لذیذ پکوان

ترتیب و پیشکش: زینب حسین غزالی

تندوری فش

اجزا :مچھلی (فروزن ) آدھا کلو ،دہی دو کھانے کے چمچے ،انڈے کی زردی ایک عدد ،فریش کریم ایک کھانے کا چمچہ،پسا ہوا پسا ہوا لہسن ادرک دوکھانے کے چمچے ،بھنا ہوا زیرہ پائوڈر آدھا چائے کا چمچہ ،زردہ کا رنگ ایک چٹکی ،میدہ ایک کھانے کا چمچہ ،نمک آدھا چائے کا چمچہ ،سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچہ،پسا ہوا گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچہ ،ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،مکھن دو کھانے کے چمچے ۔

ترکیب :تمام اجزا کواچھی طر ح مکس کرکے مچھلی میں کٹ لگا کر اندراور اوپر لگا دیں اور دوگھنٹے کے لیے رکھ دیں ،اس کے بعد اوون کو 200 ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کریں ،بیکنگ ٹرے میں ہلکی سی چکنائی لگائیں اور پندرہ سے بیس منٹ تک بیک کریں ،اوون سے نکالنے کے بعد اوپر سے مکھن لگا کر پانچ منٹ بیک ہونے کے لیے رکھ دیں ۔چٹ پٹی تندوری فش تیار ہے ،چٹنی اور کیچپ کے ساتھ مزے سے کھائیں ۔

فش ملائی بوٹی

اجز ا:مچھلی کی بوٹیاں آدھا کلو،نمک حسب ِذائقہ، پسا ہوا ادر ک لہسن ایک کھانے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،سفید زیرہ ایک چا ئے کا چمچہ، پسی ہوئی ہری مرچیں ایک چائے کاچمچہ ،ہرا دھنیا دو کھا نے کے چمچے،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے،دہی دو کھانے کے چمچے،فریش کریم چارکھانے کے چمچے، کارن فلار ایک کھانے کا چمچہ،تیل دوکھانے کے چمچے۔

ترکیب : مچھلی کو صاف دھو کر خشک کرکے پیالے میں رکھ لیں ۔اس میں نمک، ادرک لہسن،لال مرچ ،بھنا ہوا کُٹا ہوا زیرہ ،گرم مسالہ ،ہری مرچیں اورچوپ ہرا دھنیا ڈال کر میر ینیٹ کر لیں ۔ پندرہ سے بیس منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں ۔پھر مچھلی پر دہی، کریم ،لیموں کا رس ،کارن فلور اور تیل ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ان بوٹیوں کو سیخوں پر لگا دیں ۔ فرائنگ پین کو ہلکا سا چکنا کرکے ان سیخوں کو درمیانی آنچ پر سینک لیں ۔مزیدار فش ملائی بوٹی تیار ہے ۔

گرلڈ فش

اجزا:مچھلی(درمیانے سائز کی) ایک عدد (سالم)، اوریگا نو دو کھانے کے چمچے، تھائم دو کھانے کے چمچے،لیموں کا رس چار کھانے کے چمچے،نمک حسبِ ذائقہ، پسی ہوئی کالی مرچ حسب ِذائقہ،زیتون کا تیل حسب ضرورت،لیموں (سلائس کرلیں) گارنشنگ کے لیے۔

ترکیب:گرل کو پہلے سے گرم کر لیں۔ مچھلی کودھو کر اچھی طرح خشک کر نے کے بعد اس میں نمک، کالی مرچ اور تھوڑا سا لیموں کا رس لگا دیں۔ تھائم اور یگانو بھی لگا دیں۔ اب مچھلی کے دونوں اطراف تین، تین گہرے کٹس لگائیں۔ اب مچھلی کو گرل پر رکھیں اور اس کے اوپر لیموں کا رس اور زیتون کا تیل ڈالتی جائیں۔ دونوں طرف سے گولڈن براؤن اور خستہ ہو جائے تو اتار لیں۔ اطراف میں لیموں کے سلائسز رکھ دیں اور سرو کریں۔

ہرے مسالے کے چاول

اجزا: چاول (دوپیالی)، لیموں کا رس (دو کھانے کے چمچے)، لہسن کے جوے، بغیر چھلے ہوئے (چھ عدد)، ہری مرچ(دس عدد)، ہرا دھنیا (ایک بڑی گٹھی)، کالی مرچ، کُٹی ہوئی (ایک چائے کا چمچہ)، مکھن (دو کھانے کے چمچے)، تیل (دو کھانے کے چمچے)، نمک (حسبِ ذائقہ)۔

ترکیب: چاول ابال لیں اور پانی نتھار کر دم پر رکھ دیں۔ اب ہرا دھنیا، ہری مرچ اور بغیر چھلے لہسن کو ملا کر اچھی طرح پیس لیں اور نکال کر نمک ملا لیں، پھر ایک کڑاہی میں تیل اور مکھن ڈال کر گرم کریں اور اس میں یہ تیار ہونے والی ہری چٹنی ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ اس کے بعد چاول شامل کرکے جلدی جلدی فرائی کریں اور دم پر کٹی ہوئی کالی مرچ ڈال دیں۔ آخر میں لیموں کا رس ڈال کر گرم نوش کریں۔

دہی کھیرے اور پودینے کا سوپ

اجزا: دہی (ایک پیالی)، سبزیوں کی یخنی (دو پیالی)، ادرک، کدو کش کیا ہوا (آدھا چائے کا چمچا)، کھیرا، کدو کش کیا ہوا (ایک عدد)، بڑا ٹماٹر، باریک کٹا ہوا (ایک عدد)، زیرہ (ایک چائے کا چمچہ)، مرچ کا سفوف (آدھا چائے کا چمچہ)، پودینے کی پتیاں (ایک چوتھائی پیالی)، نمک (حسب ذائقہ) ، کالی مرچ (حسبِ ضرورت)۔

ترکیب: دہی، یخنی، مسالے اور ادرک کو بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔ اس کے بعد دوسرے اجزا بھی شامل کرلیں۔ زیرے کو تل کر سوپ پر چھڑک دیں اور مزے دار دہی، کھیرے کا سوپ نوش کیجیے۔

چکن کریم سوپ

اجزا: مکھن (چار اونس)، چھوٹی پیاز (ایک عدد)، مرغی (ڈیڑھ پاؤ)، مرغی کی یخنی (چھ پیالی)، دودھ یا کریم (ایک پیالی)، کورن فلور (آدھی پیالی)، نمک (آدھا چائے کا چمچہ)، رائی (آدھا چائے کا چمچہ)۔

ترکیب: مرغی کے گوشت کے چھوٹے ٹکڑے کرکے ابال لیں، مگر خیال رہے کہ یہ ذرا سخت رہیں۔ مکھن گرم کرکے اس میں پیاز تل کر سرخ کرکے نکال لیں ، پھر اسی برتن میں کارن فلور ڈالیں۔ اس میں نمک اور رائی ملاکر دھیمی آنچ پر بھونیں اور مرغی کا گوشت ڈال دیں۔ اب مرغی کی یخنی آہستہ آہستہ ڈالیں، تاکہ گٹھلی نہ بنے۔ اس دوران چمچہ چلاتی رہیں اور خوب پکائیں۔ گاڑھا ہوجائے تو ایک پیالی دودھ یا کریم ملا کر پکنے دیں۔ چولہے سے اتار کر تلی ہوئی پیاز ڈال کر پیش کریں۔ اس کے ساتھ سرخ مرچ، سفید زیرے اور سرکے کی چٹنی مزہ دیتی ہے۔

نلی نہاری

اجزا: بکرے کے پائے آدھا کلو ، ادلے (عضلے) کا گوشت آدھا کلو، پسا ہوا گرم مسالا ایک کھانے کا چمچہ، پسی ہوئی سونف دو کھانے کے چمچے، سونٹھ ایک چائے کا چمچہ، کالا نمک حسب ضرورت، آٹا تین سے چار کھانے کے چمچ، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک حسبِ منشا سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب:پائے میں لہسن ادرک کا آمیزہ ملائیں۔ گرم تیل میں پیاز لال کرکے الگ سے لہسن ادرک کا آمیزہ شامل کرلیں۔ اب اس میں پائے بھی ڈال دیں۔ ساتھ ہی ادلے (عضلے) کا گوشت اور نلیاں شامل کرکے بھون لیں۔ پھر اس میں نمک، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، پسا ہوا گرم مسالا، سونف، سونٹھ اور کالا نمک ڈال کر گوشت کو گلائیں۔ گوشت گلنے کے بعد اس میں آٹا گھول کر ڈالیں۔ ہری مرچ، ہرا دھنیا اور لیموں سے سجاکر پیش کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں