لذیذ پکوان

ماخوذ

آلو انڈے کا پلاؤ

ضروری اشیاء:

انڈے (ابالیں): تین چار عدد

آلو (چوکور کاٹ لیں): دو عدد

چاول (اُبلے ہوئے): دو کپ

پیاز: ایک عدد (سلائس کاٹ لیں)

لہسن، ادرک پیسٹ: ایک کھانے کا چمچ

تیل: چوتھائی کپ

سیاہ زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

لال مرچیں (کٹی ہوئی): آدھا چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

پودینہ: ایک چوتھائی کپ

ہری مرچیں: چار پانچ عدد

ترکیب:

ایک کڑاہی میں گرم تیل میں انڈے اور آلو فرائی کر کے نکال لیں۔ پیاز فرائی کریں، کالا زیرہ ڈالیں، لہسن، ادرک پیسٹ، نمک اور کٹی ہوئی لال مرچیں ڈال کر مکس کریں اور چاول آلو، انڈے مکس کردیں۔ پودینہ، ہری مرچیں شامل کر دیں، دو منٹ دم دیں اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

اونین پزا

ضروری اشیاء:

پزا کی روٹی: ایک عدد

پزاسوس: ایک کپ

اورگینو: ایک چائے کا چمچ

لال پیاز: دو عدد

چیڈر چیز: ایک کپ (کدوکش کرلیں)

موزریلا چیز: ایک کپ (کدو کش کرلیں)

ترکیب:

پزا کی روٹی کو ایک پزا پین میں رکھیں اس پر پزا سوس لگائیں۔ موزریلا چیز چھڑکیں، اس پر پیاز گول کاٹ کر ڈالیں آخر میں چیڈر چیز چھڑک دیں اور اورگینو ڈال کر گرم اوون میں ۰۸۱ سینٹی گریڈ پر بیس سے پچیس منٹ تک بیک کریں اور مزیدار اونین پزا تیار ہے۔ گرم گرم سرو کریں۔

میتھی بریانی

ضروری اشیاء:

باسمتی چاول (ابلے ہوئے): دو کپ

میتھی کے پتے : ایک کپ (باریک کاٹ لیں)

تیل: دو کھانے کے چمچ

سرخ مرچ (خشک): دو عدد

زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

کاجو: دو کھانے کے چمچ (دو ٹکڑے کرلیں)

ہلدی پاؤڈر: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لہسن پیسٹ: ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ: ایک عدد (باریک کاٹ لیں)

نمک: حسب ذائقہ

ترکیب:

ایک پین میں تیل گرم کریں۔ اس میں زیرہ، سرخ مرچ اور ہری مرچ ڈال کر تلیں۔ اس کے بعد لہسن پیسٹ ڈال کر تلیں۔

اب کاجو ڈال کر تلیں۔ آخر میں میتھی کے پتے ڈال کر نمک اور ہلدی پاؤڈر ڈال دیں۔ ڈھکن لگا کر چند منٹ تک پکائیں۔ اب اُبلے ہوئے چاول ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ تھوڑی دیر اورپکائیں۔ رائتہ اورپاپڑ کے ساتھ سرو کریں۔

چھوٹے پائیوں کا مصالحے دار پلاؤ

اشیاء:

بکرے کے پائے: آٹھ عدد

نمک: حسب ذائقہ

کالی مرچ: ۰۱ عدد

سونف: ایک چمچ

چاول: ایک کلو سے ڈیڑھ کلو تک بنا سکتے ہیں

بڑی الائچی: دو عدد

ثابت سفید زیرہ: ایک چمچ

ہلدی: آدھا چمچ

پیاز باریک کٹا: ایک کپ

لہسن، ادرک: چار چمچ

ٹماٹر باریک کٹے ہوئے: چار سے چھ عدد

لال مرچ: ڈیڑھ چمچ

تیل: آدھا کپ

ثابت گرم مصالحہ: دو چمچ

ترکیب:

پائے پر تھوڑا سا آٹا چھڑک کر تقریباً آدھا گھنٹہ رکھیں۔ اچھی طرح دھوکر خوب ٹھنڈے پانی میں ڈال دیں۔ تقریباً ۱۰منٹ بعد نکال لیں۔ اب ایک دیگچی میں پائے، نمک، کالی مرچ، سونف، لونگ، بڑی الائچی، لہسن، ادرک ڈال کر اتنا پکائیں کہ پائے گل جائیں اور تقریبا ایک لیٹر پانی بچ جائے پانی تقریبا تین لیٹر ڈالنا ہے، جب ایک لیٹر پانی رہ جائے تو پائیوں کو دم پر رکھ دیں تاکہ اچھی طرح گل جائیں پھر آپ پائیوں کو جتنا ہلکی آنچ پر پکائیں گے اچھا ہوگا جب گل جائیں تو ان کو چھنی میں ڈال کر چھان لیں۔ پائے الگ اور ان کا پانی یا یخنی لے کر الگ کرلیں۔

اب گھی گرم کریں اور پیاز ڈال کر براؤن کرلیں اس میں ثابت گرم مصالحہ ڈال دیں پھر تھوڑا سا پانی ڈالیں تاکہ پیاز جل نہ جائے۔ اس کے بعد پائے، ٹماٹر، ہلدی، لال مرچ، نمک ڈال کر اچھی طرح بھونیں، اس میں ایک لیٹر پائیوں کا چھنا ہوا پانی اور پون لیٹر پانی اور ڈال کر ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب ابل جائے تو چاولوں کو اس میں ڈال دیں۔ جب ایک کنی چاولوں کی رہ جائے تو ان کو دم پر رکھ دیں۔ ۱۰ سے ۲۰ منٹ تک چاولوں کو دم پر رہنے دیں۔ اس کے بعد سرونگ ڈش میں نکال کر رائتے، سلاد اور چٹنی کے ساتھ گرم گرم پیش کریں، یقین جانیے جو کھائے گا واہ واہ کرے گا۔

چٹ پٹی مرچ مصالحے والی حلیم

اشیاء:

بڑا گوشت (بغیر ہڈی): ایک کلو

چنے کی دال (ابال کر گھوٹ لیں): ایک کپ

گیہوں (ابال کر گھوٹ لیں): ایک کپ

پسا ہوا گرم مصالحہ: ایک چمچ

نمک: ایک چمچ

لال مرچ: ۲ چمچ

ہلدی: چوتھائی چمچ

پسا دھنیا: ایک چمچ

دہی: ایک کپ

براؤن پیاز: ایک کپ

لہسن پسا ہوا: ایک چمچ

ادرک پسی ہوئی: ایک چمچ

کوکنگ آئل: ایک کپ

پانی: حسب ضرورت

سبز مرچ: چار سے پانچ عدد

نوٹ:

چنے کی دال کو ایک گھنٹہ بھگو کر اس میں ایک چمچ نمک، آدھا چمچ لہسن اور ادرک اور دو کپ پانی ڈال کر ابال لیں اور گھوٹ لیں، گیہوں کو چھ سے آٹھ گھنٹے بھگو کر تین کپ کو آدھا چمچ نمک ڈال کر ابال لیں اور گھوٹ لیں۔

ترکیب:

تیل گرم کریں اس میں گوشت ڈال کر بھونیں کہ پانی خشک ہوجائے اب اس میں نمک ہلدی، لال مرچ، دھنیا، لہسن، ادرک ڈال کر بھون لیں اور اس میں اتنا پانی ڈال دیں کہ گوشت گل جائے اور پانی خشک ہوجائے اگر پریشر ککر میں ڈال کر گلا لیں اور یہ زیادہ بہتر ہے۔ جب گوشت گل جائے پانی خشک ہوجائے تو ایک کپ، دہی اور براؤن پیاز، ڈال دیں اور اچھی طرح بھوننے کہ بعد گوشت کو اچھی طرح گھوٹ لیں تاکہ گوشت کی بوٹیوں کی تاریں نکل آئیں یا ریزہ ریزہ کرلیں اب اس میں گھٹی ہوئی دال گیہوں شامل کردیں۔ ضرورت کے مطابق پانی ڈال دیں اور پانچ سے دس منٹ تک پکائیں اور پھر دیگچی کو چولھے سے اتار دیں۔ دوسری طرف فرائی پین میں گھی ڈال کر پیاز ڈال کر براؤن کر کے حلیم پر اس کا تڑکا لگائیں اور اوپر ہری مرچیں باریک کاٹ کر ڈال دیں اور گرم مصالحہ پسا ہوا ڈال دیں اور لیموں نچوڑ کر گرم گرم حلیم نان روٹی اور سبز ابلے چاولوں کے ساتھ پیش کرسکتے ہیں آپ اپنی مرضی کے سلاد ضرور ساتھ رکھیں۔ یہ حلیم کھانے کے بعد اپنی انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے بہت مزے دار بنتی ہے۔

تندوری تکے

اشیاء:

گوشت کے پارچے: ڈیڑھ کلو

پیاز: دو عدد

لہسن، ادرک: ڈیڑھ ڈیڑھ چمچ

دہی: ایک کپ

گھی: ایک کپ

پپیتا خام: ایک سے ڈیڑھ چمچ

زیرہ سفید: ایک چمچ

تل سفید: ایک چمچ

بھنے چنے: ڈیڑھ چمچ

مرچ سرخ: ایک سے ڈیڑھ چمچ

نمک: حسب ذائقہ

ترکیب:

پیاز کے لچھے کاٹ کر تھوڑے سے گھی میں تل کر نکال لیں۔ اسی طرح زیرہ، چنے اور خشخاش کو بھی تل لیں اب انہیں پیاز کے ساتھ باریک پیس لیں۔ دہی میں پپیتا پیس کر ملائیے پھر پیاز والے مصالحے اور نمک، ادرک، لہسن پیس کر شامل کر دیجیے۔ آمیزے کو اچھی طرح مکس کر کے گوشت کی بوٹیاں اس میں اچھی طرح لت پت کر دیجئے یعنی بوٹی کا کوئی حصہ نہ رہے۔ ساری طرف مصالحہ اچھی طرح لگ جائے۔ گوشت پر مصالحہ لگانے کے بعد تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں تین گھنٹے بعد اس کو تھال، ٹرے یا اوون کے سانچے میں رکھ کر اوپر سے ڈھک کر بھٹی، تنوری یا اوون میں رکھ کر دس سے پندرہ منٹ بعد کھول لیجیے، سرخ ہوجائے تو نکال لیں اور پسند کی چٹنی یا اچار کے ساتھ گرم گرم نوش فرمائیں۔

نرگسی کباب

اشیاء:

قیمہ: آدھا کلو

انڈے: چار سے چھ عدد اگر قیمہ بچ جائے تو انڈے اور ابال سکتے ہیں۔

کوکنگ آئل: ایک پیالی

ادرک، لہسن: دو چمچ

گرم مصالحہ: ایک چمچ

سفید زیرہ: ایک چمچ

ثابت دھنیا: ایک چمچ

کالی مرچ: دو چمچ یا حسب ذائقہ

نمک: ایک چمچ

ترکیب:

قیمے میں سارے مصالحے ڈال کر اچھی طرح ابال لیں، جب قیمہ ابل جائے تو اس کو اچھی طرح باریک باریک پیس لیں۔ پھر چھ عدد انڈے سخت ابال لیں اور ایک انڈے کو پھینٹ کر پاس رکھ لیں۔ قیمے کو گول درمیانے سائز کی روٹی کی طرح بنالیں اور اس کے درمیان انڈا رکھ کر اچھی طرح انڈے کو قیمے سے کور کرنا ہے تاکہ انڈانظر نہ آئے بالکل چھپ جائے اور ہلکا سا انڈا ہاتھ سے لگا کر قیمے کو ہلکا ہلکا دبائیں تاکہ قیمہ اچھی طرح آپس میں جڑ جائے اور پھر گھی گرم کرلیں اور ایک ایک نرگسی کباب ڈال کر تل لیں، جب ساری طرف سے گولڈن ہوجائے تو اتار لیں اور تیز چھری سے کاٹ کر چائے کے ساتھ پیش کریں بڑا مزا آئے گا۔

تلی ہوئی چانپ

اشیاء:

بکرے کے گوشت کی چانپ: ڈیڑھ کلو

ادرک: ڈیڑھ چمچ

خشک دھنیا پسا ہوا: ایک چمچ

ہری مرچیں: چار عدد

پیاز: دو عدد چھوٹے یا درمیانے

ہلدی: آدھی چمچ

نمک، سرخ مرچیں: حسب ذائقہ

انڈے: تین عدد

لہسن: ایک چمچ

ہر ا دھنیا: چند پتیاں

گھی: ایک کپ

پودینہ: ایک چمچ باریک کٹا ہوا

پسا ہوا گرم مصالحہ: ایک چمچ

زیرہ پسا ہوا: ایک چمچ (زیرہ توے پر بھون کرپیس لیں)

ترکیب:

پیاز، ادرک، لہسن، ہرا دھنیا، ہری مرچیں، پودینہ، ہلدی، نمک اور سرخ مرچیں ان سب مصالحوں کو پیس لیں پھر ایک برتن میں چانپ کی بوٹیاں ڈال کر تمام پسا ہوا مصالحہ اس میں ڈالیں اور چولھے پر رکھ کر ایک کپ پانی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر گلنے دیں۔ دوسری طرف تین انڈوں کو اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اس میں زیرہ، گرم مصالحہ پسا ہوا، خشک دھنیا اور نمک ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ جب چانپ گل جائیں اور سارا پانی خشک ہوجائے اور مصالحہ چانپ میں اچھی طرح جذب ہوجائے تو ان چانپوں کو الگ برتن میں نکال لیں اور جو آمیزہ انڈوں والا بنایا ہے، اس میں ڈبو کر ایک چانپ گرم گھی میں ڈال کر تل لیں سرخ ہونے پر نکال لیں۔ ہر طرح کی چٹنی کیچپ، رائتہ ہر چیز کے ساتھ مزے سے کھائیں۔

شامی مصالحے دار کباب

اشیاء:

گوشت: آدھا کلو

چنے کی دال: آدھا کلو

سبز مرچ: دو سے تین عدد

ٹماٹر: دو عدد

پیاز: درمیانے سائز کا ایک عدد

نمک: ڈیڑھ چمچ

سرخ مرچ: ایک چمچ

چائنیز نمک: ایک چمچ

گرم مصالحہ: ایک چمچ

ہلدی: آدھی چمچ

سوکھا دھنیا: ایک چمچ

لہسن، ادرک: دو چمچ

انڈے: تین عدد

گھی تلنے کے لیے: حسب ضرورت

ترکیب: پریشر ککر میں گوشت دھوکر ڈال دیں ساتھ ہی دو گھنٹے پہلے بھگوئی ہوئی دال بھی ڈال دیں۔ نمک، سرخ مرچ، گرم مصالحہ، چائنیز نمک، ہلدی، سوکھا دھنیا، پیاز، ادرک، لہسن، ٹماٹر ڈال دیں اور تین پیالے پانی کے ڈال کر ککر لگا دیں۔ پندرہ سے بیس منٹ تک یہ سارا مصالحہ تیا رہوجائے گا۔ کبابوں میں قیمہ نہیں گوشت کی بڑی بوٹیاں ڈالنی ہیں۔ اس مصالحے کا سارا پانی خشک ہوجائے اور گوشت اور دال جب اچھی طرح گل جائیں تو اس سارے مصالحے کو کوٹ لیں اور کوٹتے وقت سبز مرچ ڈال کر کوٹیں جب یہ مصالحہ کوٹ لیں تو پھر اس کو تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں تاکہ ذرا ٹھنڈا ہوجائے پھر اس کی گول گول درمیانے سائز کی ٹکیہ بنالیں۔ یہ آپ بنا کر فریج میں بھی رکھ سکتے ہیں۔ جب ٹکیاں بن جائیں تو ایک انڈے کو اچھی طرح پھینٹ کر رکھ لیں اور اس میں ڈبو ڈبو کر تلتے جائیں، جب دونوں طرف سے گولڈن ہوجائیں تو اتار لیں۔ اتنے مزے کے شامی کباب شاید آپ نے کم ہی کھائے ہوں۔ چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔ یہ چائے کے ساتھ پلاؤ کے ساتھ آپ کھاسکتے ہیں۔ بہت مزا آئے گا۔ lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں