کھٹے آلو
اجزاء:
چھوٹے آلو ایک کلو گرام، زیرہ بھون کر پسا ہوا، سفید زیرہ آدھا ٹیبل اسپون، لال مرچ کٹی ہوئی، ایک ٹیبل اسپول، رائی پسی ہوئی، ایک ٹیبل اسپون، ہلدی ایک ٹی اسپون، نمک حسب ذائقہ، املی کا گاڑھا رس آدھی پیالی، کڑی پتے چند عدد، لیموں دو عدد، پودینہ باریک کٹا ہوا آدھی گڈی، ہری مرچ باریک کٹی دو عدد، چینی یا گڑ ایک ٹی اسپون، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب:
آلو دھوکر ایک دیگچی میں ابال لیں۔ اب ان کے چھلکے اتار لیں۔ ایک کڑاہی میں تیل گرم کر کے اس میں آلو ڈال کر گولڈن براؤن تل لیں۔ پھر تیل ٹھنڈا کر کے دوبارہ ڈبے میں ڈال دیں۔ جب سرو کرنا ہو تو تلے ہوئے آلو کڑاہی میں تیل کے بغیر ڈالیں۔ اس کے بعد باقی سارے مسالے شامل کر کے ہلکا سا فرائی کریں اور لیموں کا رس ڈال دیں۔ آخر میں اوپر سے پودینہ ڈالیں۔ مزے دار کھٹے آلو تیار ہیں۔
بیف روسٹ
اجزاء:
بڑا گوشت ثابت ٹکڑا دو کلو، سفید سرکہ چار ٹیبل اسپون، ادرک پسی ہوئی د وٹیبل اسپون، لہسن پسا ہوا ایک ٹیبل اسپون، کالی مرچ آدھا ٹیبل اسپون، لیموں چھ عدد، دہی حسب ذائقہ، سویا ساس ۳؍ ٹیبل اسپون، سفید زیرہ ایک ٹی اسپون، تیل چار ٹیبل اسپون۔
ترکیب:
سب سے پہلے گوشت کو دھوئیں اس پر ہاتھ سے سارا مسالہ اچھی طرح لگا کر کانٹے کی مدد سے گود لیں تاکہ مسالہ اندر تک چلا جائے۔ اس کے بعد دو تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ ایک بڑی دیگچی میں مسالہ لگا ہوا گوشت ڈال دیں۔ اس میں اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت ڈوب جائے۔ پھر ڈھکن سے ڈھانک کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب پانی سوکھنے لگے تو تیل ڈال کر دم پر رکھ دیں جتنی ہلکی آنچ پر پکائیں گے اتنا مزیدار ہوگا۔ گرم گرم نان، املی کی چٹنی اور سلاد کے ساتھ سرو کریں۔ مزیدار بیف روسٹ تیار ہے۔
کڑاہی پسندے
اجزاء:
بڑے گوشت کے پسندے آدھا کلو، دہی ایک کپ، گھی آدھا کپ، خشک دھنیا ۲ ٹیبل اسپون، ادرک کا پیسٹ ایک ٹیبل اسپون، انجیر ۱۰ عدد (پسی ہوئی) ، نمک حسب ذائقہ، پیاز دو عدد، سیاہ مرچ ۱۰ عدد، لونگ ۱۰؍ عدد، بڑی الائچی ایک عدد، چھوٹی الائچی دو عدد۔
ترکیب:
پسندوں پر پسی ہوئی انجیر اور نمک لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ تمام مسالوں (سیاہ مرچ، لونگ، بڑی الائچی، چھوٹی الائچی) کو پیس لیں۔ پسا ہوا مسالہ دہی میں ملائیں اور اسے پسندوں پر لگا دیں۔ پھر ایک گھنٹے تک مزید پڑا رہنے دیں۔ اس کے بعد انہیں گھی میں اس وقت تک تلیں جب تک تیار نہ ہوجائیں۔ تیار ہونے کے بعد سرو کریں۔
ویجیٹیبل کٹ لیٹ
اجزاء:
آلو دو عد بڑے سائز کے، سبزیاں تین کپ، لال مرچ پسی ہوئی ایک ٹی اسپون، ثابت دھنیا ایک ٹی اسپون، زیرہ پاؤڈر ایک ٹی اسپون، سونف ایک ٹی اسپون، امچور آدھا ٹی اسپون، گرم مسالا پاؤڈر آدھا ٹی اسپون، ہری مرچ باریک کٹی ہوئی دو عدد، ہرا دھنیا ایک ٹی اسپون، کاجو باریک کٹے ہوئے ایک ٹی اسپون، انڈے کی زردی ایک عدد، انڈا پھینٹا ہوا ایک عدد، بریڈ کرمبز ایک کپ، نمک حسب ذائقہ، گھی/ مکھن ایک ٹیبل اسپون، تیل حسب ضرورت، ڈیپ فرائی کے لیے۔
ترکیب:
مٹر، گاجر، چقندر، بند گوبھی کو اُبال کر باریک کاٹ لیں۔ آلو ابال کر میش کرلیں۔ پھر ثابت دھنیا بھون کر پیس لیں۔ سب سے پہلے گھی گرم کریں اور اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور باریک کٹی ہوئی ہری مرچ شامل کرلیں۔ تقریباً ایک منٹ تک فرائی، کریں، پھر اس میں کاجو اور تمام پاؤڈر مسالے شامل کردیں۔ اس کے بعد کٹا ہوا ہرا دھنیا ملا کر آدھا منٹ تک فرائی کرلیں۔ اس کے بعد خشک اور ابلی ہوئی تمام سبزیاں بھی اس میں شامل کرلیں اور اس وقت تک فرائی کریں جب تک اس کا پانی خشک نہ ہو جائے۔ اب اس میں میش کیے ہوئے آلو اور نمک شامل کردیں۔ برتن کو چولہے سے اتار لیں اور اس میں ایک انڈے کی سفیدی ملالیں، تاکہ تمام چیزیں یکجا ہوجائیں۔ پھر تھوڑی تھوڑی مقدار لے کر اس کے کباب کی شکل دے کر پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈپ کر کے بریڈ کرمبز میں رول کرنے کے بعد فرائی کر لیں۔ مزے دار ویجیٹیبل کٹ لیٹ تیار ہیں گرم گرم پیش کریں۔
جھٹ پٹ چکن مصالحہ
اجزاء:
چکن ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، لہسن آٹھ سے دس جوئے، ادرک ایک سے دو انچ کا ٹکڑا۔ پیاز (موٹی کٹی ہوئی) دو عدد درمیانی۔ دہی (پھینٹا ہوا) ایک پیالی۔ ثابت لال مرچیں دس سے بارہ عدد۔ سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ۔ کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ۔ ثابت گرم مصالحہ ایک کھانے کا چمچ۔ کوکنگ آئل آدھی پیالی۔
سجانے کے لیے:
ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) حسب پسند۔ لیموں کی قاشیں حسب ضرورت۔
ترکیب:چکن کو نمک، کالی مرچ اور دہی لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
پیاز، ادرک لہسن، زیرہ اور لال مرچوں کو ملا کر موٹا موٹا پیس لیں۔ دیگچی میں کوکنگ آئل کو دو سے تین منٹ کے لیے درمیانی آنچ پر ہلکا گرم کرکے ثابت گرم مصالحہ ڈالیں۔ جب کڑکڑانے لگے تو پیس کر رکھا ہوا مصالحہ ڈال کر چار سے پانچ منٹ تک بھونیں۔
٭ چکن ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ تیل علیحدہ سے نظر آنے لگے۔
٭ ہرا دھنیا چھڑک کر تین سے چار منٹ ہلکی آنچ پر پکاکر چولھے سے اتار لیں۔
پریزنٹیشن: ہرا دھنیا اور لیموں کی قاشوں سے سچا کر پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔
ٹپ:خوشبواور ذائقے میں اضافے کے لیے مصالحوں کو پیسنے سے پہلے ہلکا سا بھون لیں۔
چکن کارن سوپ
اجزاء:مرغ کی یخنی چار سے چھ پیالی۔ چکن (ریشہ کی ہوئی) ایک پیالی۔ نمک حسب ذائقہ۔ لہسن پسا ہوا آدھا چائے کا چمچ۔ سفید مرچ ایک چائے کا چمچ۔ چینی ایک چائے کا چمچ۔ چائنیز نمک ایک چائے کا چمچ۔ مکئی کے دانے آدھی پیالی۔ سرکہ دو کھانے کے چمچ۔ انڈے دو عدد۔ سویا ساس دو کھانے کے چمچ۔ کارن فلار دو سے تین کھانے کے چمچ۔ کوکنگ آئل دو کھانے کے چمچ۔
سوپ کے لوازمات:
سرکہ حسب ضرورت۔ ہری مرچ (کٹی ہوئی) حسب ضرورت۔ سویا ساس حسب ضرورت۔ چلی ساس حسب ضرورت۔ ہری پیاز (باریک کٹی ہوئی) حسب ضرورت۔
ترکیب:یخنی بنانے کے لیے دیگچی میں آدھا کلو مرغی کی ہڈیوں کو آٹھ سے دس پیالی پانی کے ساتھ اتنی دیر اُبالیں کہ تقریباً چار پیالی یخنی رہ جائے۔ یخنی کو ہیک سے محفوظ رکھنے کے لیے اس میں اُبال آنے کے بعد ایک چھوٹی چھلی ہوئی ثابت پیاز اور دو چار ثابت کالی مرچیں شامل کردیں۔
ایک علیحدہ دیگچی میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ تک ہلکا گرم کر کے اس میںلہسن ڈال کر ایک منٹ فرائی کریں۔ چکن ڈال کر اس کا اپنا پانی خشک ہونے تک فرائی کریں۔ پھر اس میں یخنی شامل کرلیں۔
مکئی کے دانوں کو ہلکا سا کوٹ لیں اور یخنی میں ڈال دیں۔ کارن فلار کو چار کھانے کے چمچ پانی میں گھول کر آہستہ آہستہ یخنی میں ڈالیں اور مسلسل چمچ چلائیں تاکہ گٹھلیاں نہ بنیں۔
نمک، سفید مرچ، چینی اور چائنیز نمک ڈالیں اور انڈوں کو ہلکا سا پھینٹ کر شامل کردیں۔ آخر میں سرکہ اور سویا ساس شامل کرلیں۔
پریزنٹیشن:سوپ کو پیالوں میں ڈال کر لوازمات کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
ٹپ:مکئی کے تازہ دانے نہ ملنے کی صورت میں ٹن میں دستیاب سوئیٹ کارن بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
بھرواں مچھلی
اجزاء:
مچھلی دو عدد (ایک سے سوا کلو وزن میں) قیمہ ایک پاؤ۔ لہسن ایک عدد چھوٹا۔ لیموں ایک عدد۔ دھنیا ایک چائے کا چمچ۔ سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ۔ ٹماٹر چار عدد۔ بیسن ۵۰ گرام۔ گرم مسالہ دو چائے کے چمچ۔ سرخ مرچ دو چائے کے چمچ۔ نمک حسب ذائقہ۔ دہی ایک پیالی۔ کوکنگ آئل تین کپ۔
ترکیب: تقریباً آدھا، آدھا کلو کی دو مچھلیاں صاف کر کے ان کے پیٹ چاک کردیں اور نمک،لیموں کا رس اندر تک لگا دیں۔ ایک گھنٹے کے بعد سفید سرکہ اور بیسن لگا کر خوب اچھی طرح دھولیں۔ کسی پتیلے میں پانی ابلنے کے لیے رکھ دیں اور اوپر ململ کا کپڑا باندھ کر مچھلیاں اس پر رکھ کر بھاپ پر گلائیں اور کچھ دیر بعد چاک کیا ہوا حصہ بھی بھاپ کی طرف کردیں تاکہ اندر سے بھی نرم ہوجائے۔ اب آئل گرم کر کے مچھلیوں کو تل لیں اور چمچ کی مدد سے آئل مچھلی کے اندرونی جانب ضرور ڈالیں۔ اب قیمہ دھوکر پتیلی میں پیاز، پسے ہوئے لہسن، ٹماٹر، دھنیا، زیرہ، گرم مسالہ، نمک اور سرخ مرچ کے ساتھ ڈال کر ایک پیالی پانی میں گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب قیمہ گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو بھون کر یہ قیمہ مچھلیوں کے اندر بھردیں اور اوپر سے دھاگہ لپیٹ دیں۔ اب پتیلی میں دہی ڈال کر ایک ایک مچھلی کو احتیاط کے ساتھ ہلکی آنچ پر پکائیں اور دہی کا پانی خشک ہوجائے تو ایک کپ آئل ڈال کر تل لیں اور گہری بادامی ہونے پر اتار لیں اور آہستگی سے دھاگہ اتار کر پلیٹ میں سجا دیں اور سلاد پر ایک چمچ زیتون کا تیل ڈال کر نان کے ساتھ نوش کریں۔
سبزیوں کا سوپ
اجزاء: ٹماٹر دو سو پچاس گرام۔ مرغی کی یخنی چھ کپ۔ گاجر ایک عدد (ماچس کی تلیوں کی طرح کٹی ہوئی) بند گوبھی دو سے تین کپ (باریک کٹی ہوئی)۔ تیل تین کھانے والے چمچ۔ نمک ایک کھانے والا چمچ یا حسب ذائقہ۔ سیاہ مرچ اور اجی نوموتو آدھی آدھی چائے والا چمچ۔ تلوں کا یا عام تیل ایک چائے والی چمچ۔
ترکیب:
ٹماٹروں کا چھلکا گرم پانی میں ڈبونے والے طریقے سے اتار لیں۔ بیج نکال دیں۔ یخنی کو گرم کر کے سبزیاں ڈالیں۔ تیل گرم کر کے ٹماٹر ہلکے فرائی کریں اور سوپ میں ڈال دیں۔ ساتھ ہی نمک، سیاہ مرچ اور اجینوموتو بھی ڈال دیں۔ تین چار منٹ پکانے کے بعد تلوں کا تیل ڈال کر گرم گرم سوپ پیش کریں۔ سوپ کے کپ میں آدھی کٹی ہوئی ہری پیاز بھی ڈال دیں۔