے کا چمچ

شکر: دو کھانے کے چمچ

ادرک: (باریک کٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ

بادام: آٹھ عدد (باریک کٹے ہوئے)

املی کا گاڑھا رس: ایک پیالی

سونٹھ پسی ہوئی: آدھا کھانے کا چمچ

سفید زیرہ پسا ہوا: اور بھنا ہوا ایک کھانے کا چمچ

نمک :حسب ذائقہ

کالا نمک یا ہنگ: چٹکی بھر

چاٹ مسالہ: آدھا کھانے کا چمچ

میٹھا سوڈا: ایک چائے کا چمچ

تلنے کے لیے تیل: حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے بھیگی ہوئی دالوں کا پانی نکال کر دونوں دالوں کا ملالیں اور لہسن اور پیاز ڈال کر باریک پیس لیں، پھرسوڈا لا کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ ایک پیالے میں دہی، تھوڑا سا نمک، کارن فلور، شکر اور دودھ ملا کر پھینٹ کر رکھ لیں۔ املی کے رس میں سونٹھ، زیرہ اور تھوڑا سا چاٹ مسالہ ملا کر ایک دیگچی میں پکالیں۔ پانچ منٹ بعد آدھی املی کی چٹنی نکال لیں۔ آدھی میں تھوڑی سی چینی ملا دیں۔ کھٹی میٹھی چٹنی تیار کرلیں۔ جب ٹھنڈی ہوجائے تو نمک اور کالا نمک ملا لیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں، ساتھ میں ایک دیگچی میں سادہ گرم پانی نمک ملا کر رکھ لیں اور ایک دیگچی میں دو کھانے کے چمچے دہی اور تھوڑا گرم پانی نمک ملا کر رکھ لیں۔ جب تیل خوب گرم ہوجائے تو دہی بڑے تلنا شروع کر دیں۔ آنچ ہلکی کردیں، اسٹیل کے چمچے سے اوپر نیچے کرتی رہیں تاکہ گٹھلی نہ بنے۔ جب گولڈن براؤن ہوجائیں تو نکال کر پہلے سادے گرم پانی میں ڈال دیں۔ دو منٹ بعد نکال کر دہی والے پانی میں ڈال دیں۔ سارے اسی طریقے سے تل لیں۔ اب ایک پھیلی ڈش جو ذرا کم گہری ہو، اس میں سب سے پہلے تیار کیا ہوا تھوڑا دہی ڈالیں پھر دہی بڑے رکھیں، اوپر سے پھر دہی ڈالیں، کٹے ہوئے بادام اور ادرک ڈال دیں۔ چاٹ مسالہ چھڑک دیں، ساتھ میں کھٹی میٹھی چٹنی رکھیں۔ کارن فلور اور چینی ملانے سے دہی کھٹا نہیں ہوتا۔ آپ کئی دن تک فرج میں رکھ سکتی ہیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں