لذیذ پکوان

ترتیب و پیش کش: زینت جعفری

میتھی چکن

اجزاء:

چکن: آدھا کلو(بغیر ہڈی کے)

دہی: ایک کپ

تیل: آدھا کپ

پیاز: آدھا کپ (کترلیں)

ادرک : ایک چائے کا چمچ (پیسٹ)

لہسن: ایک چائے کا چمچ (پیسٹ)

لال مرچ: ایک چائے کا چمچ (پاؤڈر)

ہری مرچیں: چار پانچ عدد

ہلدی: ایک چوتھائی چمچ

ٹماٹر: ایک عدد (کچل لیں)

میتھی کی پتیاں: آدھا گڈی (کترلیں)

ثابت مصالحہ: ایک کھانے کا چمچ

تیز پتہ: ایک عدد

کریم: آدھا کپ

جائفل؍ جاوتری : ایک چوتھائی چائے کا چمچ (پاؤڈر)

ترکیب:٭ دہی کو پھینٹ کر اس میں چکن مکس کریں، ادرک، لہسن اور ایک طرف رکھ دیں۔ تیل کو گرم کرکے اس میں ڈالیں ثابت مصالحہ، تیز پتہ اور ایک منٹ کے لیے بھون کر اس میں پیاز شامل کریں اور اسے گولڈن براؤن کرنے کے بعد اس میں شامل کریں، ہری مرچیں، چکن مکسچر، لال مرچیں، دھنیا، ٹماٹر اورہلدی اور دھیمی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ مصالحہ تیل چھوڑ دے۔ اب اس میں چوتھائی کپ پانی ڈال کر چند منٹ پکائیں۔ پھر اس پین میں کریم ڈال کر آمیزے کے ساتھ اچھی طرح مکس کریں۔

٭ اب شامل کریں، میتھی کی پتیاں اور جائفل؍جاوتری، پاؤڈر اور چند ٹکڑے کاٹج پیر کے۔ پین کو فوائل سے ڈھانپ کر پہلے سے گرم کیے اوون(ایک سو اسّی ڈگری) میں تقریبا ۱۰ منٹ کے لیے دم پر پکائیں، بہترین دم پخت میتھی چکن تیار ہے۔

آب گوشت (پٹھانی ڈش)

گوشت: ایک کلو (بکرے؍ دنبے کا)

پیاز: ایک پاؤ (چھوٹی)

ادرک : ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)

نمک: حسب ضرورت

کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

تیل: دو کھانے کے چمچ

خالص گھی: ایک کھانے کا چمچ (مکھن بھی لے سکتے ہیں)۔

ثابت گرم مصالحہ (چھوٹی کالی مرچ، دو چھوٹی الائچی، دو بڑی الائچی، ایک دار چینی کا ٹکڑا)

افغانی نان: ایک عدد

ترکیب: جس دیگچی میں پکانا ہو وہ تھوڑی بڑی ہو۔ تیل گرم کریں، آدھا پاؤ پیاز ثابت رکھیں۔ باقی آدھا پاؤ کے سلائس کاٹ لیں۔ تیل گرم ہوتو اس میں گوشت ڈالیں اور صرف گوشت بھونیں۔ پانچ منٹ تک بھونیں پھر ادرک،لہسن، سلائس پیاز اور ثابت گرم مصالحہ شامل کریں اور دھیمی آنچ پر ڈھکن دے کر تھوڑی دیر تک پکنے کیلیے رکھ دیں۔ جب پیاز نرم ہوجائے اور گوشت کا پانی سوکھ چکا ہو تو چار گلاس پانی ڈالیں، ساتھ ہی نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ بھی ڈالیں اور بالکل ہلکی آنچ پر پینتالیس منٹ تک پکنے کیلیے رکھ دیں۔ اگر دیکھیں کہ پانی سوکھ رہا ہے تو گرم پانی تقریباً ایک گلاس مزید ملالیں مگر گوشت اچھی طرح گل چکا ہو۔

٭جب گوشت بالکل تیا رہوجائے تو روغنی نان کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کریں اور سرو کرتے وقت وہ روٹی کے ٹکڑے اس میں شامل کریں۔ ایک لیموں کا رس بھی ڈالیں۔ ہرا دھنیا اور ہری مرچ کے ساتھ نوش فرمائیں۔ نہایت مزید آب گوشت تیار ہے۔

چکن نوابی

چکن: 750 گرام

سرخ مرچ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ

نمک: ایک چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ

پیاز: دو عدد (لچھے دار کٹی ہوئی)

دہی: ایک کپ

کوکنگ آئل: ایک کپ

گرم مصالحہ : ایک چائے کا چمچہ (پاؤڈر)

ضروری اشیا: نمبر۲

ثابت سفید زیرہ: ایک چائے کا چمچ

سبز الائچی: تین عدد

ناریل: ایک کھانے کا چمچہ

بادام: آٹھ عدد

چار مغز کے بیج یا سفید تل: ایک چائے کا چمچہ

(ان سب کو توے پر بھون کر باریک پیس لیں)

ترکیب: دیگچی میں تیل گرم کریں لچھے دار پیاز کاٹ کر براؤن کرلیں۔ لہسن ادرک پیسٹ، سرخ مرچ پاؤڈر، نمک، پیاز اور دہی کا پیسٹ بالیں اور دیگچی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر بھون لیں۔ پانی خشک ہونے کے بعد چکن ڈال لیں اور آدھے کپ سے ایک کپ پانی ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ مرغی بھوننے کے بعد بھنا ہوا مصالحہ ڈال کر ایک کپ پانی ڈالیں اور پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ پیش کرتے وقت ایک دو چائے کا چمچہ گرم مصالحہ پاؤڈر ڈالیں۔ اگر خوشبو پسند ہے تو ایک یا دو قطرے کیوڑہ ایسنس ڈالیں اور گرم گرم پیش کریں۔

گوشت کے لذیذ سموسے

اجزاء:

گوشت: ایک پاؤ

نمک، سیاہ مرچ: ایک کھانے کا چمچ

مشروم: دو چھٹانک

انڈے: تین عدد (ابلے ہوئے)

باسمتی چاول: تین چھٹانک

پیاز: دو عدد (چھوٹی)

لیموں: ایک عدد

میدہ: آدھا کلو

دودھ: ایک پاؤ

گھی: ایک کپ

مکھن: ایک ٹکیہ (درمیانی)

ترکیب:گوشت کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں کاٹ کر ابال لیں تاکہ نرم ہوجائیں اور باقی یخنی رکھ لیں۔ پیاز اور مشروم باریک کاٹ لیں۔ پھر ابلے ہوئے انڈے کچل لیں۔ لیموں کا رس نکال کر چھلکا باریک کاٹ لیں۔ میدے میں گھی، دودھ اور حسب ضرورت پانی ڈال کر گوندھ لیں اور چوکور بیل کر رکھ لیں۔ اب بقایا یخنی میں جو کہ پون پیالی ہو نمک، مرچ، سرکہ، چاول اور پیاز ڈال کر پکائیں یہاں تک کہ چاول نرم ہوجائیں۔ مکھن میں مشروم پکالیں پھر اس میں انڈے کا آمیزہ ملا دیں۔ میدے کی روٹی کے چاروں اطراف کناروں پر پانی لگائیں۔ روٹی کے چاروں کونے مرکز میں اکٹھے کریں، تاکہ ایک نفیس مربہ بن جائے۔ اس سموسے کے جوڑ چٹکیوں سے دبائیں اور باقی بچا ہوا مکھن سموسے کے اوپر لگادیں۔ اس کو اوون میں کم از کم آدھا گھنٹہ بیک کریں اور رنگ برنگی سلاد کے ساتھ پیش کریں۔ گوشت کے انتہائی لذیذ سموسے ہیں۔

مکئی کی کھچڑی

اجزاء:

ادرک: دو عدد (ایک انچ ٹکڑے)

ہری مرچیں: چار تا پانچ عدد

ہلدی : آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

مکئی کے دانے: ایک کپ

لیموں کا رس: دو کھانے کے چمچ

چاول: آدھا کپ

ہرے دھنیے کے پتے: دو کھانے کے چمچ

گھی: تین کھانے کے چمچ

زیرہ: ایک چائے کا چمچ

ہینگ: ایک چٹکی

نمک: حسب زائقہ

پانی: ایک تہائی کپ (چاول پکانے کے لیے)

ترکیب: ادرک چھیل کر باریک کاٹ لیں۔ ہری مرچیں دھوکر کاٹ لیں ار الگ رکھ لیں۔ ہرے دھنیے کو دھوکر کاٹ لیں۔ چاول کو دھوکر آدھے گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ مکئی کے دانوں کو پانی میں لیموں کے رس کے ساتھ ابالیں۔ یہاں تک کہ گل جائیں پانی نکال کر الگ رکھ لیں۔

٭ ایک دیگچی میں گھی گرم کرلیں، زیرہ ڈالیں، ایک دفعہ اس کا رنگ تبدیل ہونا شروع ہوجائے۔ ہینگ ڈالدیں اور پھر ادرک،ہری مرچیں اور ہلدی ڈال دیں۔ اچھی طرح ملائیں اور دو تا تین منٹ پکائیں۔

٭ پکے ہوئے مکئی کے دانے اور پانی ملائیں اور ابال لیں۔ چاول اور نمک ڈالیں، ملائیں اور نرم آنچ پر پکائیں ہاں تک کہ چاول پک جائیں اور کھچڑی یک جان ہوجائے۔

٭ کٹے ہوئے دھنیے کے پتوں سے سجائیں دہی اور اپنی پسند کے اچار کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

نوٹ: کھچڑی کا یکجان ہونا ذاتی پسند پر منحصر ہے۔ اگر آپ زیادہ نرم نہیں چاہتے تو پانی کچھ کم ڈالیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں