لذیذ پکوان

(ترتیب و پیشکش: زینب حسین غزالی)

لبنانی تندوری مچھلی

اجزاء:

رہو، سرمئی: سوا سے ڈیڑھ کلو کا پورا ٹکڑا

سرخ ثابت مرچ: آٹھ عدد

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

ہری مرچ: پسی ہوئی چھ عدد

نمک: دو بڑے چمچ

لہسن پسا ہوا: دو چائے کے چمچ

پسا ہوا دھنیا: آدھا چائے کا چمچ

ادرک پسا ہوا: ایک چائے کا چمچ

لیموں : دو عدد

ترکیب:

مچھلی کے ٹکڑے کو صاف کرکے اور نمک لگا کر ایک پیالے یا پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر فریج میں تقریباً چھ گھنٹے کے لیے رکھ دیں پھر سرکے اور پانی سے دھو لیں۔

گرائنڈر میں لہسن، ثابت سرخ مرچ، پسا دھنیا، پسی ہلدی ، ادرک، ہری مرچ اور لیموں کا عرق ملا کر پیس لیں اورمچھلی پر اچھی طرح مل دیں اور چار گھنٹے کے لئے رکھ دیں پھر فوائل میں لپیٹ کر تقریباًپندرہ منٹ کے لئے پہلے سے گرم اوون میں رکھیں یا تندور میں پکائیں۔ 15منٹ کے بعد کھول کر دیکھیں اگر مچھلی گل گئی ہو تو ٹھیک ہے ورنہ مزید تھوڑی دیر تندور میں رکھیں۔ آلو بخارے کی چٹنی کے ساتھ سرو کر یں۔

تندوری بیف

اجزاء:

بیف سٹیک: چار عدد بڑے قتلے

آم کی چٹنی: تین چوتھائی کپ

لہسن: ایک جوا (کچل لیں)

لیموں: چار عدد

دہی: تین چوتھائی کپ

تندوری مصالحہ: ایک چوتھائی کپ

تندوری مصالحہ کے لئے

نمک: ایک کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ: ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)

لال مرچ: تین کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)

اورنج ریڈ کلر: آدھا چائے کا چمچ

دھنیا: تین کھانے کے چمچ (بھنا اور پسا ہوا)

سونف: دو کھانے کے چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)

سفید زیرہ: دو کھانے کے چمچ (ثابت اور بھنا ہوا)

ترکیب:ایک برتن میں بیف اور تندوری مصالحہ مکس کرلیں۔ تمام مصالحہ بیف پر لگادیں۔ پھر ڈھک کر کم ازکم تین گھنٹے یاایک رات کے لئے رکھ دیں۔ بیف کو گرم تیل لگی باربی کیو گرل پر براؤن ہونے تک پکائیں۔ اسی طرح لیموں کے ٹکڑوں کو براؤن کریں۔ لذیذ تندوری بیف تیار ہے۔ اس کو گرلڈ لیموں ،آم کی چٹنی اور رائتے کے ساتھ سرو کریں۔

فش کباب

اجزاء:

مچھلی : ڈیڑھ کلو گرام (حسب پسند)

ٹماٹر: ایک عدد (باریک کٹا ہوا)

پیاز: (باریک کتری ہوئی) ایک عدد

انڈے : دو عدد

جائفل: ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)

ہرا دھنیا: تین کھانے کے چمچ (کترا ہوا)

نمک مرچ: حسب ذائقہ

ڈبل روٹی: چار سلائس

کوکنگ آئل: فرائی کرنے کے لیے

ترکیب: کھال اور کانٹوں کے بغیر مچھلی کو دھوکر پانی میں دس سے پندرہ منٹ تک ابال لیں۔ اچھی طرح نتھار کر مچھلی میں ٹماٹر اور پیاز شامل کردیں۔ ڈبل روٹی کے سلائس پانی میں بھگو دیں اور نرم ہونے پر مچھلی میں انڈون، جائفل اور ہرا دھنیا سمیت اچھی طرح ملا دیں جب کہ نمک اور مرچ چھڑک کر ملانے کے بعد اس آمیزے کے کباب تیار کرلیں۔ تیل گرم کر کے توے یا فرائنگ پین میں ان کبابوں کو سنہری ہونے تک تلیں اور ٹھنڈے یا گرم پیش کریں، سلاد بھی ہو تو لطف دو بالا ہوجائے گی۔

مسالے دار کیلے

اجزا:

کچے کیلے : دو عدد

کڑی پتا: چند پتیاں

رائی: آدھا چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر: پاؤ چائے کا چمچ

ہینگ: ایک چٹکی

سرخ مرچ : (پاؤڈر) پون چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

پانی: دو کھانے کے چمچ

کوکنگ آئل: پانچ کھانے کے چمچ

ترکیب:

کیلوں کو دھوکر چھیلیں اور آدھے انچ کے ٹکڑوں میں گولائی میں کاٹ لیں۔ ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے رائی کڑکڑا لیں اور پھر ہینگ، نمک اور ہلدی بھی شامل کردیں۔ اب اس میں کیلے ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھکن بند کر کے گلنے تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ سرخ مرچ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھانپے بغیر تین سے چار منٹ تک مزید پکائیں مگر آنچ تیز نہ ہو۔ کڑی پتہ ڈال کر پانی بھی چھڑک دیں اور اچھی طرح ملا کر پانی خشک ہونے تک ڈھانپ کر پکائیں۔ ڈھکن ہٹا کر دو سے تین منٹ تک بھونیں تاکہ کیلے سنہری رنگ کے ہو جائیں جو کہ باہر سے کرارے اور اندر سے نرم ہوں۔

ملائی کوفتہ

اجزاء:

پنیر : (کدو کش کرلیں) ۱۰۰ گرام

آلو: (ابلا ہوا) ایک عدد

کشمش: دس گرام

کاجو: دس گرام

بادام: دس گرام

کریم: ۲۰۰ گرام

مکھن: دو سو گرام

دہی: دو سو گرام

پیاز: (کچل کر) پانچ سو گرام

ٹماٹر: پانچ سو گرام

ادرک: (پسی ہوئی) ۵۰ گرام

لہسن: (پسا ہوا) ۵۰ گرام

ہلدی پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچ

سرخ مرچ پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچ

سفید زیرہ: ایک کھانے کا چمچ

الائچی: (بڑی اور چھوٹی ) پانچ عدد

دار چینی: چھوٹا ٹکڑا

لونگ، ہری مرچ، کڑی پتہ: چار چار عدد

کونگ آئل: تلنے کے لیے

ترکیب :

بادام او رکاجو کا چورا کر کے ایک طرف رکھ لیں۔ آلو کو کدوکش کر کے اس میں نمک اور پنیر شامل کریں اور اس کے کوفتے بنالیں۔ کشمش، بادام اور کاجو کو باہم ملائیں، او رایک چائے کا چمچ مقدار میں ہر کوفتے کے اندر بھردیں اور پھر انہیں گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ شوربہ تیار کرنے کے لیے کسی کھلے منہ کے برتن میں تین چائے کے چمچ تیل گرم کریں اور اس میں کڑی پتہ، چھوٹی اور بڑی الائچی، دار چینی اور لونگ شامل کرلیں۔ سنہرا ہونے پر پیاز ڈال کر اسے بھی گولڈن براؤن کرلیں۔ اب ادرک، لہسن کا پیسٹ، مرچ دھنیا، سفید زیرہ، ہلدی، دہی اور ٹماٹر ڈال کر تیس منٹ تک پکائیں تاکہ ٹماٹر گل جائیں۔ ٹھنڈا کر کے اسے گرائنڈ کریں اور گاڑھا شوربہ بنا کر اسے چھان لیں اور پھر دس منٹ تک پکائیں اور کوفتے، کریم اور مکھن کی آمیزش کے بعد ہلکی آنچ پر تھوڑی دیر تک رکھ کر باریک کترا ہوا دھنیا، ادرک اور ہری مرچیں چھڑک کر پیش کریں۔

میٹ کری بینگن کے ساتھ

اجزاء:

بکرے کا گوشت: ۶۰۰ گرام (چھوٹے ٹکڑوں میں)

نمک: حسب ذائقہ

کالی مرچ: حسب ضرورت

ٹماٹر کا پیسٹ: تین کھانے کے چمچ

خشک لیموں کا پاؤڈر: تین کھانے کے چمچ

گرم پانی: تین کپ

بینگن: سات عدد (چھوٹے سائز میں)

پودینہ: (کترا ہوا) آدھا کپ

کوکنگ آئل: ۱۰۰ گرام

ترکیب

تھوڑا سا تیل گرم کر کے اس میں پیاز سنہری کرلیں اور پھر گوشت ڈال کر اچھی طرح فرائی کریں اور تین کپ پانی ڈال کر اس میں حسب ذائقہ نمک اور کالی مرچ شامل کرلیں۔ ہلکی آنچ پر گوشت گل جانے تک اچھی طرح پکائیں۔ ٹماٹر کا پیسٹ اور خشک لیموں کا پاؤڈر اچھی طرح حل کرلیں اور دھیان رکھیں کہ گوشت میں ایک کپ پانی رہ جائے، اگر کم ہو تو مزید شامل کرلیں۔ شوربہ گاڑھا ہونے پر پودینہ ڈال دیں اور چولھے سے اتار لیں۔ بینگن کے چھلکے اتار کر لمبائی میں کاٹ لیں اور دونوں اطراف نمک چھڑک کر انہیں سنہری ہونے تک تل لیں اور پھر یہ ٹکڑے گوشت کے اوپر رکھ دیں۔ انہیں سالن میں اچھی طرح ملانے سے پرہیز کریں۔ برتن کو اچھی طرح بند کرکے دس منٹ تک ہلکی آنچ پر رکھیں اور پھر گرم گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں